یوم فرقان ، شہادت علی ابن ابی طالبؑ اور یوم القدس حمایت مظلومین کے پروگراموں کیلئے فول پروف سیکیورٹی کا مطالبہ

ولایت نیوز شیئر کریں

مسلم ممالک ایک ہو کر طاغوت کے سامنے سینہ سپر ہوں تاکہ ظلم نابود، مظلومیت فتح مند ہو، علامہ بشارت امامی

غزوہ بدر، معرکۂ کربلا نے ثابت کر دیا حق پرست یزیدیت کے سامنے سر کٹا سکتے ہیں جھکا نہیں سکتے

حکومت یومِ فرقان، شہادتِ امیر المومنین حضرت علی المرتضیٰؑ اور اور جمعۃ الوداع یوم القدس حمایتِ مظلومین کے موقع پر خصوصی انتظامات کرے۔ سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے

اسلام آباد ( ولایت نیوز) تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کہا ہے کہ ماہِ صیام رحمتوں اور برکتوں کا موسم بہار ہے جس میں عبادات بجا لاکر خداوندِ عالم کی خوشنودی کا حصول یقینی بنایا جا سکتا ہے. اس امر کا اظہار انہوں نے جامع مسجدِ قصرِ خدیجہ الکبریٰؑ ترلائی کلاں میں جمعۃ المبارک کا خطبہ دیتے ہوئے کیا.

علامہ امامی سے اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہفتہ 17 رمضان کو سربراہ ٹی این ایف جے آغا سید حسین مقدسی کے اعلان کے مطابق قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے قائم کردہ یومِ فرقان اور 19 تا 21 رمضان شہادتِ امیر المومنین حضرت علی بن ابی طالب علیہ السلام کی مناسبت سے عالمی ایامِ عزا اور جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس حمایتِ مظلومین کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی انتظامات کرے.

علامہ بشارت حسین امامی نے باور کرایا کہ اسلام کی فتح کے پہلے معرکۂ بدر اور کربلا میں 9 لاکھ یزیدی افواج کے مقابلے میں بہتر سرفروشوں کے حسینیؑ لشکر نے ثابت کر دیا کہ حق ہمیشہ سربلند رہتا ہے اور کسی دور میں بھی حق پرست یزیدیت کے مقابلے میں سر کٹا تو سکتے ہیں مگر جھکا نہیں سکتے. انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ عالمی افق پر مسلم امہ کیخلاف استعماری و طاغوتی جارحیت اور جبر و استبداد اس بات کا متقاضی ہے کہ مسلم ممالک ایک ہو کر طاغوت کے سامنے سینہ سپر ہوں تاکہ ظلم نابود اور مظلوم کی فتح کا پرچم بلند ہو. آخر میں انہوں نے دنیائے مظلومیت کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے اس عزم کو دہرایا کہ مظلوم دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو ہم اس کی حمایت اور ظلم جہاں بھی ہو ہم اسکی مذمت ہر قیمت جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.