جامعۃ المرتضی میں مہندی شہزادہ قاسم ؑ کی برآمدگی؛ نسل نو کو اپنے دلوں میں جذبہ قاسم ؑ پیدا کرنا ہوگا، عبیدۃ الزہرا موسوی ایڈووکیٹ

ولایت نیوز شیئر کریں

شہزادہ قاسم ابن حسن ؑکا جذبہ شہادت رہتی دنیا تک کے سالکانِ راہِ حق کیلئے مینارہِ نور ہے۔ عبیدۃ الز ھرا موسوی ایڈووکیٹ کا جامعہ المرتضی میں مجلس سے خطاب

اسلام آباد ( ولایت نیوز) نواسہ رسول ؐ امام عالی مقام کے جانثاروں اور جگر پاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجالس عزا کا سلسلہ ساتویں محرم کو بھی جاری رہا۔اس موقع پر نوشاہ کربلا شہزادہ قاسم ابن حسن ؑ کی مہندی برآمد کی گئی۔

ام البنین‘ڈبلیو ایف, سکینہ جنریشن، گرلز گائیڈ، انجمن دختران اسلام پاکستان کے زیراہتمام جامعہ المرتضٰی جی نائن فور اسلام آباد میں عشرہ محرم کی مجالس عقیدت و احترام کیساتھ جاری ہیں، سات محرم کو مہندی شہزادہ قاسم ابن حسن ؑ کی مناسبت سے مجلس عزا منعقد ہوئی ۔

مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مفسرہ قران سیدہ عبیدۃ الزھرا موسوی ایڈووکیٹ نے کہا کہ شہزادہ حضرت قاسم ؑ ابن حسن ؑ فضیلت کے اعلیٰ ترین درجے پرفائزہیں، شہزادہ قاسمؑ نے جس گھرمیں پرورش پائی اس گھرمیں برسوں سے فرشتوں کی آمدورفت رہی تھی۔ انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسن ؑ کی گودمیں شہزادے نے آنکھ کھولی اورجنہوں آپ کانام نامی قاسم رکھا۔آپ نے حضرت امام حسین ؑ کے گہوارہ عصمت تربیت پائی اور فنون حرب اشجع العرب قمربنی ہاشم حضرت عباس علمدار ؑسے حاصل کیے۔

انہوں نے کہاکہ شہزادے نے عالم علم لدنی سے تعلیم حاصل کی تھی خلق حسنی میراث میں پایاتھاآپ کی شیریں سخنی لوگوں کودنگ کردیتی تھی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ظلم کا بازار گرم کرنے والے دشمنانِ اسلام کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلئے نسل نو کو اپنے دلوں میں جذبہ قاسم ؑ پیدا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلام کا گہوارہ بنانے کیلئے مشاہیر اسلام کی سیرت و کردار پر عمل پیرا ہونا ازحد ضروری ہے۔

عبیدۃ الزہرا نے باورکرایا کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا اور تمام مکاتب نے مل جل کر حصول پاکستان میں اپنی قربانیاں پیش کیں اور آج بھی بقائے پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ تمام مکاتب باہمی اتحادو یگانگت سے تمام دشمنان دین ووطن کو ناکام و نامراد کردیں۔

مجلس سے مختلف خطیبات و ذاکرات نے خطاب کرکے شہزادہ گلگوں قبا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شبیہ مہندی حضرت قاسم علیہ السلام برآمد ہوئی اور پرسہ داری کی گئی۔

مجلس عزا میں سیکورٹی کے فرائض ام البنین ڈبلیو ایف نے ادا کیے جبکہ سکینہ جنریشن اور گرلز گائیڈ نے معاونت کے فرائض سرانجام دیئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.