‘بنت علیؑ کا غم کروکل کا کوئی پتہ نہیں’ شہرہ آفاق نوحہ خواں سائیں رحمان سفر آخرت پر روانہ ہوگئے ؛ دنیا بھر کے عزادار سوگوار، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی کا اظہار تعزیت
حیدر آباد (ولایت نیوز) ماتمی تنظیم حسینی الفقراء کے سرپرست بزرگ نوحہ خواں بابا سائیں رحمان فقیر دار فانی سے کوچ کرکے دنیا بھر میں پھیلے عزاداروں کو سوگوار کرگئے۔
مجلس حسین ؑکی آہوں اور ماتم کی دلدوز صداؤں میں بابا سائیں رحمان کی نماز جنازہ جمال شاہ کے پڑ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں مذہبی ماتمی تنظیموں بانیاں مجالس کے علاوہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔

اپنی وفات سے کچھ دن پہلے اکثر عزاداریوں میں وہ یہ نوحہ پڑھتے رہے "۔بنت علیؑ کا غم کروکل کا کوئی پتہ نہیں "اور محض چند روز بعد سیدہ زینب کی میراث عزاداری حسین ؑ کی تلقین کرتے کرتے سائیں رحمان غم مظلوم کربلا ؑ کا بے بہا سرمایہ لے کر اپنے مولا سے ملاقات کیلئے روانہ ہوگئے ۔
سوشل میڈیا پر گذشتہ روز سے سائیں رحمان بابا کے پڑھے لازوال کلام لاکھوں کی تعداد میں شیئر ہو چکے ہیں ’داستان شجاعت کا دارین میں ایک مثل کردار عباس ؑ ہے ‘ اس کے علاوہ قبر وحشر کے بارے میں کلام کا یہ جملہ سائیں رحمان کی کامیاب زندگی و آخرت کا عکاس ہے کہ ‘”۔وہ بہت اندھیری جگہ ہے جہاں کوئی یاور نہیں کوئی اپنا نہیں ۔۔تم سے ملنے لحد میں علیؑ آئینگے بولو تنہائی میں اور کیا چاہئیے "


قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے مولا کے منظور نظر نوحہ خواں سائیں رحمان بابا کی وفات پر تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ سائیں رحمان بابا نے مودت اہلبیت ؑ اور غم حسین ؑ کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا ان کی ولائی و عزائی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔انہوں نے پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پسماندگان سائیں رحمان کے ورثے مشن ولا و عزا پر ہمیشہ گامزن رہیں گے ۔
سائیں رحمان کے کلام تا ابد حب داران اہلبیتؑ کے دلوں کو گرماتے رہیں گے اور انہیں مشکلات کے باوجود راہ حسینیت پر ثابت قدمی کیلئے حوصلہ بخشتے رہیں گے ۔
جو کربلا کا ہے طالب سوار ہوجائے ۔۔۔ کہ جارہا ہے سفینہ حسینؑ والوں کا


