یوم آزادی کے موقع پرملک بھر میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اور ذیلی تنظیموں کی ریلیاں ، تقریبات

ولایت نیوز شیئر کریں

راولپنڈی (ولایت نیوز ) قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق پاکستان کا73واں یوم آزادی یوم نعمت کے طور پرمنانے کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اور ذذیلی شعبہ جات کی جانب سے ملک بھر میں کانفرنسوں اور ریلیوں اور کا انعقاد کیا گیا۔

راولپنڈی میں ”تحفظ اساس پاکستان“ بائیک و کارریلی کا آغاز مرکزی دفتر بی بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن سے ہواجسکی قیادتچیئرمین مختارایس او محمد عباس کاظمی ،علامہ زاہد عباس کاظمی،آغا سید علی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ،،محمد علی بنگش،علی اجود نقوی، ثمر الحسن نقوی۔،شوکت جعفری،بوعلی مہدی،شفقت علی ترابی،ضلعی صدرزین ہمدانی،سید وصی شا ہ زیدی،امجد علی بنگش اور دیگر عہدیداران کررہے تھے۔

موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر مشتمل ریلی کے شرکاء نے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی تصاویر‘ مختلف بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان زندہ باد‘قائد اعظم و علامہ اقبال کے فرامین کے علاوہ پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے،پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الاللہ اور دیگر نعرے درج تھے۔

ریلی نے براستہ چاندنی چوک مری روڈ سے گزر کر لیاقت باغ پریس کلب کے سامنے جلسے کی شکل اختیار کرلی جہاں مختار ایس او کے چیئرمین سید محمد عباس کاظمی نے شر کا ئے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے باورکرایا کہ یوم آزادی یوم وفاداری ہے،قوم نے ہر محاذ پر مذہب کو سیڑھی بنانیوالوں کو مسترد کرکے نظریہ اساسی پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان بلاشبہ ایک زندہ معجزہ ہے جو نظریاتی مملکت ہے۔ وطن عزیز کا قیام خاص اہداف کے تحت عمل میں لایا گیا تھا۔ علامہ اقبالؒ نے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور قائد اعظمؒ محمد علی جناح نے انہیں ایک پرچم تلے جمع کر کے کتاب ارضی پر پاکستان کے نام سے ایک سنہری صفحہ رقم کیا تاکہ مسلمان اپنی تہذیب و ثقافت کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔

اس موقع پر مختار ایس او کے مرکزی صدر محمد علی بنگش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم اپنا یوم آزادی ایسے موقع پر منا رہی ہے جب ہر سو ظلم و بربریت،جبرواستبداد نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پرمعرضِ وجود میں آنے والا وطن عزیز پاکستان دہشت گردی کے علاوہ بھارتی جارحیت کا شکار ہے جسکا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم عساکر پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے۔

انہوں نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ اس وقت عالمی کفر سپر طاقت ہونے کے زعم میں آگ اور خون کا کھیل کھیل رہا ہے،فلسطین و کشمیر تاہنوز پابند سلاسل ہیں،استعماری سرغنہ اسرائیل کی مکمل پشت پناہی کررہا ہے،پاکستان کو محض عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت اور ناقابل تسخیر قلعہ ہونے کی سزا دی جا رہی ہے جو مظلوم مسلمانوں کے تحفظ کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ فرامین محمد ؐو آل محمدؐ کی روشنی میں بانی پاکستان کے اصولوں کی تاسی کرتے ہوئے عدل و انصاف کے قیام اور ظلم و بربریت کے انہدام کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے تو دنیائے جبر و استبداد اورکوئی ابلیسی قوت پاکستان کا بال تک بیکا نہیں کر سکتی۔

شرکائے ریلی نے پرجوش نعروں کی گونج میں دل وجان کیساتھ وطن کی پاسداری و پاسبانی کرنے کا عہد کیا۔بعدازاں ریلی کے شرکا پاکستان زندہ باد،بھارت و اسرائیل مردہ باد،درس کربلا کا ہے خوف بس خدا کا ہے،سنی شیعہ بھائی بھائی اور دیگر نعرے لگاتے ہوئے پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.