
ماتمی احتجاجی ریلی پر تشدد؛ انکوائری کمیٹی بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد (ولایت نیوز ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے وفد نے مرکزی سیکرٹری تعلقات عامہ سید حسن کاظمی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وفد نے شہادت امام حعفر صادقؑ کی مناسبت سے منعقدہ ماتمی احتجاجی ریلی کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے بےجا رکاوٹوں اور لاٹھی چارج کے باعث مکتب تشیع میں پائی جانیوالی تشویش و اضطراب سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے ناخوشگوار واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے کارکنوں کی جانب سے امن کا دامن نہ چھوڑنا لائق ستائش ہے۔
اس موقع پر حسن کاظمی نے باور کروایا کہ آئین کے مطابق تمام مکاتب اور شہریوں کے حقوق کی یکساں فراہمی سے ہی بانیان پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے یقین دلایا کہ آمدہ محرم میں باہمی رابطہ یقینی بنانے اور عزاداروں کے مسائل کے حل کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے وفد میں علامہ فخر عباس ہمدانی، علامہ کاظم رضا کاظمی، شوکت عباس جعفری، ذوالفقار علی راجہ، عمار یاسر علوی، اور تبیان عباس زیدی بھی شامل تھے۔