تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا یوم مرکزیت ، علامہ آغا سید حسین مقدسی کی سربراہی پر غیر متزلزل اعتماد کا اعلان
سربراہ ٹی این ایف جے کا قائدملت جعفریہ آقائے موسوی کے نقش قدم کو مشعل راہ بنانے کے عہد کا اعادہ۔
سینیئر نائب صدر باوا فرزند کاظمی، سیکریٹری جنرل علامہ بشارت امامی، علامہ قمرزیدی اور دیگر مندوبین کا گرینڈ ورک شاپ سے خطاب.
راولپنڈی ( ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے اعلان پر یومِ مرکزیت منایا گیا۔ اس موقع پر ہیڈکوارٹرز ٹی این ایف جے علی مسجد راولپنڈی میں گرینڈ ورک شاپ کا انعقاد ہوا جس میں علمائے کرام ، اراکینِ سپریم کونسل، تحریک کے مرکزی عہدیداران، ذیلی شعبہ جات کے سربراہان، صوبائی، ریجنل اور بین الاضلاعی مندوبین نے شرکت کی. مرکزی ترجمان کے مطابق شرکائے اجلاس نے متفقہ طور پر علامہ آغا سید حسین مقدسی کو دستور العمل ٹی این ایف جے کے تحت اگلی آئینی مدت کے لیے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کی سربراہی کے فیصلے کی توثیق کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، اس ضمن میں سیکریٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ راجہ بشارت حسین امامی کی پیش کردہ قرارداد فلک شگاف نعروں کی گونج میں منظور کی گئی۔ اس موقع پر علامہ آغاسید حسین مقدسی نے اپنے خطاب میں مرکزی کابینہ ، سپریم کونسل اور تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بحیثیت خادم اپنی خدمات کے لیے ہر وقت حاضر ہیں اور قائدملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی النجفی اعلیٰ اللہ مقامہٗ کے وضع کردہ رہنمااصولوں کی روشنی میں مشنِ محمد و آل محمد کو جاری رکھیں گے، عقیدہ و وطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ آغا مقدسی نے بات زور دیکر کہی کہ وطن عزیز کی نظریاتی اساس پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی، تحفظِ عزاداری کے لیے پرچم لثارات الحسین سربلند رکھتے ہوئے یزیدیت و آمریت کے سامنے سینہ سپر رہیں گے۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ حکومت ملکی وقار و حرمت کو ترجیح دے اور استعماری و استکباری قوتوں کے سامنے جوہری پاکستان کی حمیت کو یقینی بنائیں۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ مسلم ممالک گریٹر اسرائیل کے سامنے سینہ سپر ہو جائیں تو صیہونیت کے جن کو بوتل میں بند کیا جا سکتا ہے۔ سربراہ تحریک نے کہا کہ مرکزیت و وفاقیت کی مضبوطی سے ملکی مضبوطی وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے پاکیزہ پانچ اصولوں ولائے علی ، عزائے حسین ، حرمت سادات ، احترام مرجعیت اور وابستگی مرکزیت پر قائم ہیں جس کے لیے ہماری جدوجہد امانت و دیانت کیساتھ جاری رہے گی۔ انہوں نے قوم کی جانب سے بھرپور اعتماد پر ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کرتے ہوئے مرکزیت پر توجہات مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مرکز کی سرپرستی اور تمام امور میں عملی تعاون کرنے پر خانوادہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا پوری ملت اور تحریک کی جانب سے بطور خاص شکریہ ادا کیا اور دعاؤں کی التماس کی. مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ قمرزیدی کے مطابق گرینڈ اجتماع نے اس عہد وپیمان کا اعادہ کیا کہ ولایت علی علیہ السلام و عزاداری حسین علیہ السلام کے روحانی و عرفانی قلعہ کو مضبوط کرتے ہوئے اندرونی و بیرونی دشمنان دین و وطن کو اتحاد و اخوت کیساتھ ناکام کرنے کے لیے سنت سجادیہ و زینبیہ کی پیروی جاری رکھی جائے گی۔ قرارداد میں یہ عہد کیا گیا کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اسوہ پر عمل کرتے ہوئے سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی کے دست و بازو بنکر مشنِ مقدس کی ترویج جاری رکھیں گے۔ قرارداد میں شہدائے قوم وملت بالخصوص ارضِ وطن کو دہشتگردی کے ناسور سے پاک کرنے کے جہاد میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدائے وطن کو سلام عقیدت پیش کیا گیا اور انکی بلندی درجات کی دعائیں کرتے ہوئے ارباب اقتدار پر زور دیا گیا کہ وہ دہشتگردی کے ناسور سے چھٹکارا پانے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر کی ہر شق پر عمل کر کے فتنہ بازوں کو ناکام کردیں تاکہ پاکستان امن کا گہوارہ بن سکے۔ گرینڈ اجتماع نے قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا کہ بلوچستان و خیبرپختونخوا میں استعماری ازلی دشمن کے فتنوں کے خاتمے کا فول پروف روڈ میپ تشکیل دیکر پارلیمان کو اعتماد میں لیا جائے، حکمران معاشی و دفاعی مضبوطی کو یقینی بنائیں اور اغیار و استعمار کی جنگوں سے فاصلہ رکھا جائے۔ قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ صیہونیت کے مذموم عزائم کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن جائیں اور عرب و عجم اور مکاتب و مسالک کی تفریق کے بتوں کو پاش پاش کیا جائے۔ مسلم امہ سے مطالبہ کیا گیا کہ ایک کے بعد ایک مسلم ملک پر جارحیت و قبضے کے بعد اب صیہونی و طاغوتی سرغنہ سرزمین حجاز پر نظریں جمائے بیٹھا ہے جسے ناکام کرنے کے لیے جرات حیدر کرار کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔ گرینڈ ورکشاپ کے شرکاء نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ مرکزیت و وفاقیت کو مضبوط کیا جائے اور جمہوری نظام کے ثمرات عوام تک منتقل کیے جائیں۔ گرینڈ ورکشاپ کے اختتام پر میں پاکیزہ مشنِ محمد و آل محمد کو جاری رکھنے کے عہد کا اعادہ کیا گیا۔ ورکشاپ کے آخر میں تحریک کے عہدیداران اور مرکزی شعبہ جات کی جانب سے مرکزیت کے نئے سفر کے آغاز پر آغا سید حسین مقدسی کو یاثارات الحسین لبیک یاحسین جب تک سورج چاند رہے گا موسوی تیرا نام رہے گا کے پرزور نعروں کی گونج میں تہنیتی گلدستے پیش کیے گئے، اس موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔ یومِ مرکزیت کی گرینڈ ورکشاپ میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سینئیر نائب صدر باوا فرزند علی شاہ کاظمی ، سیکریٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ بشارت حسین امامی، مرکزی ترجمان علامہ قمر زیدی ، اسپیکر بوعلی مہدی ، ڈائریکٹر والعصر نیوز قاسم الحسینی، سیکریٹری تعلقات عامہ حسن کاظمی، مرکزی سیکریٹری رفاہ عامہ سید طفیل سبزواری، ناظم الامور فیڈرل کیپٹل علامہ فخر عابدی ، صدر علامہ رفاقت نقوی ، سیکریٹری قانون علامہ انوار کاظم ایڈووکیٹ، صدر راولپنڈی ریجن علامہ شبیہہ الحسن کاظمی ، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عون عباس کاظمی، سرپرست اعلیٰ مختار فورس سردار عبادت حسین شاہ ، صوبائی صدر پنجاب علامہ باقر نقوی ، چیئرمین مختار فورس چوہدری مشتاق حسین، سپریم کمانڈر علی اجود نقوی ، مرکزی صدر مختار آرگنائزیشن ثمر الحسن نقوی، سینیئر نائب صدر مختار ایس او جروان محمد کاظم ، چیئرمین ابراہیم سکاؤٹس پروفیسر غلام عباس حیدری ، مرکزی آفس سیکریٹری ایم ایچ جعفری، علامہ حافظ کرار حسین، علامہ اسد عباس بخاری، ضلعی نائب صدر ٹی این ایف جے راولپنڈی شان علی جعفری، ٹی این ایف جے سندھ کے سینئیر نائب صدر ملک مظہر عباس جعفری، نمائندہ کے پی ذوالنورین جمیل، ٹی این ایف جے علاقہ بنگش کوہاٹ کے نمائندے عبدالوہاب بنگش ، نائب صدر ضلع راولپنڈی سید زین بخاری، جنرل سیکریٹری ذاکر مطیع الحسنین کاظمی اور دیگر مقررین نےبھی خطاب کیے۔
