ملتان میں زنجیر کی گونج میں بقیع کا احتجاج ؛ عمر بن عبد العزیز کے مزار کی بے حرمتی جنت البقیع گرانے والوں کا اقدام ہے ، باقر نقوی
ملتان (ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ملتان ریجن کے زیر اہتمام یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر نواں چوک سے ملتان پریس کلب تک مزارات مقدسہ کی توہین کے خلاف زبردست احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت علامہ زاہد عباس کاظمی ، علامہ باقر نقوی ، علامہ مجاہد عباس، سید محتشم نقوی اور دیگر رہنمآں نے کی ۔
اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر نقوی نے کہا کہ عمر بن عبد العزیز مکتب تشیع کے نزدیک قابل احترام ہستی ہیں جن کے مزار کی بے حرمتی جنت البقیع گرانے والوں کا ہی اقدام ہے جن کے متشددانہ اور انتہا پسندانہ عقائد نے پوری دنیا میں آگ لگا رکھی ۔ حضرت عمر بن عبد العزیز نے ہی عدالت کا مظاہرہ کرتے ہوئے باغ فدک اولاد فاطمہؑ کو لوٹایا اور مولا علی ؑ پر سب و شتم کا خاتمہ کیا۔
اس موقع پر شرکائے جلوس تعمیر کرو تعمیر کرو جنت البقیع تعمیر کرو کے نعرے لگاتے رہے احتجاج میں ملتان کی تمام ماتمی تنظیموں نے پرسہ داری کی ۔ بیسیوں عزاداروں نے زنجیر زنی کی ۔
زنجیر کی گونج میں جنت البقیع کی قیدی قبروں کے احتجاج نے فضا میں درد بکھیر رکھا تھا ۔ اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ نوحہ خواں ذیشان حیدر نے انتہائی پردرد انداز میں نوحہ خوانی کی ۔