عزاداروں کے مسائل کے حل کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے وفد کی کی سپیشل سیکرٹری داخلہ پنجاب سے ملاقات ، 15 ڈپٹی کمشنرز کوتحریری ہدایات جاری
لاہور (ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پنجاب کے وفد نے صوبائی جنرل سیکرٹری سید حسن کاظمی کی قیادت میں پنجاب بھر میں عزاداروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان سے ملاقات کی ۔
حسن کاظمی نے چاردیواری کے اندر مجالس عزا پر پابندیوں ، نئی مجالس کو روکنے ، عزاداری کے سرکاری شیڈول میں غلطیوں، پرامن خطباء علماء و ذاکرین پر پابندیوں اور جیلوں کے اندر مجالس عزا کے انعقاد کے حوالے سے ٹی این ایف جے محرم کمیٹی عزاداری سیل کے کنٹرول روم میں موصول شدہ مسائل کی فہرست ہوم ڈیپارٹمنٹ کے اعلی افسران کو پیش کی ۔
وفد نے کالعدم تنظیموں کی جانب سے نام بدل کر تشویشناک سرگرمیوں کے تدارک ، شیڈول فور میں پھنسے بیگناہ افراد کو بری کرنے ،کورونا وبا کے دوران مذہبی پروگراموں کے خلاف درج ہونیوالی ایف آئی آرز کے خاتمے اور بین المسالک ہم اہنگی کمیٹیوں اور دیگر اداروں میں مکتب تشیع کی موثر نمائندگی کا بھی مطالبہ کیا اور پنجاب میں حکومتی محرم کنٹرول رومز کے قیام اور انہیں ٹی این ایف جے محرم کمیٹی عزاداری سیل کے کنٹرول رومز سے منسلک کرنے کی اہمیت کو بھی اجا گر کیا تاکہ عزاداروں کو درپیش مسائل بروقت حل ہو سکیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کا سدباب کیا جاسکے ۔
سپیشل سیکرٹری داخلہ نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے عہدیداران کی جانب سے پیش کردہ جائز مسائل کے حل کیلئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور افسران کو تحریری ہدایات جاری کیں ۔ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سیکیورٹی عثمان، ڈپٹی سیکرٹری داخلہ ماہم،آئی جی جیل خانہ جات فاروق بھی موجود تھے ۔ جبکہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے وفد میں علامہ حسین کاظمی، سید تبیان زیدی، ارشاد علی نقوی ، عمران حیدر نقوی بھی شامل تھے ۔