سوشل میڈیا پر منافرت پھیلانے والے عناصر کی بیخ کنی کی جائے، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں کی کراچی پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس

ولایت نیوز شیئر کریں

نئی آبادیوں اور سوسائٹیوں میں عزاداری پر پابندی قبول نہیں۔ عمار یاسر علوی
وزیراعلی سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عزاداروں کے مسائل کے حل کے محرم کنٹرول روم قائم کیا جائے
مضافاتی علاقوں اور اندرون سندھ کے دیہاتوں میں حالات کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات لائٹنگ صفائی ستھرائی کو بہتر بنایا جائے
کالعدم تنظیموں کو نئی ناموں سے کام کرنے سے روکا جائے سوشل میڈیا پر منافرت پھیلانے والے عناصر کی بیخ کنی کی جائے۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں کی کراچی پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس 14 رکنی ضابطہ عزاداری پیش کر دیا

کراچی (ولایت نیوز ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ عزاداری سیل سندھ کے کنوینئر عمار یاسر علوی نے کہا کہ نئی آبادیوں سوسائٹیوں عزاداری پر پابندی قبول نہیں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس کا نوٹس لیں عزاداروں کی سہولت کے لیے کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے وزیر اعلیٰ ہاوس اور ہوم سے ڈپارٹمنٹ میں عزاداری سیل قائم ہونا چاہے جو 8 ربیع الاول تک چوبیس گھنٹے کام کرے اور ٹی این ایف جے عزاداری سیل سے مربوط رہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں محرم الحرام کے حوالے سے ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر علامہ ثقلین حیدر جمیل مظہر عباس ملک جنید رضا سید بدر علی ترمذی مشتاق حسین شاہ سید زین رضا وجہہ حیدر زیدی اور سید صفدر رضا رضوی بھی موجود تھے ۔

عمار یاسر علوی نے کہا کہ 1448 ہجری کا سورج طلوع ہو چکا اور محرم الحرام کی آمد سے ہی فرزند رسول دلبند علی و بتول امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثاروں کی عظیم قربانی کی یاد تمام مکاتب فکر کے افراد اپنے اپنے رنگ میں منارہے ہیں 61 ہجری روز عاشور کربلا کے صحرا میں دین محمد کی بقا کے لیے شہداءؑ کربلا نے وہ عظیم قربانی پیش کی جس سے اسلام زندہ و جاوید ہو گیا اب روز قیامت تک کوئی یزید وقت حلال محمدؐ کو حرام اور حرام محمدؐ کو حلال قرار دینے کا ارادہ نہیں کرسکتا۔ ہر سال کی طرح امسال بھی عزاداران کی کربلا محسن انسانیت حضرت امام حسین علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عزاداری میں مصروف ہو چکے ہیں افسوس کہ حکومت سندھ کی جانب سے نئی عزاداری اور جلوس ہائے عزا کی برآمدگی پر پابندیاں موجود ہیں حتیٰ کہ اندرون سندھ اور کراچی میں سبیلیں لگانے پر بھی دشواریاں ہیں ہمارا حکومت سندھ سے پرزور مطالبہ ہے کہ نئی آبادیوں نئی سوسائٹیوں میں عزاداری کی راہ رکاوٹیں ختم کی جائیں اور مضافاتی بستیوں میں حالات کے پیش نظر سیکورٹی لائٹس کے بہترین انتظامات کئے جائیں حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کو روکا جائے تاکہ ملک میں مکمل امن قائم ہوسکے۔ محرم الحرام 1448 ہجری کے لیے ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع علی مسجد راولپنڈی سے سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی نے درج ذیل 14 نکاتی ضابطہ عزاداری کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عزاداروں کے مسائل کے فوری حل کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس اور ہوم ڈیپارٹمنٹ میں محرم کنٹرول روم قائم کرکے ان کی تشہیر کریں تا کہ آمدہ مسائل کے فوری حل کو یقینی بنا جاسکے۔ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی النجفی کے فرمان کے مطابق عزاداری سید الشہداءؑ ہمارا قانونی و آئینی حق ہے جس پر کسی قسم کی رخنہ اندازہ ہر گز ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور یہ تاظہور امام جاری و ساری رہے گی۔ ملک بھر میں ماتمی جلوسہائے عزا21 مئی 1985 کے موسوی جونیجو معاہدے کے تحت برآمد ہونگے جن میں کسی قسم کی رخنہ اندازی برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت موسوی جونیجو معاہدے میں ریاست کے ساتھ طے پانے والے فارمولے کے مطابق جلوسہائے عزا کی عزت و حرمت کے ساتھ برآمدگی کو یقینی بنائے۔ عزاداران و بانیان کے مسائل کے حل اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے حکومت وفاقی وزارت داخلہ، پانچو ں صوبوں بشمول آزاد کشمیر میں ضلعی سطح تک محرم کنٹرول رومز تشکیل دے اور انہیں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی محرم کمیٹی عزاداری سیل کے مرکزی و علاقائی کنٹرول رومز سے مربوط بنائے۔ عزاداری ہمارا بنیادی وآئینی حق ہے جس میں کوئی رخنہ اندازی قبول نہیں کی جائے گی، محرم الحرام کو ہوا بنا کر پیش کرنے کی روش ترک کی جائے اور سیکیورٹی کے نام پر عزاداری ِحسینؑ کے پروگراموں کو محدود و مسدود کرنے اور بانیان مجالس و جلوس کو ہراساں کرنے سے اجتناب کیا جائے۔نیز ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے عزاداری پرعائد کی گئی غیر آئینی پابندیوں کے ایس اور پیز کا فی الفور خاتمہ کیا جائے۔ حکومت انسداد دہشتگردی اور امن و امان کے قیام کے لیے نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر بلا رو رعایت عملدرآمد یقینی بنائے۔ شرپسند اور دہشتگرد کا کوئی مذہب و مسلک نہیں ہوتا لہٰذا کالعدم جماعتیں پرانے یا نئے جس نام سے بھی ملقب ہوں یا جس لبادے میں بھی ملبوس ہوں انکی سرگرمیوں پر عملی اور ٹھوس پابندی عائد کی جائے اور ان کے رہنماوں کو شیڈول فورمیں ڈالا جائے جبکہ شیڈول فورمیں پھنسے پرامن و بیگناہ عزاداروں کے نام خارج کئے جائیں۔ بانیان مجالس و جلوس سیکورٹی اداروں سے تعاون کرتے ہوئے خود بھی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ اس ضمن میں مختار فورس اور ابراہیم سکاوٹس (رجسٹرڈ) کے رضاکاروں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ مجالس و جلوس کے انعقاد میں نظم و نسق اور وقت کی پابندی کو ہر قیمت پر ملحوظِ خاطر رکھا جائے اور کوئی ایسا کام نہ کیا جائے جو عزاداری کی روح کے منافی ہو۔ حساس مقامات پر قبل ازوقت حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں اورانہیں فوج کے سپرد کیا جائے۔ نیاز و سبیل بغیر تصدیق کے وصول نہ کیے جائیں اور کسی کو عزاداری کے مقامات پر تلاشی کے بغیر جانے کی اجازت نہ دی جائے۔ انتظامیہ کو بانیان مجالس و جلوس کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں اور کوئی ایسا حکم لاگو نہ کیا جائے جس سے پاکستان کے شہریوں کے آئینی حقوق سلب ہوں، امتیازی سلوک کا نشانہ بنانے کا تاثر پیدا ہو، یاانہیں عباداتِ عزا کی انجام دہی میں دشواری کا سامنا ہو۔ علمائے کرام،خطباء اور ذاکرین و واعظین مثبت انداز میں پیغام ِحسینیتؑ کا ابلاغ کریں اور اتحاد و یکجہتی کے فروغ کو ہر شے پر مقدم رکھیں۔ تمام مکاتب فکر ایک دوسرے کے عقائد و نظریات کا مکمل احترام کریں، اپنے عقیدے کو چھوڑو مت اور دوسرے کے عقیدے کو چھیڑو مت کے اصول پر کاربند رہیں۔ میڈیا اور ذرائع ابلاغ شہدائے کربلا کی قربانیوں کو اجاگر کریں اور ایام عزائے حسینیؑ کے دوران موسیقی، ڈرامے اور طربیہ پروگرام بند رکھے جائیں۔ مجالس و جلوس کے راستوں میں روشنی و صفائی کا انتظام کیا جائے اور دورانِ مجالس و جلوس بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سے اجتناب کیا جائے۔ سیاسی جماعتیں عشرہ محرم کے دوران سیاسی سرگرمیاں معطل رکھیں اور امام ِ عالی مقام حضرت امام حسینؑ کی یاد کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمہ مکاتب فکر شیعہ سنی میں سے کسی کو بھی غیر مسلم قرار دینے کو قابلِ تعزیر جرم قرار دیا جائے۔ حکومت سوشل میڈیا پر منافرت پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھے اور نفرت و اشتعال پھیلانے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔انشاء اللہ صوبے بھر میں عزاداران اس ضابطہ عزاداری پر عملدرآمد کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.