رفاہی تنظیموںں کی آڑ میں بیرونی ایجنڈوں پر کام جاری ہے ,شہزادہ علی اصغر ؑ کی قربانی سے اٹھنے والا انقلاب ہر دور کے ظالموں کی شکست کی نوید ہے، ،آغا حامد موسوی
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ۹رجب کو دنیائے اطفال کے ابدی و سرمدی ہیرو شہزادہ علی اصغرؑ کو خراج پیش کرنے کیلئے پوری دنیا میں تقریبا ت کا انعقاد کرے گی
اسلام آباد( ولایت نیوز)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ حساس علاقوں بلوچستان،آزاد کشمیر وشمالی علاقہ جات میں مذہب مسلک نسل زبان علاقے کی بنیاد پر رفاہی تنظیموں و منصوبوں کی آڑ میں نفرتیں بڑھانے کے بھارتی و صیہونی بیرونی ایجنڈوں پر کام جاری ہے حکومت نوٹس لے ، بنگلہ دیش کی آزادی کا ہیرو بننے والا مودی 71کی تاریخ دہرانا چاہتا ہے ،بھارت بھول میں نہ رہے کہ آج71 نہیں 2018ہے مقابلے میں ایٹمی پاکستان ہے پاک فوج دورِ حاضر کی مکتی باہنی دہشت گردوں کو کچل چکی ہے ، کالعدم دہشت گرد جماعتیں اور ان کے سرپرست کتنے روپ بدل لیں بے گناہوں کی مظلوم آہیں انہیں شکست سے دوچار کرکے چھوڑیں گی ، کربلا کے ششماہے شہزادہ علی اصغر ؑ کی قربانی سے اٹھنے والا انقلاب ہر دور کے ظالموں کی شکست کی نوید ہے ،عشرہ اجر رسالت ؐ کی مناسبت سے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ 9رجب کو دنیائے اطفال کے ابدی و سرمدی ہیرو شہزادہ علی اصغر ؑ کو خراج پیش کرنے کیلئے پوری دنیا میں تقریبا ت کا انعقاد کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد ہادی چنگیزی کی سرکردگی میں ٹی این ایف جے بلوچستان کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ٹی این ایف جے پنجاب کے صدر علامہ حسین مقدسی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مہاسبھائی ایجنٹوں نے آج تک پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیابھارت نے شروع ہی سے پاکستان کو خود مختار ملک کی حیثیت سے تسلیم کرلیا ہوتا اور کشمیری عوام کی خواہش اور تقسیم ہند فارمولہ کے مطابق کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحا ق ہونے دیاجاتا توپاکستان بھارت کے درمیان کشیدگی کی کوئی بنیاد نہ ہوتی ، کشمیر پر تسلط جمانا در اصل پاکستان کی خود مختاری کے انکار کے مترادف تھا۔انہوں نے کہا کہ آج بھی بھارت مسئلہ کشمیر پر اٹوٹ انگ کی رٹ اور ہٹ دھرمی پر قائم ہے نہلے پر دہلا یہ کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات پر بھی نظریں جمائے بیٹھا ہے بھارتی ایجنسی راجس کو پاکستان کو توڑنے کیلئے وجود میں لایا گیا تھا ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ جب سے ٹرمپ نے اقتدار سنبھالا ہے مودی کے حوصلے مزید بڑھ گئے ہیں اور وہ پاکستان پر چومکھی جنگ مسلط کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے ، کنڑول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ ، آئے روزآزاد کشمیر کی سول آبادی کو نشانہ بنانا، آئے روز پاکستان کو جارحیت کی دھمکیاں دینابھی اسی مکروہ منصوبے کی کڑیاں ہیں وہ پاکستان کو اشتعال دلا کر جارحیت کے ارتکاب کا جواز ڈھونڈنا چاہتا ہے جبکہ پاکستا ن نے بھارتی سازشوں کے جال میں آنے کے بجائے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی حکمت عملی اپنا رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پر امریکہ و اسرائیل کی مدد سے حاصل ہونے والی جنگی استعداد اور طاقت کا جنون سوار ہے بھارتی پاگل پن کو درست کرنے اور جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے دفاعی صلاحیتوں کے بل بوتے پر سبق سکھا نا لازم ہو گیا ہے بھارتی عزائم کا اندازہ وزیر داخلہ کی پاکستان میں گھس کر کاروائی کرنے کی ہرزہ سرائی سے لگایا جا سکتاہے ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے واضح کیا کہ بھارت اور اسکے آقا ذہن نشین رکھیں جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہو جاتا جنوبی ایشیا ایٹمی جنگ کے دہانے پر کھڑا رہے گااور اگر خدانخواستہ جنگ ہوئی تو بہت تباہ کن اور خطرناک ہو گی لہذا عالمی امن کے ٹھیکیدار بھارت کو ایٹمی آتش فشاں کو چنگاریاں دکھانے سے روکیں ۔