کربلائے معلی میں آیۃ اللہ سعید الحکیم کی تشیع جنازہ و نیابتی زیارت ، لاکھوں افراد کی شرکت؛ میت نجف اشرف روانہ
کربلائے معلی ( ولایت نیوز) ہفتہ 26 محرم کو مرجع شیعیان جہاں آیت اللہ العظمی سید محمد سیعد الحکیم قدس سرہ کی تشیع جنازہ اور نیابتی زیارت کے مراسم کربلا مقدسہ میں ادا کیے گئے کہ جس میں علماء کرام ، مراجع عظام کے نمائندگان، مقدس حرموں کے خدام، حوزہ علمیہ کے طلاب اور سیاسی و سماجی شخصیات سمیت مومنین و عزاداروں نے لاکھوں کی تعداد نے شرکت کی۔
جب مرحوم آیت اللہ کی میت کربلا لائی گئی تو کربلا کے مقامات مقدسہ میں سوگواروں کی بہت بڑی تعداد سید محمد سعید الحکیم قدس سرہ کی تشیع جنازہ اور نیابتی زیارت کے مراسم میں شرکت کے لئے پہلے ہی سے موجود تھی۔
روضہ مبارک سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے شرعی متولی شیخ عبدالمہدی کربلائی نے جنازے کا استقبال کیا اور روضہ مبارک کےسیکرٹری جنرل اور مجلس ادارہ کے ارکان اور خدام کی موجودگی میں مراسم زيارت ادا کیے گئے اور پھر میت کا ضریح مبارک کے گرد طواف کروایا گیا۔
اس کے بعد ما بین الحرمین سے ہوتے ہوئے جنازہ کو روضہ مبارک شہنشاہ وفا حضرت عباس علمدار لے جایا گیا کہ جہاں پر روضہ مبارک حضرت عباس علمدار ؑ کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی نے جنازے کا استقبال کیا اورہائر آفیشلز اور خدام اور تشییع جنازہ میں شامل افراد کی موجودگی میں مراسم زيارت ادا کیے گئے اور پھر میت کا ضریح مبارک کے گرد طواف کروایا گیا۔
نیابتی زیارت کے دوران مسلسل مجلس عزا کا سلسلہ جاری رہا اور مومنین دشت کربلا کے مظلوموں کے غم کو یاد کرکے گریہ و ماتم کرتے رہے ۔
مراسیمِ زیارت کی ادائیگی کے بعد آیت اللہ العظمی سید محمد سعید الحکیم (قدس سرہ) کا جنازہ نجف اشرف روانہ ہو گیا۔
کربلا آمد سے قبل آج صبح مرجع دینی آیت اللہ العظمی سید محمد سیعد الحکیم قدس سرہ کی تشیع جنازہ اور نیابتی زیارت کے مراسم نجف اشرف میں ادا کیے گئے کہ جس میں علماء کرام ، مراجع عظام کے نمائندگان، مقدس حرموں کے خدام، حوزہ علمیہ کے طلاب اور سیاسی و سماجی شخصیات سمیت مومنین کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔