معرکۂ حق نظریۂ اساسی کی فتح اور وطنِ عزیز کی دفاعی تاریخ کا قابلِ رشک زریں باب ہے۔ علامہ آغا سید حسین مقدسی

ولایت نیوز شیئر کریں

بھارتی جارحیت کیخلاف افواجِ پاکستان کی معرکۂ حق میں شاندار فتح کی پہلی سالگرہ پر ٹی این ایف جے کی جانب ملک بھر میں ریلیاں

بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشتگردی کا گھناؤنا حملہ ازلی دشمن کی مذموم کاروائی ہے، زخم خوردہ دشمن سے معرکۂ حق کی شکست کا دکھ برداشت نہیں ہو رہا

حکومت وطن کی سلامتی کیلئے بالغ نظری سے کام لے اور وطن کو بیرونی امداد کے پروردہ کالعدم عناصر سے پاک کرنے کا معرکہ بھی سر کرے

دنیا یاد رکھے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں کی تربیت نادِ علیؑ کی لوریوں اور حسینیتؑ کی للکار میں ہوئی ہے، سربراہ ٹی این ایف جے کا دعائیہ تقریب سے خطاب

راولپنڈی میں معرکۂ حق کی یاد میں مرکزی ریلی کا انعقاد، دفاعِ وطن کیلئے پوری قوم بِلا تفریق اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، علامہ قمر زیدی

ذہن نشین رہے کہ پاکستان کی طرف میلی نظر سے دیکھنے والی آنکھ نکال کر دشمن کی ہتھیلی پر رکھ دی جائیگی۔ سید حسن کاظمی کا ریلی سے خطاب

راولپنڈی ( ) تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ معرکۂ حق نظریۂ اساسی کی فتح اور وطنِ عزیز کی دفاعی تاریخ کا قابلِ رشک زریں باب ہے، صیہونیت و ہنودیت کی یاری عالمِ اسلام ہی نہیں امنِ عالم اور انسانیت کے خلاف گھناؤنا گٹھ جوڑ ہے، معرکۂ حق میں فضائی و بری افواج کی جیت تائیدِ غَیبی اور پاک فوج کی عسکری بالادستی کی نوید ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عساکرِ پاکستان کی عظیم کامیابی کی سالگرہ کے موقع پر جامع مسجد اہلبیتؑ میں دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آغا مقدسی نے بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر خودکش حملہ کی پُروزمت کرتے ہوئے باور کرایا کہ دہشتگردی کا گھناؤنا حملہ ازلی دشمن کی مذموم کاروائی ہے، زخم خوردہ دشمن سے معرکۂ حق کی شکست کا دکھ برداشت نہیں ہو رہا، حکومت اور مقتدر حلقے وطن کی سلامتی کے لیے بالغ نظری سے کام لیں اور وطن کو بیرونی امداد کے پروردہ کالعدم عناصر سے پاک کرنے کا معرکہ بھی سر کریں، عساکرِ پاکستان کی فتح کے ڈنکے عالمی رہنماؤں کے بیانات اور ذرائع ابلاغ میں بج رہے ہیں، مودی کی سینا یہ گھاؤ ہمیشہ یاد رکھی گی، دنیا یاد رکھے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں کی تربیت نادِ علیؑ کی لوریوں اور حسینیتؑ کی للکار میں ہوئی ہے، مادرِ وطن کی مانگ شہادتوں کی گُل رنگ لہو سے بھری ہے، گیتی کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے، ملک کو دہشت گردی، کرپشن اور معاشی بدحالی سے نجات دی جائے، اہلیانِ وطن کی روزمرہ آزمائشوں و مشکلات کا سدِ باب کیا جائے، بھارتی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی معرکۂ حق میں شاندار فتح کی پہلی سالگرہ پر تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ کی جانب سے میں ملک بھر میں اظہارِ یکجہتی کی ریلیوں میں دفاعِ وطن کیلئے پوری قوم بِلا تفریقِ مسلک و مکتب اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، راولپنڈی میں معرکۂ حق کی یاد میں مرکزی ریلی کا انعقاد کیا گیا، قلندرِ دوراں قائدِ ملتِ جعفریہ آقائے موسویؒ اور خانوادۂ موسویؒ کی فقیرانہ دعائیں ہمیشہ پاک فوج کی سِپر ہیں۔ ریلی سے ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ قمر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ شیطانی قوتیں یاد رکھیں کہ وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے پاکستان کا بچہ بچہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم عہد و پیمان کرے کہ وطنِ عزیز کے دفاع، سلامتی و استحکام کیلئے کسی بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائیگا۔ ٹی این ایف جے کے سیکرٹری تعلقاتِ عامہ سید حسن کاظمی نے کہا کہ دس مئی کا دن صرف پاکستان نہیں بلکہ اسلامی اور عالمی تاریخ کا ایک درخشاں اور تابناک باب بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج وطن کے دفاع سے کسی لمحہ بھی غافل نہیں، ذہن نشین رہے کہ پاکستان کی طرف میلی نظرسے دیکھنے والی آنکھ نکال کر دشمن کی ہتھیلی پر رکھ دی جائیگی، 5 درجن کے لگ بھگ مسلم ممالک کے حکمران اگر شیر دل بنتے اور او آئی سی کی تشکیل کے بعد اسکے اعلیٰ مقاصد کیلئے وحدت و یکجہتی کا مظاہرہ کر کے کسی بھی مسلم ریاست کے مسائل کو اپنے مسائل گردانتے تو اپنے حقوق کیلئے صہیونی و استعماری قوتوں سے بھیک نہ مانگنی پڑتی۔ ریلی کے شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد میں دفاعِ وطن کیلئے عساکرِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا، حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ دہشتگردوں اور کالعدم گروپوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت ہرگز نہ برتی جائے، نیشنل ایکشن پلان کے تمام شقوں پر عملدرآمد کیا جائے۔ قرارداد میں اس عہد کا اعادہ کیا گیا کہ دین و وطن کے تحفظ و استحکام اور قومی حقوق کیلئے سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی کے ہر لائحہ عمل پر بھرپور لبیک کہنے دریغ نہیں کریں گے۔ علامہ وقار نقوی نے عالمِ اسلام کے استحکام، مظلومین و محرومین کے مصائب و آلام کے خاتمہ اور وطنِ عزیز پاکستان کے سلامتی و ترقی کیلئے دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.