میلادالنبی ؐ کے جلوس اتحاد کی خوشبو سے مہکتے رہے ، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی بھرپور شرکت،،تمام مسالک گستاخانہ خاکوں کے خلاف سراپا احتجاج
عید میلا د النبیؐ کے ملک گیر جلوسوں میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی بھرپور شرکت، تمام مسالک گستاخانہ خاکوں کے خلاف سراپا احتجاج
میلاد رسول ؐ کے جلوس اتحاد کی خوشبو سے مہکتے رہے،شیعہ تنظیموں کی جانب سے استقبالیہ سٹیج،سبیلوں کا اہتمام،ذاکرین کے نعتوں کے نذرانے
گستاخانہ خاکے انسانیت کی توہین ہے اسلام اور مسلمانوں کا کوئی دوست نہیں، امت مسلمہ کو ناموس مصطفی ؐ کیلئے ایک ہونا ہوگا، علامہ قمر زیدی
میلاد اور عزاداری امت مسلمہ کی وحدت و یگانگت کے عملی مظاہرے ہیں،علامہ محسن ہمدانی علامہ زاہد کاظمی مولانا وقارنقوی کا شرکائے جلوس سے خطاب
پیر نقیب،پیر سرکار جی اقبال رضوی کی جانب سے بھرپور خیر مقدم؛ مرکزی کنوینر شوکت جعفری کا اظہار تشکر ذاکرغلام فریدکی نعت خوانی
ابراہیم سکاؤٹس جلوس کے ہراول دستے کے طور پرشامل رہے، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی کی کال پر میلاد پروگرام 18ربیع الاول تک جاری رہیں گے
اسلام آباد(ولایت نیوز ) ملک بھر کے عید میلادالنبیؐ کے جلوسوں میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی وحدت و اخوت کمیٹیوں نے بھرپور شرکت کی میلاد رسول ؐ کے جلوس اتحادو یگانگت کی خوشبو سے مہکتے رہے تمام مسالک نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف آواز بلند کرکے دنیا کو بتا دیا کہ ناموس مصطفیؐ کیلئے شیعہ سنی برادران ہم آواز ہیں اورشان رسالت ؐ کیلئے امت مسلمہ ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہے جلوسوں کے راستوں میں ٹی این ایف جے کی ذیلی تنظیموں، مذہبی ماتمی تنظیموں، بانیان مجالس کی جانب سے استقبالیہ سٹیج لگائے گئے سبیلوں کا اہتمام کیا گیا،شیعہ ذاکرین و واعظین میلاد مصطفی ؐکے سٹیجوں کو عشق رسالت ؐ کی نعتوں اور خطبات سے گرماتے رہے،اہلسنت رہنماؤں نے اپنے خطابات میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے ہفتہ وحدت و اخوت کے اعلان اور مکتب تشیع کی جانب سے اتحاد ویگانگت کے مظاہرے کو زبردست انداز میں سراہا۔
راولپنڈی میں جامع مسجدحنفیہ کے سامنے مرکزی جلوس میلادالنبی ؐ کے افتتاح کے موقع پرمرکزی کنوینرہفتہ وحد ت اخوت کمیٹی شوکت جعفری، صوبائی ناظم الامور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ محسن ہمدانی،آغا سید محمد مرتضی موسوی، آغا سید علی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ، ریجنل صدرعلامہ زاہد عباس کاظمی،علامہ شہزاد سندی،علامہ وقار نقوی،ضلعی کنوینرشفقت ترابی،سٹی کنوینر انصار کاظمی، شہاب مہدی،سیدبوعلی مہدی نے مرکزی جلوس میلاد النبیؐ کی افتتاحی تقریب میں ٹی این ایف جے کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر پیر نقیب الرحمن،پیر سرکار جی آف گلشن آباد، ڈویژنل سنی خطیب حافظ اقبال رضوی اورشیخ طارق مسعود، ندیم شیخ اور دیگر ہنماؤں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں کا بھرپور خیر مقدم کیا۔

مرکزی سیرت کمیٹی،لیبک یا رسول اللہ میلاد اسٹیج بنی چوک، آواز خلق آرگنائزیشن، تنویر شیرازی میلاد اسٹیج سید پوری گیٹ میں ہزاروں عاشقان مصطفی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ٹی این ایف جے علامہ قمر حیدر زیدی نے کہا کہ مغربی جریدوں میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکے عالمی امن کے خلاف بہت بڑی سازش اور انسانیت کی توہین ہے جس کے خلاف تمام امن پسند قوتوں کو متحد ہو نا ہوگا،مغربی طاقتیں فخر انسانیت محبوب خداحضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے خاکے شائع کرکے شیطانی ایجنڈا پورا کرنا چاہتی ہیں، عالم اسلام کو فرانسیسی صدر اور دیگر عالمی اداروں کے ردعمل سے سمجھ لینا چاہئے کہ اسلام اور مسلمانوں کا کوئی دوست نہیں لہذا انہیں ناموس مصطفی ؐ کیلئے ایک ہونا ہوگا اور شاتمانہ حرکات کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عزاداری کے جلوسوں کی طرح میلاد کے جلوسوں میں بھی شیعہ سنی بھائیوں کے اتحاد کے مظاہرے سے دشمن کے عزئم ناکام ہو کر رہ گئے ہیں آئندہ بھی اسی جذبہ پر گامزن رہیں گے۔
علامہ محسن علی ہمدانی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد مصطفی ؐاور عزاداری امت مسلمہ کی وحدت و یگانگت کے عملی مظاہرے ہیں حضورپاک ؐ نے محض مسجدنبوی کی چاردیواری میں محدودہوکرتبلیغ دین کا فریضہ سرانجام نہیں دیابلکہ طائف کے بازاروں اورشاہراہوں پردین خداوندی کاابلاغ فرمایااور اپنے دونوں کاندھوں پرپیارے نواسوں حسنین کریمین ؑ کوسوارکرکے پہلی اسلامی ریاست مدینہ پاک میں جلوس نکالنے کی بنیادی رکھی جس کی تاسی میں دنیابھرمیں میلادالنبی ؐ اورعزاداری حسین کے جلوس برآمدہوتے ہیں جوآمریت ویزیدیت کیخلاف مظلومیت کاابدی وسرمدی احتجاج ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شوکت عباس جعفری نے کہا کہ نبی کریم ؐ خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراؑ، اہلبیت اطہارؑ پاکیزہ صحابہ کبار ؓکی شان میں گستاخی کسی صور ت برداشت نہیں کی جائے گی۔

مری روڈ کمیٹی چوک، اقبال روڈ، فوارہ چوک اورراجہ بازار میں مختلف میلاد کمیٹیوں کے اسٹیج پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔ دوران مرکزی جلوس تمام راستے ذاکر غلام فریدجعفر، اظہار جعفری و برادران کی نعتوں نے سماں باندھ دیااور ہرسو لبیک یا رسول اللہ کی صدائیں بلند ہونے لگیں۔ٹی این ایف جے کی وحدت و اخوت کمیٹی کی نعت خوانی کمیٹی کی قیادت سیدعابدحسین شاہ، سیدثمرالحسن نقوی، سیدمسیب کاظمی، سائیں عنایت حسین، جون علی مشہدی، کنوینرشفقت ترابی، تبیان عباس زیدی،جابرنقوی، عاصم جعفری سیدفرخ کاظمی اور دیگر رہنماؤں نے کی ایم ایف پی اورابراہیم سکاؤٹس اوپن گروپ (رجسٹرڈ) کے رضاکارسیکورٹی کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے میلادالنبیؐ کے جلوسوں میں ہراول دستے کے طورپرآگے چلتے رہے۔
درایں اثنا وحدتو اخوت کمیٹی کے مرکزی کنٹرول روم میں آمدہ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں علامہ تصور نقوی، کوئٹہ میں محمد ہادی عسکری، کراچی میں سی بدر علی ترمذی، خیر پور میں علامہ اصغر علی نقوی،حیدر آباد میں ذاکٹر عنایت علی شاہ،ملتان میں انجینئر قمر حسنین نقوی، ڈیرہ غازی خان میں سید ظفر عباس نقوی، پشاور میں آغا عباس علی کیانی، کوہاٹ میں سید غضنفر علی شاہ امتیاز بنگش و مختار بنگش، گجرات میں چوہدری اکرم طاہر، سیالکوٹ میں چوہدری ایوب اوپل و چوہدری احسان دیال، جہلم میں شیخ اسرار قریشی، چکوال میں سید زین العباس موسوی، گوجرانوالہ میں سید فرمان علی شاہ و ڈاکٹر رفاقت شمسی علامہ اظہر حیدری کی قیادت میں وحدت و اخوت کمیٹیوں نے میلاد کے جلوسوں میں شرکت کی اس کے علاوہ ملک بھر میں محافل میلاد کا سلسلہ 18ربیع الاول تک جاری رہے گا۔