نامِ محمد مصطفیٰؐ ،نامِ علیؑ عالی مُقام!۔۔۔کِتنا بابرکت ہے ، حضرت قائداعظمؒ کا نام

ولایت نیوز شیئر کریں

کِتنا بابرکت ہے ، حضرت قائداعظمؒ کا نام

کلام : شاعر و کالم نگار اثر چوہان (حسینی راجپوت) ۔ بشکریہ روزنامہ نوائے وقت

نامِ محمد مصطفیٰؐ ،نامِ علیؑ عالی مُقام!

کِتنا بابرکت ہے ، حضرت قائداعظمؒ کا نام

…O…

جب مُقّدر کُھل گیا، اِسلامیانِ ہِند کا!

قائدِ ذِی شانؒ اُبھرا، صُورتِ ماہِ تمام!

…O…

اُس کی اِک آواز پر ، ہم جانبِ منزل چلے!

کر گیا محسور سب کو، حُسنِ ذات، حُسنِ کلام!

…O…

ٹوٹ کر، گِرنے لگے، ہر سُو، اندھیروں کے صَنم!

رَزم گاہ میں ، آیا جب، وہ عاشقِ خَیرُ الانامؐ!

…O…

سامراجی مُغ بچےؔ بھی ، اور گاندھیؔ کے سپُوتؔ!

ساتھ میں رُسوا ہوئے، فتویٰ فروشوؔں کے اِمام!

…O…

یہ ترا اِحسان ہے ، کہ آج ہم آزاد ہیں!

اے عظیم اُلشان قائدؒ! تیری عظمت کو سلام!

…O…

اپنے نصب اُلعین کی، تکمیل کرسکتے ہیں ہم!

قُطبی تارے کی طرح ، رَوشن ہے قائدِ ؒکا پیام!

…O…

اِس طرح دِل میں بسائیں، قائداعظمؒ کی یاد!

مُلک میں قائم کریں ، مضبوط جمہوری نظام!

…O…

مشورہ اِک ، ساقی، دَوراؔں کو، دینا ہے اثرؔ!

اِس طرح محفل سجے، کوئی رہے نہ تَشنہ کام!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.