نقشے سے فلسطین کو مٹانے کا کریڈٹ عرب حکمرانوں کو جاتا ہے،قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

دنیا کے نقشے سے فلسطین کو مٹانے کا کریڈٹ عرب مسلم حکمرانوں کو جاتا ہے،قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
سرزمین انبیاء کواسرائیل میں ضم کرنا عالم اسلام کی غیرت کیلئے چیلنج ہے مسلم ممالک استعماری کمپنیوں کا بائیکاٹ کریں
مسلم حکمرانوں کی خاموشی خفیہ ڈیل کی عکاس ہے، خلافت عثمانیہ کو توڑ کر مسلط ہونے والے پٹھو آج بھی اپنا کام دکھا رہے ہیں
کشمیری فلسطینی مجاہدین مسلم حکمرانوں کے بجائے اللہ پر بھروسہ رکھیں، ان کی مظلومانہ جدوجہدایک دن ضرور فتح سے ہمکنار ہوگی
مسلم عوام کے دل ایک دوسرے کیلئے دھڑکتے اور تڑپتے ہیں، حکمرانوں کو صرف اقتدار کی تڑپ اور اس کے چھن جانے کا دھڑکا لگا رہتا ہے
امام محمد تقی ؑنے عزم و استقلال کا کو ہ گراں بن کر اسلام کے خلاف ہو نے والی سازشوں کا رستہ روکا،والنٹیئرز سے خطاب

اسلام آباد (ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ گوگل اور ایپل کی جانب سے دنیا کے نقشے سے فلسطین کو مٹانے کا کریڈٹ عرب مسلم حکمرانوں کو جاتا ہے،سرزمین انبیاء فلسطین کواسرائیل میں ضم کرنا عالم اسلام کی غیرت کیلئے چیلنج ہے مسلم ممالک استعماری کمپنیوں کا بائیکاٹ کریں، عرب لیگ اوآئی سی اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی خفیہ ڈیل کی عکاس ہے، خلافت عثمانیہ کو توڑ کر مسلط ہونے والے پٹھو آج بھی اپنا کام دکھا رہے ہیں،کشمیری فلسطینی مجاہدین مسلم حکمرانوں کے بجائے اللہ پر بھروسہ رکھ کر اپنا وجود منوائیں،آزادی و حریت کیلئے ان کی مظلومانہ جدوجہدایک دن ضرور فتح سے ہمکنار ہوگی، مسلم فرمانرواؤں کو اسلام اورمسلمانوں کے بجائے حکمرانیاں عزیز ہیں، امام محمد تقی علیہ السلام نے عزم و استقلال کا کو ہ گراں بن کر اسلام کے خلاف ہو نے والی سازشوں کا رستہ روکا، امام تقی علیہ السلام کی سیرت تقاضہ کررہی ہے کہ مسلم ممالک استعماری شکنجے سے باہر آئیں، کورونا وبا کے پیش نظر سکاؤٹس اور والنٹیئر ز کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختار فورس والنٹیئرز کی نگران کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغاسید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ البانیہ سے گوادر تک مسلم عوام کے دل دوسرے مسلم برادران کیلئے دھڑکتے اور تڑپتے ہیں جبکہ مسلم حکمرانوں کو صرف اقتدار کی تڑپ اور اس کے چھن جانے کا دھڑکا لگا رہتا ہے وہ استعمار کی کاسہ لیسی کو اقتدار کے دوام کی سند سمجھتے ہیں اگر مسلم حکمران’بندہ‘ بنتے تو تو عالم اسلام کے مسائل حل ہو چکے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ مسجد اقصی کی آتشزدگی کے بعد وجود میں آنے والی او آئی سی کا وجود ابلیسی قوتوں کی موت تھا اس سے پہلے شیطانی قوتوں نے بمشکل خلافت عثمانیہ سے جان چھڑائی تھی مسلمانوں کی عظیم سلطنت توڑنے اور اسرائیل کے ایام کی راہیں ہموار کرنے کیلئے جاسوسوں کے نیٹ ورک بچھائے گئے اور پٹھو حکمران لائے گئے جنہوں نے گذشتہ ایک صدی میں من و عن ابلیسی قوتوں کے اشارے پر کام کیا عرب سربراہان نے اندرونی طور پر ہمیشہ اسرائیلی مفادات کو سپورٹ کیا اور اب بھی کررہے ہیں جس کا خمیازہ عالم اسلام بھگت رہا ہے ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اقوام متحدہ بھی صیہونی اور استعماری مفادات کیلئے وجود میں لائی گئی جس نے آج تک مسلمانوں کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا جبکہ غیر مسلموں کے مسائل مشرقی تیمور ہو یا سوڈان فوری حل کروادیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانا، گولان پہاڑیوں مغربی کنارے کو ہڑپ کرنااور غیر قانونی صیہونی بستیوں کی پشت پناہی فلسطین کو ختم کرنے کے دیباچے تھے،استعماری قوتیں ہمیشہ مسلمانوں کو کمزور کرنے کیلئے جال بنتی رہی ہیں جس دن سے پاکستان وجود میں آٰا ہے ازلی دشمن بھارت اس کے وجود کے پیچھے پڑا ہے بھارتی جاسوسوں کے نیٹ ورک پکڑے گئے دہشت گردی کے پیچھے بھارتی ہاتھ بے نقاب ہوا آبی دہشت گردی آج بھی جاری ہے اس کے باوجود عالمی طاقتیں بھارت کی گوشمالی کرنے کے بجائے پاکستان سے ڈو مور کے مطالبے کررہی ہیں جو کھلی منافقت ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اقوام متحدہ اگر اپنا وجود اور اوآئی سی اپنی عزت بچانا چاہتی ہے تو کشمیر و فلسطین سمیت تمام مظلوموں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.