ملتان: تمام مکاتب کے حقوق برابر کی سطح پر ادا کیے جائیں،عزاداری پر سمجھوتہ نامنظور، امن واخوت گھر گھر عام کریں گے،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ جنوبی پنجاب

ولایت نیوز شیئر کریں

وطن کی محبت جزو ایمان، عزاداری ہمارے عقید ے کی جان ہے۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پنجاب
قائد ملت جعفریہ آغاسید حامد موسوی نے قوم کو ہر قسم کی افراط و تفریط سے بچاکر پاکیزہ مشن جاری رکھا ہوا ہے۔ علامہ محسن ہمدانی
ملکی مسائل کاسبب بیرونی امداد کے بل بوتے پر کام کرنے والے کالعدم گروپوں کو دی گئی کھلی ڈھیل ہے۔ علامہ حسین مقدسی
امن کمیٹیوں، سرکاری اداروں سے ممنوعہ گروپوں کو فی الفور خارج کیا جائے، مسلمہ مکاتب کو برابر کی سطح پر حقوق ادا کیے جائیں.
21مئی85ء کے موسوی جونیجو معاہدے پر عملدرآمد کرکے ملت جعفریہ میں پائی جانیوالی بے چینی دور کی جائے.
محتشم ہاؤس ممتاز آباد میں ٹی این ایف جے پنجاب کا نمائندہ تنظیمی اجلاس، ریجنل،ضلعی مندوبین کی شرکت

ملتان(ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ صوبائی کونسل پنجاب کا چار ریجنوں ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اورساہیوال کیلئے اہم تنظیمی اجلاس ملتان میں ٹی این ایف جے ریجنل کونسل ملتان کے صدر انجینئر سید محشتم نقوی کی رہائشگاہ ممتاز آباد میں منعقد ہوا ۔

اجلاس کی صدارت صوبائی ناظم الامور علامہ سید محسن علی ہمدانی نے کی جبکہ صوبائی صدر پنجاب علامہ سید حسین مقدسی مہمان خصوصی تھے۔ملتان ریجن نے فرائض میزبانی سرانجام دیئے۔

اجلاس میں ملتان،بہاولپور،ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ریجن کے صدور اور ضلعی عہدیداران نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

اس موقع پر صوبائی ناظم الامور علامہ سید محسن علی ہمدانی نے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے پانچ رہنما اصولوں ولائے علی ؑ،عزائے حسین ؑ،حرمت سادات،احترام مرجعیت اور مرکزیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے قوم کو ہر قسم کی افراط و تفریط سے بچاتے ہوئے عقیدہ ووطن کی محبت کو جزو ایمان قراردیکر پاکیزہ مشن جاری رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے تمام کارکنان بالخصوص علمائے کرام،واعظین،ذاکرین،بانیان مجالس اور ماتمی سالاروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مرکز کے ساتھ منسلک اور مربوط رہیں۔علامہ ہمدانی نے واضح کیا کہ عزائے مظلوم کربلا ہمارے عقیدے کی جان ہے جس میں کسی قسم کی رخنہ اندازی اور رکاوٹ ہم نے پہلے قبول کی اور نہ آئندہ کریں گے۔انہوں نے تمام ریجنل اور ضلعی صدور پر زوردیا کہ وہ اپنے باکردار قیادت کا پیغام امن و اخوت گھر گھر عام کریں۔

صوبائی کونسل ٹی این ایف جے پنجاب کے صدر علامہ سید حسین مقدسی نے بھرپور اجلاس کے انعقاد پر ملتان ریجن کو سپاس تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام کا شہر ملتان سنی شیعہ بھائی چارے کا گہوارہ اور ہمارا صوبائی مرکز ہے جہاں تمام مکاتب فکر مل جل کر میلاد و عزاداری مناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام نے سرزمین ملتان سے جس پیغام کا آغاز کیا تھا وہ پورے صوبے اور ملک کے کونے کونے میں پھیل چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملکی مسائل کاسبب بیرونی امداد کے بل بوتے پر کام کرنے والے کالعدم گروپوں کو دی جانیوالی کھلی ڈھیل ہے جن کی پشت پر سیاسی قوتیں کارفرمارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر سرکاری طور پر کالعدم قراردیئے گئے درجنوں مذہبی انتہا پسند گروپوں کو نکیل ڈالی جاتی تو آج ازلی دشمن بھارت پاکستان کیخلاف جارحیت نہ کرتا۔انہوں نے مادر وطن کی حفاظت کیلئے جان نچھاور کرنیوالے پاک فوج اور پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان شہداء کے خون کی مقروض ہے۔

اجلاس میں منظور کردہ قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسلامی نظریاتی کونسل،رویت ہلال کمیٹی،متحدہ علماء بورڈاور دیگر سرکاری اداروں بشمول امن کمیٹیوں سے ممنوعہ گروپوں کو فی الفور خارج کرے،مکتب تشیع سمیت تمام مسلمہ مکاتب کو برابر کی سطح پر ان کے حقوق ادا کیے جائیں،اس ضمن میں 21مئی85ء کے موسوی جونیجو معاہدے پر عملدرآمد کرکے ملت جعفریہ میں پائی جانیوالی بے چینی دور کی جائے۔

ایک اور قرارداد میں ٹی این ایف جے پنجاب کے تمام ریجنل عہدیداران اور ضلعی مندوبین نے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے لائحہ عمل پر لبیک کہتے ہوئے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کا عہد کیا۔

اجلاس سے صوبائی نائب صدر علامہ سید باقرعلی نقوی، مختارفورس والینٹرز کے چیئرمین چوہدری ابوبیدار علی،صوبائی کمانڈر پنجاب سید مقداد نقوی،صوبائی سیکرٹری جنرل قمر حسنین نقوی، صدر ملتان ریجن انجینئر محشتم نقوی،سید آ ل رضا کاظمی،سید مدثر حسین نقوی،سید سجاد زیدی،میاں مظہر بلوچ،رضا حسین ایڈووکیٹ،علامہ ناصر سبطین ہاشمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.