پابندیاں توڑتے ہوئےعزادار گلی گلی علی علی کرتے نکل آئے؛ عزاداری احتجاج اور بنیادی حق ہے، شہادت علی کے جلوسوں پر حکومتی پابندی سنگین غلطی تھی،آغا حامد موسوی
یوم شہادت علی ؑ: آغا حامد موسوی کی کال پرشہر شہر مجالس و ماتمی احتجاجی جلوس،شیعہ سنی یکجہتی‘عشق رسالتؐ و اہلبیتؑ کے رقت انگیز مناظر
یورپی یونین کی قرارداد پر جرات حیدریؑ کا مظاہرہ کیا جائے، لبیک یا رسولؐ اللہ کا نعرہ سب سے پہلے علی ابن ابی طالب ؑ نے بلند کیا، آغا حامد موسوی
شعب ابی طالب ؑ کی سنت پر عمل کرنا ہوگا، بازاروں الیکشن میں لاک ڈاؤن نہیں صرف مذہب کو ٹارگٹ نہ بنایا جائے، جلوسوں پر پابندی سنگین غلطی تھی
صدر علوی اورحکومت نے این سی او سی فیصلوں پرٹی این ایف جے سے رابطہ کیوں نہ کیا؟حکومت انہی سے مشاورت کرتی ہے جو ہاں میں ہاں ملاتے ہیں
شان رسالت ؐمیں گستاخی ہو گی تو احتجاج ضرور ہوگا،عزاداری احتجاج‘ حکم قرآنی سنت نبویؐ اور بنیادی حق ہے، اویس قرنیؓ کے عمل کو کسی نے بدعت نہ کہا
اللہ کی بارگاہ میں دعا کی دستک جاری رکھیں وبا سے شفا کا دروازہ ضرور کھلے گا، خاندان رسالتؐ سے فرشتے شفا لیتے ہیں میلاد و عزاداری دارالشفا ہیں
قائد ملت جعفریہ آغا حامدموسوی کا میڈیاو عزاداروں سے خطاب؛ملک بھر میں تابوت کے جلوسوں کی برآمدگی،زنجیرو قمہ زنی نوحہ خوانی کے ذریعے پرامن ماتمی احتجاج
اسلام آباد( ولایت نیوز)امیر المومنین فاتح خیبر شیر خدا حضرت علی المرتضی ؑکا یوم شہادت پاکستان سمیت دنیا بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،جلوسوں پر حکومتی پابندی باوجود قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی کال پر پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں دیہات میں ماتمی احتجاجی جلوس نکالے گئے جن میں تابوت ذوالجناح علم کے تبرکات بھی شامل تھے، عزاداروں نے سینہ زنی زنجیرنی قمہ زنی نوحہ خوانی و ماتم کے ذریعے شہید مسجد کوفہ حضرت علی المرتضی کی شہادت کا پرسہ پیش کیا۔
اس مو قع پر عشق رسالتؐ و اہلبیت ؑ کے رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے جلوسوں کی دوران اہلسنت برادران نے سبیلیں لگائیں نیاز تقسیم کی اور بھرپور شیعہ سنی یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔
مرکزی ماتمی احتجاجی جلوس ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع علی ؑمسجدسے نکالا گیا جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی جلوس کی قیادت قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کی۔

اس موقع پر میڈیا نمائندوں اور عزاداروں کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے آغاسید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ علی ابن ابی طالب ؑ شاہکار رسالت ؐ ہیں،لبیک یا رسول اللہ کا نعرہ سب سے پہلے علی ابن ابی طالبؑ نے دعوت ذوای لعشیرہ میں بلند کیا،حکومت یورپی یونین کی قرارداد پر جرات حیدریؑ کا مظاہرہ کرے دین و وطن کی توقیر کیلئے شعب ابی طالب ؑ کی سنت پر عمل کرنا ہوگا او آئی سی کا اجلاس بلا کر یورپی یونین کی قرارداد کو مسترد کیا جائے، عمران خان اچھے آدمی ہیں لیکن انہوں نے قبول کیا کہ ان سے بہت سی غلطیاں ہوئیں، جلوسوں پر پابندی بھی ان کی سنگین غلطی تھی، اگر شان رسالت ؐمیں گستاخی ہو گی تو احتجاج ضرور ہوگاامیر المومنین ؑ کی شہادت پر بھی احتجاج ہوگاعزاداری کے جلوس احتجاج ہیں یہ سنت نبوی اور ہمارا بنیادی حق ہے بازاروں میں کوئی ایس او پیز نہیں الیکشن اور اسمبلی کے اجلاس ہورہے ہیں کہیں لاک داؤن نہیں تو عزاداری پر پابندی کیوں؟
آغاسید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ غزوہ احد میں رسولؐ کے دندان مبارک شہید ہوئے تو اویس قرنی نے اپنے تمام دانت تور دیئے کسی نے نہیں کہا بدعت ہے عزاداری خاندان رسالتؐ سے مودت کا اظہار ہے جہاں سے فرشتے شفا لیتے ہیں میلاد النبیؐ اور عزاداری کے ماتمی جلوس دارالشفا ہیں،اسلامیان عالم اللہ کی بارگاہ میں دعا کی دستک جاری رکھیں کرونا وبا سے شفا کا دروازہ کھل جائے گا،ہم کسی سے چھیڑ چھاڑ نہیں کرتے مگر ہمیں اپنے حق کے لئے لڑنے کا حق ہے،صدر عارف علوی اور حکومت سے پوچھیں کیا ماتمی جلوسوں کے بارے میں فیصلہ کرنے سے پہلے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سے مشاورت کیوں نہ کی؟، شیعیان حیدر کرار ماتمی عزاداروں کی نمائندہ صرف تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ہے حکومت ان سے ہی مشاورت کرتی ہے جو ہاں میں ہاں ملاتے ہیں ریاست مدینہ کے نام لیوا میثاق مدینہ کو اپنائیں۔
فضائل علی ابن ابی طالب ؑ بیان کرتے ہوئے آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ علی ابن ابی طالب کونبی کریم ؐپہلو میں سلاتے اپنے منہ میں لقمہ چپا کر علی کو دیتے تھے رسول اللہ نے علی ابن ابی طالب ؑ کی پرورش کی، علی واحد ہستی تھے جنہیں غار حرا میں وحی کی آواز سننے کا شرف ملا، علی ابن ابی طالب نے اسلام کی سب سے پہلے تصدیق کی،علی ابن ابی طالب تلواروں کے سائے میں شب ہجرت نبی کریمؐ کی شبیہہ بن بے خطر سوئے تمام خواتین فاطمیات اور امانتیں علی ؑ کے سپرد ہوئیں، بدر احد خندق حنین ہ خیبرہرمعرکہ میں علی اسلام کے ہیرو بنے اسلام کی ترویج علی ابن ابی طالبؑ کی تلوار کامرہون منت ہے خندق میں رسول نے علی کو عمر بن عبدود سے مقابلے کیلئے میدان میں بھیجا تو فرمایا کل ایمان کل کفر کے مقابلے میں جارہا ہے علی ؑ کی ایک ضربت کو نبی ؐ نے ثقلین کی عبادت سے افضل قراردیاجس کی عبادت افضل وہ خودثقلین سے افضل کیوں نہ ہوگا؟جنگ خیبر جب فتح نہ ہوا تو رسول نے کہا کہ میں اسے علم دوں گا جو مرد ہوگا اور وہ علم حضرت علی ابن ابی طالب کو عنایت ہوا، نبی کریم ؐ نے حجۃ الوداع سے واپسی پر علی کا ہاتھ بلند کرکے اعلان کیا کہ جس جس کا میں مولا اس کے علی مولا ہیں نبی کریم ؐآدمؑ سے لے کر عیسیؑ اور رہتی دنیا تک جس جس کے مولا ہیں ان سب کے علی مولا ہیں۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں جشن نزول قرآن، جمعۃ الوداع کو یوم القدس حمایت مظلومین اور 8شوال کو یوم انہدام جنت البقیع منائیں گے عید الفطر پر سیکیورٹی انتظامات سخت رکھے جائیں۔
درایں اثنا مکتب تشیع کے ہیڈ کوارٹر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی موہن پورہ اسلام آباد جی سکس ٹو کراچی لاہور کوئٹہ پشاور ملتان ڈیرہ غازی خان گجرات کوہاٹ مردان لکی مروت ڈیرہ اسماعیل خان گوجرانوالہ سیالکوٹ سکھر خیرپوردادو،حیدر آباد میں عظیم الشان جلوس نکالے گئے جن میں شیعہ سنی عزاداروں نے شرکت کرکے بے مثال مودت اہلبیت اوراتحادو یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
خواتین کی مرکزی مجلس جامعۃ المرتضی جی نائن فور اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس سے میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی اور تابوت شہید کوفہ برآمد کیا گیامختار فورس والنٹیئرز، ابراہیم سکاؤٹس ام البنین ڈبلیو ایف نے رضاکارانہ خدمات سر انجام دیں۔