آیت اللہ شیخ حسین وحید خراسانی کی رحلت پر آیۃ اللہ سیستانی کا تعزیتی پیغام
نجف اشرف (ولایت نیوز) آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) نے عالمِ ربانی اور جلیل القدر مرجعِ دینی آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی (رضوان اللہ علیہ) کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی ہے۔
تعزیتی بیان کے متن کا ترجمہ درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
إنا لله وإنا إليه راجعون
نہایت رنج و افسوس کے ساتھ مجھے عالمِ ربانی، جلیل القدر مرجعِ دینی اور حوزۂ علمیہ قم کے عظیم استاد آیت اللہ الحاج شیخ حسین وحید خراسانی (رضوان اللہ علیہ) کے انتقال کی خبر موصول ہوئی۔
امامت اور اہلِ بیتِ عصمت و طہارت (علیہم السلام) کی ولایت کے دفاع میں اس عظیم المرتبت شخصیت کا مقام و مرتبہ سب پر عیاں ہے۔ اسی طرح تعلیم و تربیت، وعظ و نصیحت اور ارشاد و رہنمائی کے میدان میں ان کی بے نظیر خدمات بھی ہمیشہ اہلِ علم و ایمان کے اذہان میں تازہ رہیں گی۔
اللہ تعالیٰ علم اور اہلِ علم کے لیے ان کی خدمات کا انہیں بہترین اجر عطا فرمائے، جنت میں ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں اپنے اولیاء، حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وآلہ) اور ان کی پاکیزہ آل کے ساتھ محشور فرمائے۔
اس عظیم سانحے پر میں اپنے مولا و آقا، ولیِ عصر (ارواحنا فداه)، حوزاتِ علمیہ، مرحوم کے پسماندگان، عقیدت مندوں، بالخصوص ان کے معزز فرزندان اور تمام اہلِ ایمان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں۔ بارگاہِ الٰہی میں دعاگو ہوں کہ وہ اس بہت بڑے نقصان اور جانکاہ مصیبت کا بہترین نعم البدل عطا فرمائے اور اس سانحے سے متاثر تمام افراد کو صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل سے نوازے۔
ولا حول ولا قوة إلا بالله العلي العظيم.
٦ / جمادى الآخرة / ١٤٤٨ هـ
علي الحسيني السيستاني
