مادرِ غازی عباسؑ حضرت ام البنینؑ کا یومِ شہادت عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا، ملک بھر میں مجالسِ عزا، ماتمی جلوسوں کا انعقاد
امام بارگاہ جامعہ المرتضیٰؑ میں مرکزی مجلس خواتین میں برآمدگی شبیہہ تابوت
خانوادۂ محمدؐ و آلِؑ محمدؐ کی باعظمت خاتونؑ کا اسوہ رہتی دنیا تک کے وفاداروں کیلئے عملی نمونہ ہے۔ سیدہ بنت الھدیٰ موسوی کا خطاب
مرکز علیؑ مسجد میں راجہ طلعت عباس کے زیرِ اہتمام مجلسِ عزا، سربراہ ٹی این ایف جے آغا حسین مقدسی کی خصوصی شرکت، ذاکر ذریت عمران شیرازی، ذاکر فرخ عباس، علامہ قمر زیدی و دیگر کا خطاب
اسلام آباد ( ) سربراہ ٹی این ایف جے آغا سید حسین مقدسی کے اعلان کے مطابق قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے قائم کردہ 9 تا 13 جمادی الثانی ” ایامِ مادرِ عباس علمدارؑ“ بسلسلہ شہادت حرمِ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام بی بی ام البنین سلام اللہ علیہا دنیا بھر کی طرح پورے پاکستان میں 13 جمادی الثانی کو اختتام پذیر ہو گئے۔ اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس برآمد ہوئے اور مجالسِ عزا منعقد کی گئیں. ام البنین ڈبلیو ایف سکینہ جنریشن گرلز گائیڈ انجمن دخترانِ اسلام کے زیرِ اہتمام مہتممات و متولیات مرکزی امام بارگاہ جامعہ المرتضیٰؑ جی نائن فور اسلام آباد خانوادہ آقائے موسویؒ کے زیرِ انتظام خواتین کی مرکزی مجلسِ عزاء سے مقتدر دینی سکالر سیدہ بنت الہدیٰ ( مصنفہ شہرہ آفاق کتاب تذکرۂ مختارؒ) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ام البنینؑ طبقۂ نسواں ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے عظمتِ کردار کا آسمان اور حضرت عباسؑ جیسے جری بیٹے کی ماں تھیں جو حضرت علی المرتضیٰؑ کی شریکۂ حیات تھیں اور آپؑ نے خاتونِ جنت حضرت فاطمہ زہراؑ کی حویلی کی نگہدار و پاسدار ہونے کا عہدِ وفا پورا کر کے رہتی دنیا تک کے وفاداروں کیلئے بے مثال عملی کردار ادا کیا جسکا واضح ثبوت یہ ہے کہ اس معظمہ بی بیؑ کے چار بیٹے معرکۂ کربلا میں اسلام کی بقاء و سلامتی کے لیے قربان ہوئے. سیدہ بنت الہدیٰ موسوی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ خانوادۂ محمدؐ و آلِؑ محمدؐ کی باعظمت خاتون کا اسوہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے جس کی پیروی کر کے موجودہ ترقی یافتہ مگر پُرآشوب دور میں خواتین اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتیں ہیں. انہوں نے واضح کیا کہ وطنِ عزیز پاکستان کے قیام کے اعلیٰ مقاصد کی تکمیل کے لیے خواتین کو بحیثیت بیٹی زوجہ اور ماں حضرت ام البنینؑ کی سیرت کو اپنے کردار میں ڈھالنا ہو گا تاکہ مغرب کی فرسودہ روایات کا خاتمہ کر کے اسلام کے زریں اصولوں کی پیروی کی جا سکے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم مادرِ مولا عباسؑ جناب ام البنینؑ کی ذاتِ اقدس کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں اور ان کی پاکیزہ سیرت و تعلیمات کی روشنی میں قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہؒ کے اس فرمان کو دہراتے ہیں کہ ولایتِ علیؑ اور عزاداریِ حسینؑ ہمارے عقیدے کی اساس ہیں، یہ عزاداری فقط عبادت نہیں بلکہ روحِ عبادات اور دنیا و آخرت میں سرخروئی اور نجات کی ضمانت ہے۔ ذکرِ حسینؑ کی مجالس ہوں یا محافلِ میلاد یہ دونوں شوکتِ اسلام کے عظیم مظاہر ہیں. مجلسِ عزا میں ام البنین ڈبلیو ایف کی جانب سے پیش کردہ قرارداد خواتین نے بلند نعروں کی گونج میں منظور کی جس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اسلام کی اساس پر قائم ہونے والے وطنِ عزیز پاکستان میں گزشتہ حکومت کے دور میں ذکرِ حسینؑ پر غیر ائینی ناروا پابندیوں کے ایس او پیز اور قواعد و ضوابط کو جبری طور پر نافذ کیا جا رہا ہے جن پر موجودہ دور میں بھی عمل درآمد جاری ہے۔ قرارداد میں باور کرایا گیا کہ ان متنازعہ غیر ائینی پابندیوں کے ذریعے نئی عزاداریوں پر پابندی لگائی جا رہی ہے حتی کہ روایتی مجالس اور جلوسوں کو بھی روکا جا رہا ہے جو حکومتی انتظامیہ کی غلطی کے باعث سرکاری شیڈول میں شامل نہیں کی گئی یہاں تک کہ چار دیواری کے اندر ہونے والی مجالس کو بھی روکا جاتا ہے بانیانِ مجالس اور عزاداروں کو ڈرانے دھمکانے اور ان کے خلاف مقدمات قائم کر کے انہیں حراست میں لیا جاتا ہے جو قابلِ مذمت ہے، حکومت یاد رکھے کہ عزاداری کی پاداش میں قائم ہونیوالے مقدمات ہمارے لیے گولڈ میڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ قرارداد میں واضح کیا گیا کہ ہم نہ اپنا عقیدہ کسی دوسرے پر مسلط کرنا چاہتے ہیں نہ ہی کوئی دوسرا عقیدہ اپنے اوپر مسلط ہونے دیں گے۔ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ تمام زندگی اسی جدوجہد میں مشغول رہے اور ان کے بعد انہی کے خط پر چلتے ہوئے سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ علامہ حسین مقدسی ملت کے حقوق کے تحفظ اور اپنے عقائد کی پاسبانی کا علم اٹھائے ہوئے ہیں۔ جامعۃ المرتضیٰؑ میں مجلسِ عزا کے اختتام پر شبیہِ تابوت حضرت ام البنین برآمد ہوا اور ہزاروں خواتین نے بارگاہِ رسالتؐ و امامتؑ میں پرسہ پیش کیا۔ ٹی این ایف جے فیڈرل کیپٹل کے ناظم الامور علامہ فخر عابدی، صدر سید علامہ رفاقت حسین نقوی اور دیگر علماء کرام نے مجالسِ مادرِ عباس علمدارؑ سے خطاب کیا اور ماتمداری کا پرسہ پیش کیا گیا۔ راولپنڈی میں یومِ شہادت حضرت ام البنینؑ کے موقع پر مرکزی مجلسِ عزا ہیڈکوارٹرز مکتبِ تشیُع علیؑ مسجد راولپنڈی میں راجہ طلعت عباس برادران کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی جس میں سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ آغا سید حسین مقدسی نے خصوصی شرکت کی. مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے ذاکر سید ذریت عمران شیرازی، ذاکر فرخ عباس نقوی، مرکزی سیکریٹری اطلاعات ٹی این ایف جے علامہ سید قمر حیدر زیدی، مولانا وقار نقوی، مولانا ملک اجلال حیدری اور ذاکر مطیع الحسنین کاظمی نے بارگاہِ حضرت ام البنینؑ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مادرِ عباس علمدارؑ کی وفاداری اور میدانِ کربلا میں اپنی اولاد راہِ اسلام میں قربان کرنے کو رہتی دنیا تک کے وفاداروں کیلئے سنگِ میل قرار دیا۔ مجلسِ عزا کے ہزاروں شرکاء نے ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری تعلقاتِ عامہ سید حسن کاظمی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد پُرجوش نعروں کی گونج میں منظور کی جس میں باور کرایا گیا کہ عزاداری باطل کے خلاف ڈٹ جانے اور حق کے لیے ہر طرح کی قربانی پیش کرنے کا وہ آفاقی جذبہ ہے جس سے قوم اپنی آزادی کا تحفظ کر سکتی ہے. قرارداد میں کہا گیا کہ حسینیتؑ ہی وہ درسگاہ ہے جس کی تعلیمات کے سبب پاکستانی ماؤں کے جوان بیٹے نہ صرف سرحدوں پر بلکہ دہشتگردی کے خلاف ہر محاذ پر اپنے لہو سے مادرِ وطن کا قرض اتار رہے ہیں لہٰذا اگر اس جذبہ قربانی کو زندہ رکھنا ہے تو حسینیتؑ کو مسدود نہیں لامحدود کرنا ہو گا، ذکرِ شاہِؑ کربلا عام ہوتا جائے گا ملک دشمن خارجی ناکام ہوتا جائے گا۔ قرار داد میں اس عہد کا اعادہ کیا گیا کہ پاکیزہ مشنِ ولا و عزا کے اہدافِ قدسیہ کیلئے سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی کی آواز پر بھرپور لبیک کہا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت اور ان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا. مجلسِ عزا کے اختتام پر مرکزی ماتمی دستہ دربار سید سخی شاہ چن چراغ کاظمی سالار سید عرفان کاظمی نے زبردست پرسہ داری اور ماتمداری کی. در ایں اثناء مختار ارگنائزیشن اور خانوادۂ پرنسپل ملک منظور حسین اعوان آف داؤد خیل کے زیرِ اہتمام مجلسِ عزا شہادتِ مادرِ عباس علمدار علیہ السلام 23 نومبر 12 جمادی الثانی بروز پیر بعد از نمازِ مغربین مرکز علیؑ مسجد راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ مجلسِ عزا سے خطیبِ فاتحِ فرات علامہ سید قمر حیدر زیدی، مولانا سید وقار حسین نقوی، مولانا ملک اجلال حیدری، ذاکر مطیع الحسنین کاظمی نے خطاب جبکہ سید اواب حیدر موسوی، سید زیاف حیدر کاظمی نے سوز و سلام پیش کیا۔ اختتامِ مجلس پر ماتمی دستہ امام علی رضاؑ آئی نائن اور ماتمی دستہ ابو الفضل العباسؑ سیٹیلائٹ ٹاؤن راولپنڈی ماتمداری کا پرسہ پیش کیا.
