کربلا : آیت اللہ صافی گلپایگانی کی تشیع جنازہ اور تدفین ، لاکھوں سوگواروں کی شرکت
کربلائے معلی (ولایت نیوز مانیٹرنگ ڈیسک) آیت اللہ العظمی لطف اللہ صافی گلپایگانی قدس سرہ کی تشیع جنازہ اور نیابتی زیارت کے مراسم کربلا مقدسہ میں ادا کر دیئے گئے کہ جس میں علماء کرام ، مراجع عظام کے نمائندوں، مقدس حرموں کے خدام، حوزہ علمیہ کے طلاب اور سیاسی و سماجی شخصیات سمیت لاکھوں کی تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔
جنازہ کو پہلے روضہ باب الحوائج حضرت عباس علمدار ؑ لے جایا گیا روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرسی علامہ احمد صافی نے روضہ مبارک کے سیکرٹری جنرل سيد مصطفى مرتضى ضياء الدين اور مجلس ادارہ کے ارکان اور خدام کے ہمراہ جنازے کا استقبال کیا اورمومنین کے جمع غفیر کی موجودگی میں مراسم زيارت ادا کیے گئے اور پھر میت کا ضریح مبارک کے گرد طواف کروایا گیا۔
اس کے بعد ما بین الحرمین سے ہوتے ہوئے جنازہ کو روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام لے جایا گیا کہ جہاں پر روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ شیخ عبد المہدی کربلائی نے جنازے کا استقبال کیا اور خدام اور تشییع جنازہ میں شامل مومنین کے ساتھ مل کر مراسم زيارت ادا کیے اور پھر میت کا ضریح مبارک کے گرد طواف کروایا گیا۔ مراسیمِ زیارت کی ادائیگی کے بعد آیت اللہ العظمی لطف اللہ صافی گلپایگانی (قدس سرہ) کی میت کو روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام میں دفن کیا گیا۔
آیت اللہ العظمی لطف اللہ صافی گلپایگانی (قدس سرہ) منگل (28 جمادی الثانی 1443هـ) بمطابق (1فروری 2022ء) کو خالق حقیقی سے جا ملے تھے ۔ آیت اللہ سیستانی ، آیت اللہ العظمی وحید خراسانی ، آیت اللہ اسحاق فیاض ،قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی سمیت نجف و کربلا کے مراجع عظام اور دنیا بھر کے علمائے کرام اور شیعیان حیدر کرارؑ نے آیت اللہ صافی گلپائیگانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔