وفاقی دارالحکومت میں امن و محبت کی مہکار: امام حسنؑ کی آمد پر آستانہ عالیہ والی ولایت بری امامؒ پر فقید المثال اکٹھ اورافواج پاکستان سے یکجہتی امن ریلی
دہشت گردوں کو ناکام و نامرادکرنے کیلئے راہ امام حسن مجتبیٰ ؑ اختیارکرناہوگی۔ علامہ بشارت امامی
نوشکی، جعفر ایکسپریس سمیت تمام مقامات پر دہشتگردی کے واقعات ازلی بھارت اسکے یاروں کی گھناؤنی سازشوں کا نتیجہ ہے
قیام امن کیلئے نیشنل ایکشن پلان موسوی امن فارمولا کا عکس ہے جس پر عملدرآمدسے ملک کوامن کا گہوارہ بنایاجاسکتاہے
حکومت 19تا21 رمضان شہادت امیر المومنین علی ابن ابیطالب ؑ کے موقع پر عالمی ایام عزاکی مجالس و جلوسوں کیلئے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرے
نواسہ رسول حضرت امام حسن ؑ کی صلح اور تاریخ بشریت و شریعت کی جرات و شجاعت آمیز دلیرانہ نرم روش نے بنی امیہ کی سازش کا پردہ چاک کردیا
شہادت اور ولادت امام حسن مجتبیٰ ؑ ایام سرکاری طورپر منائے جائیں۔ سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے کادرباروالی ولایت بری امام میں امن کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد (ولایت نیوز ) تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کہاہے کہ دہشت گردوں کو ناکام و نامرادکرنے کیلئے جادہ حسنی ؑ پر چلنا ہوگا،بلوچستان نوشکی، جنڈولہ وزیرستان، بولان جعفر ایکسپریس بنوں اور دیگر مقامات پر لاقانونیت ودہشت کے واقعات کو ازلی دشمن بھارت، تشدد پسند عناصر اور مودی و نتن یاہو کے یاروں کی گھناؤنی سازشوں کا نتیجہ ہے، قیام امن کا ایک ہی فارمولا ہے موسوی امن فارمولا جس پر عمل کے بغیر دہشتگردی پر قابو نہیں پایا جاسکتا، اسی موسوی امن فارمولا کوسامنے رکھتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا گیا اس پر ٹھوس اور صحیح عمل درآمدکر ملک کو امن کا گہوارہ بنایاجاسکتاہے، تمام مذہبی وسیاسی جماعتیں ذاتی جماعتی مفادات سے بالا ہوکر ملک کو درپیش مسائل پر ایک ہو جائیں، ازلی دشمن بھارت سمیت پوری دنیا میں وطن عزیز کو غیر مستحکم اور بدامنی، دہشت گرد کارؤائیوں پرجشن منایاجا رہے، خدارا قائد اعظم اور اقبال کے پاکستان کو مزید سانحات سے بچائیں، حکومت 19تا21 رمضان المبارک عالمی ایام عزابسلسلہ شہادت امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے موقع مجالس و جلوسوں کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کرے، عوام خودبھی چوکنارہے ، نواسہ رسول حضرت امام حسن ؑ کی صلح اور تاریخ بشریت و شریعت کی جرات و شجاعت آمیز دلیرانہ نرم روش نے بنی امیہ کی سازش کا پردہ چاک کردیا‘ امام حسن ؑ کے بعد امام حسین ؑ نے بھی اپنے بڑے بھائی کی روش اختیار کی اور اسکی تفسیر و توضیح فرمائی اور اپنے دور کے طاغوت عصر کے چہرے پر پڑے اسلام کے مصنوعی نقاب کو نوچ کر پھینک دیا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آستانہ عالیہ والی ولایت سیدولایت حسین شاہ کاظمی المشہدی دربارعالیہ سرکاربری امام کاظمی المشہدی نواسہ رسول الثقلین ؐ شہزادہ صلح و امن حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی ولادتِ پرنور کے موقع پرتحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے اعلان کردہ عالمی یوم امن کے موقع پر ’امن کانفرنس‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ امامی نے اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ داعی اتحاد بین المسلمین رہبر تشیع قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عصبیت پردازوں کو ہمیشہ کی طرح آیندہ بھی ناکام کریں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ مکتب تشیع میں عزاداری پر پابندی کے مسئلے پر پائی جانے والی بے چینی کا ازالہ کرے، بصورت دیگر ہیڈکوارٹر مکتب تشیع علی مسجد سے سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی قوم کو جو لائحہ عمل دیں گے پوری قوم اس پر لبیک کہے گی اور عزاداری کی راہ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

علامہ بشارت امامی نے کہاکہ امام حسن علیہ السلام مکتب تشیع کے ہاں دوسرے امام اور جانشین رسول جبکہ مکاتب احناف تسنن کے ہاں خلیفہ راشد ہیں، اسی لئے شہادت اور ولادت امام حسن کے موقع پر دیگر خلفائے راشدین کی طرح ان ایام کو بھی سرکاری سطح پر منایا جانا مسلم ہے لیکن حکومت پاکستان، وزارتِ مذہبی امور اور وزارتِ اطلاعات ونشریات اس امر کی پابند ہیں کہ میلاد وسیرتِ نواسہ رسول پر خصوصی اہتمام کریں، کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے، اور سرکاری و غیر سرکاری نشریاتی ادارے اس عنوان سے پروگرام ترتیب دیں اور نجی محافل میلاد کی خصوصی کوریج کی جاے، شومئی قسمت کہ حکمران جہاں اور محاذوں پر عدم بصیرت سے لبریز نظر آتے ہیں ماشائاللہ سے دینی ومذہبی اعتبار سے اسلامیان پاکستان کی امنگوں سے مکمل بے بہرہ ہیں، ہماری دعا ہے کہ اللہ انہیں مشاہیر اسلام سے آخرت میں اسی قدر بے بہرہ رکھے جس قدر وہ زندگی میں ہیں اور معصیت و فواحش کے جتنے دلدادہ ہیں انہیں اور زیادہ فواحشات کی جانب راغب فرماے۔
انہوں نے کہاکہ امام حسن مجتبیٰ کے نوری ورودِ مسعود سے دشمنان محمد مصطفی کو اللہ عزوجل کی جانب سے طعنہ ابتر کا جواب ملا اور خاندان بنی ہاشم اور پیروان اسلام نے جشن منائے اور بارگاہِ رسول میں جوق در جوق حاضر ہوکر مبارک بادیں پیش کیں، جبریل نے عرش سے فرش پر آکر الہی تہنیت پیش کی اور ستر ستر ہزار کے فرشتوں کے جھنڈ خانہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر حاضری دیتے رہے۔









علامہ امامی نے کہاکہ آئیے ہم بھی خاندان عصمت میں آمدِ پُر نور امام حسن پر بارگاہِ مصطفوی میں تبریک پیش کرتے ہوئے دل کی مرادیں اور کثیر خیروبرکت حاصل کریں۔ انہوں نے کشمیر وفلسطین کے مسائل کو حل کرنے کے لیے عالم اسلام اور اقوام متحدہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ قدم گاہ مولاعلی کے سجادہ نشین ڈاکٹرذوالقرنین، انوار کاظم ایڈووکیٹ، ذوالفقار علی راجہ،،انتخاب شیرازی،، راجہ ناصر اور عبداللہ عمر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر دہشت گردوں سے بر سر پیکار اور دفاع وطن کیلئے جانیں نچھاور کرنے والی افواج پاکستان سے یکجہتی کیلئے امن ریلی نکالی گئی اور سانحۃ جعفر ایکسپریس ، بنوں سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے سانحات کی مذمت کی گئی ،