ایران پر حملہ ننگی جارحیت ؛ مسلم ممالک نےمشترکہ جواب نہ دیا تو کوئی بادشاہت اور مسلم ریاست نہیں بچے گی ، علامہ حسین مقدسی
اسلام آباد (ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے ایران پر امریکہ و اسرائیل کے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے ننگی جارحیت اور دہشتگردی قرار دیا ہے، ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع سے جاری ردعمل میں انہوں نے کہا کہ گریٹر اسرائیل ایجنڈ ا تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے ، مسلم ممالک کو جاگنا ہوگا، اسرائیل پورے مشرق وسطی کا نقشہ تبدیل کرنا چاہتا ہے صیہونیت کو نہ روکا گیا تو کوئی مسلم بادشاہت اور ریاست نہیں بچے گی۔
علامہ حسین مقدسی نے اپیل کی کہ مسلم ممالک ایران پر جارحیت کا متحد ہو کر جواب دیں اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے مسلم ممالک میں موجود امریکی اڈے ختم کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی زندگی بھر یہی دہراتے رہے کہ ایک مسلم ملک پر حملہ عالم اسلام پر حملہ تصور کرنا ہوگا بصورت دیگر استعماری عفریت ایک ایک کر کے سب کو نگل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران اندرونی خلفشار ختم کر کے متحد نہ ہوئے تو تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی، مسلم ممالک کے باہمی تنازعات نے سب کو عالم کفر کے سامنے ڈال رکھا ہے، اتحاد واحد حل ہے۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ اس حقیقت میں کسی کو ابہام نہیں رہنا چاہئے کہ امریکہ بھارت اسرائیل اور ان کے پالتو دہشت گرد وں کا ایجنڈا ایک ہے پاکستان اور ایران پر حملوں کی کڑیاں ملتی ہیں لہذا امت مسلمہ کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے اور یجکہتی سے صیہونی ایجنڈے کا جواب دینا ہوگا۔

