محبتِ اہلبیتؑ اجرِ رسالتؐ ہے، اعلیٰ دینی اقدار کے فروغ کیلئے عملی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ آغا سید حسین مقدسی
10 ربیع الثانی ’یومِ عسکریؑ‘ 12 ’یومِ عزا‘ اور 13،14ربیع الثانی ایامِ لِثارات الحسینؑ منائے جائیں گے۔ سربراہ ٹی این ایف جے کا اعلان
راولپنڈی ( ولایت نیوز) سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی نے قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی النجفیؒ کے قائم کردہ فرزندِ رسولؐ امام حسن عسکریؑ کی ولادتِ پُرنور کی مناسبت سے 10 ربیع الثانی ’یومِ عسکریؑ‘ بی بی معصومۂ قم فاطمہؑ بنتِ امام موسیٰ کاظمؑ کی شہادت کے موقع پر 12 ربیع الثانی کو ’یومِ عزا‘ اور 13-14 ربیع الثانی کو تاریخ کی سب سے بڑی توہینِ رسالتؐ کے خلاف قیامِ مختارِ آلِؑ محمدؐ کی یادگار کو ‘ایامِ لِثارات الحسینؑ‘ کے طور پر منانے کا اعلان کِیا ہے۔ ہیڈکوارٹرز مکتبِ تشیُع علیؑ مسجد سے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ کے مطابق علامہ آغا مقدسی نے باور کرایا کہ محبتِ اہلبیتؑ اجرِ رسالتؐ ہے، مصائب و آلام میں مبتلا امتِ مسلمہ کو تعلیماتِ نبویؐ کی پیروی کرنی ہو گی۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ حکمران، سیاستدان اپنے ذاتی و جماعتی مفادات کے خول سے باہر نکل کر قومی و ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے پاکستان کیخلاف ہر اندرونی و بیرونی سازش کو ناکام بنا دیں۔ آغا مقدسی نے اس عہد کا اظہار کِیا کہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ کے اہدافِ ولاء و عزاء، دینی حقوق کے حصول اور قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے نقوش کو اپنے لئے مشعلِ راہ بناتے ہوئے قربانی کے ہر مرحلے میں ہر اول دستے میں شامل ہوں گے۔ علامہ مقدسی نے تمام اسلامیانِ پاکستان سے اپیل کی کہ عالمگیر یومِ عسکریؑ، یومِ عزا اور ایامِ ثاراۃ الحسینؑ کے موقع پر محافلِ میلاد، تہنیتی پروگراموں، مجالسِ عزا، ماتمی جلوسوں، سیمیناروں اور کانفرنسوں کا انعقاد کر کے فلسطین و کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلومین سے اظہارِ ہمدردی، ظلم و بربریت، دہشتگردی سے نفرت و بیزاری اور عساکرِ پاکستان کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار، وطنِ عزیز کے استحکام و ترقی، عالمِ اسلام کی سربلندی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں. دریں اثناء ان ایام کو منظم و مرتب کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی جس کا مرکزی کنوینیئر سینیئر نائب صدر ٹی این ایف جے باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی اور سیکرٹری سید ابو ذیشان نقوی کو نامزد کیا گیا۔
