تاج المناظرین کی یاد تازہ، شاہد بلتستانی نے سماں باندھ دیا ؛مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا جشن غدیر و مباہلہ
ظلم و بربریت کے خاتمے کیلئے اسوہ حضرت علی المرتضیٰ ؑ نمونہ کامل ہے۔حامد موسوی
دشمن ہماری نظریاتی بنیاد کو غلط ثابت کرکے علیحدہ وطن کے قیام کو غلطی ثابت کرنا چاہتا ہے،ایٹمی پاکستان نے ازلی دشمن کی نیندیں حرام کررکھی ہیں
دوقومی نظریہ ہماری بقا و استحکام کی ضمانت ہے،اسکی حفاظت ہماری نئی نسل کی ذمہ داری ہے جس قوم سے نظریہ چھین لیا جائے وہ بے روح ہو جاتی ہے
عید غدیر اعلان ولایت علی ؑ کی یادگارہے۔قائد ملت جعفریہ کا عالمگیر ہفتہ ولایت کی مناسبت سے مختار سٹوڈنٹس کے جشن غدیر و مباہلہ کیلئے پیغام
ٹی این ایف جے نے پنجاب اسمبلی کا متنازعہ بل مسترد کرکے قوم کی ترجمانی کی، ارکان اسمبلی اللہ اور قائد اعظم ؒو اقبالؒ کی روح سے معافی مانگیں۔ محمد علی بنگش
ازلی دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے پاک فوج کا نعرہ حیدری بحالی کیا جائے، مختار سٹوڈنٹس آقای موسوی کاقوت بازو ہیں، ہر قربانی دینگے۔ جلسے کی قرارداد یں
راولپنڈی ( ولایت نیوز) سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علما بورڈ قائد تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ ظلم و بربریت کے خاتمے کیلئے اسوہ حضرت علی المرتضٰی علیہ السلام نمونہ کامل ہے،دشمن ہماری نظریاتی بنیاد کو غلط ثابت کرکے علیحدہ وطن کے قیام کو غلطی ثابت کرنا چاہتا ہے،ایٹمی پاکستان نے ازلی دشمن کی نیندیں حرام کررکھی ہیں، دوقومی نظریہ ہماری بقا و استحکام کی ضمانت ہے،اسکی حفاظت ہماری نئی نسل کی ذمہ داری ہے جس قوم سے نظریہ چھین لیا جائے وہ بے روح ہو جاتی ہے، پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پون لاکھ جانیں نذرانہ کیں،کالعدم گروپوں کو گود میں بٹھا کر شہدائے عساکر پاکستان کی قربانیاں ضائع نہ کی جائیں، عید غدیر اعلان ولایت علی ؑ کی یادگارہے جب دین مکمل اور نعمتیں تمام ہوئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمگیر ہفتہ ولایت کی مناسبت سے مختار سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام سالانہ جشن غدیر و مباہلہ کے جلسے کے شرکاء کے نام اپنے پیغام میں کیا ہے جو ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے پیش کیا۔
آقای موسوی نے اپنے پیغام میں باور کرایا کہ مسلم امہ کے مصائب و آلام، دشمنوں کے حصار کا اصل سبب دامن اسلام سے دوری ہے،اگر مسلم حکمران بندہ بنتے، استعماری و صہیونی قوتوں کی بجائے ذات پروردگار پر بھروسہ کرتے تو شیطانی قوتوں کو مسلم ممالک میں مداخلت اور اپنے نظریات ان پر مسلط کرنے کی جرات نہ ہوتی، یہود وہنود کاگٹھ جوڑمسلمانوں کیلئے خطرہ عظیم، پاکستان کا اسلام کا قلعہ وایٹمی قوت ہونا اور سی پیک استعمار کی موت ہے۔
قدیمی امام بارگاہ (حسینی محاذ) میں منعقدہ جلسے کی صدارت تنظیم کے مرکزی صدر محمد علی بنگش نے کی جبکہ چئیرمین سید محمد عباس کاظمی مہمان خصوصی تھے۔ ٹی این ایف جے پنجاب کے صدر علامہ سید حسین مقدسی، علامہ اظہار عباس حیدری، ذاکر عباس رضا جھنڈوی اور ذاکر غلام فرید نے خطاب کیا جبکہ معروف منقبت خواں شاہد بلتستانی نے قصیدہ خوانی کی۔مقررین نے اپنے خطاب میں باور کرایا کہ عید غدیر اعلان ولایت علی ؑ کی یادگار ہے جب دین مکمل اور نعمتیں تمام ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ولایت علی ؑ ہمارے عقیدے کی جان اور وطن سے محبت ہمارا جزو ایمان ہے، ہم سب کچھ قربانی کر سکتے ہیں مگر عقیدہ و وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے۔
علامہ حسسین مقدسی نے قرآن و حدیث کی روشنی میں غدیر ومباہلہ اہمیت اجاگر کی تو علامہ قمر زیدی کے گرجدار خطاب کے دوران حسینی محاذ ایجی ٹیشن کا منظر نظر آرہا تھا نامور خطیب اظہر حیدری کے خطاب کے دوران جلسہ متواتر نعروں سے گونجتا رہا اور تاج المناظرین علامہ تاج الدین حیدری کی یاد تازہ ہوگئی شاہد بلتستانی کے قصائد اور منقبتوں نے جلسے میں مودت کی خوشبو بکھیر دی ۔
اس موقع پر جلسے کے شرکاء نے محمد علی بنگش کی جانب سے پیش کردہ قرارداد پر جوش نعروں کی گونج میں منظور کی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وطن عزیز پاکستان کی سربلندی اور ازلی دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے پاک فوج کا نعرہ حیدری بحالی کیا جائے۔ قرارداد میں باور کرایا گیا کہ نام نہاد تحفظ اسلام بل پاکستان کے نظریہ اساسی پر کاری ضرب تھی جسے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی دوراندیشی اورٹی این ایف جے کے بروقت احتجاج نے ملک و قوم کو بڑی آزمائش سے بچا لیا۔قرارداد میں یہ بھی باور کرایا گیا کہ تمام مکاتب کے باہمی اتحاد سے واضح ہوگیا ہے کہ سنی شیعہ بھائی بھائی ہیں جو سیسہ پلائی دیوار بن کر اسلام و پاکستان کی بنیادوں کی حفاظت کرتے رہیں گے۔قرارداد میں اس عہد کا اظہار کیا گیا کہ آمدہ محرم الحرام ایام عزا کے سلسلے میں قائد ملت جعفریہ آغاسید حامدعلی شاہ موسوی حکومتی انتظامات میں عملی تعاون کیلئے جو بھی ضابطہ عزاداری دیں گے اس پر بھرپور عملدرآمد کیا جائیگا اور مختار ایس او کے کارکنان اپنے وطن عزیز کی سلامتی و استحکام،امن کے قیام اورعقیدے کی پاسداری کیلئے ولایت علی ؑ،عزائے حسین ؑ،حرمت سادات،احترام مرجعیت اور مرکزیت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔