تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی وفد کی آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی نمازِ جنازہ میں شرکت
قم المقدسہ (ولایت نیوز)قم: تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی وفد نے نائب صدر باوا سید فرزند علی کاظمی کی قیادت میں عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانیؒ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
وفد میں باوا سید فرزند علی کاظمی، سید ابوطالب کاظمی، سید محمد مهدی نقوی، سید جی ایم شاہ ایڈووکیٹ، علامہ سید حسین کاظمی، علامہ راجہ مظفر عباس، سید ساجد کاظمی، سید یاور عباس اور نجف علی جعفری سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

اس موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی وفد کے ہمراہ ہزاروں کی تعداد میں محبانِ اہل بیتؑ نے شرکت کرتے ہوئے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے لیے بلندیِ درجات کی دعا کی۔ سید فرزند علی شاہ نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت سے عالمِ تشیع ایک جلیل القدر عالم، فقیہ اور مرجعِ تقلید سے محروم ہوگیا ہے۔ ان کی علمی، دینی اور تبلیغی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی نمازِ جنازہ بروز جمعرات حرمِ مطہر امام علی رضاؑ، مشہد مقدس میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین بھی حرمِ مطہر کے احاطے میں عمل میں لائی جائے گی۔

گذشتہ روز تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے وفد نے باوا سید فرزند علی شاہ اور علامہ راجہ مظفر حسین کی قیادت میں آیت اللہ وحید خراسانی کی رہائش گاہ پر جا کر بھی خانوادہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا تھا اور انہیں شیعیان پاکستان کے زعیم سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی اور پاکستانی عوام کی جانب سے تعزیتی پیغام پہنچایا تھا ۔
