لبیک یا ابوطالبؑ: ایام الحزن کے دوران ناموس رسالت ؐ کے تحفظ کیلئے ملک بھر میں ماتمی احتجاج،اسرائیل تسلیم کرنے کی دوڑ میں مصروف ممالک سے توہین رسالتؐ کے خلاف اقدام کی توقع فضول ہے،آغا حامد موسوی
گلگت بلتستان الیکشن میں کالعدم جماعتوں کو چھٹی دینا تشویشناک ہے مفاداتی سیاست پر دو قومی نظریہ قربان نہیں ہونے دیں گے،آغا حامد موسوی
فرقہ واریت کے پھیلاؤ کے پیچھے مسلم ممالک کو مسلکی ریاستوں میں تبدیل کرنے کی سازش کارفرما ہے،انتہا پسندی بعض قوتوں‘ کی ضرورت ہے
اسرائیل تسلیم کرنے کی دوڑ میں مصروف ممالک سے توہین رسالتؐ کے خلاف اقدام کی توقع فضول ہے،توہین کے مقابلے کیلئے تشدد کی حوصلہ شکنی کی جائے
کورونا کی پہلی لہر کا مقابلہ مذہب کی طاقت سے کیا آئندہ بھی کریں گے،نفرتیں پھیلانے والوں کو کئی منصب دینا سوالیہ نشان ہے،میڈیا پر قدغنیں صائب نہیں
غیر مسلم قبرستان میں معمولی دھماکے پر واویلا جاری؛ اہلبیتؑؑ پاکیزہ صحابہؓکے مزارات کی مسماری پر کسی عالمی ادارے کے کانوں پر جون بھی نہیں رینگی
حضرت ابوطالبؑ کا غم سنت رسولؐ ہے جنہوں نے تحفظ رسالتؐ پر سبھی کچھ قربان کردیا،جلوس میں خطاب؛: ناموس رسالت ؐ کے تحفظ کیلئے ملک بھر میں ماتمی احتجاج
اسلام آباد(ولایت نیوز)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ فرقہ مسلک و عصبیت کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لینا ملک و قوم کیلئے زہر قاتل ہے گلگت بلتستان الیکشن میں کالعدم جماعتوں کو چھٹی دینا تشویشناک ہے مفاداتی سیاست پر دو قومی نظریہ قربان نہیں ہونے دیں گے، فرقہ واریت کے پھیلاؤ کے پیچھے مسلم ممالک کو مسلکی ریاستوں میں تبدیل کرنے کی سازش کارفرما ہے،مختلف الخیال مفاداتی اتحاد دیرپا نہیں ہو سکتے،اسرائیل کو تسلیم کرنے کی دوڑ میں مصروف ممالک سے توہین رسالت کے خلاف اقدام کی توقع فضول ہے، کورونا کی پہلی لہر کا مقابلہ بھی مذہب کی طاقت سے کیا آئندہ بھی ایسا ہی کریں گے کوئی طاقت میلاد النبی ؐاور عزاداری کے جلوسوں کو روک نہیں سکتی۔
انہوں نے کہا کہ مسلما ن کہلانے والے تشدد اور انتہا پسندی کی حوصلہ شکنی کریں توہین کرنے والے ناکام رہیں گے،سرزمین ِ عرب پر غیر مسلموں کے تاریخی آثار کی تلاش و تحفظ کیا جارہا ہے لیکن اسلامی آثار کو مٹایا جا رہا ہے،80 کے قریب جماعتیں کالعدم قرار دی گئیں لیکن وہ آزادانہ کام کر ہی ہیں اور نظریاتی کونسل، رویت ہلال کمیٹی سمیت تمام اداروں میں براجمان ہیں،نفرتیں پھیلانے والوں کو کئی کئی منصب دینا سوالیہ نشان ہے ایسا لگتا ہے کہ دہشتگردی و انتہا پسندی بعض قوتوں کی ضرورت ہے،میڈیا پر قدغنیں صائب نہیں چینلوں اخباروں کو بند کرنا بہادری نہیں،نبی 50سال مکہ میں حضرت ابوطالب کی کفالت میں رہے، اللہ نے ابوطالب ؑ کی کفالت کو اپنی کفالت قرار دیا، نگہبان رسالتؐحضرت ابوطالبؑ وام المومنین حضرت خدیجۃ الکبری ؑ کا غم سنت رسولؐ ہے جن کی وفات پر نبی کریم ؐ نے عام الحزن منایا، حضرت ابوطالب ؑنے تحفظ رسالتؐکے نظریے پر اپنی اولاد رشتے زمین سبھی کچھ قربان کردیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگہبان رسالتؐ حضرت ابو طالب کے وصال کی مناسبت سے ایام الحزن کے مرکزی ماتمی احتجاجی جلوس کی قیادت کرتے ہوئے عزاداروں اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایام الحزن کے دوران تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے ملک بھر میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف ماتمی احتجاج کا اعلان کررکھا ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ سعودی عرب میں ایک غیر مسلم قبرستان میں دھماکے اور چند افراد کے زخمی ہونے پر واویلا جاری ہے جنت المعلی اور جنت البقیع کے وہ قبرستان جہاں اسلام کے محسن اہلبیت اطہارؑ پاکیزہ صحابہ کبارؓ اور رسول کریمؐ کے آباء و اجداد مدفون ہیں انکی مسماری پر کسی عالمی ادارے کے کانوں پر جون بھی نہیں رینگی۔انہوں نے کہا کہ مسلمان خود رسول پاک اور انکے اقرباء اور اصحاب باوفا کی توہین نہ کرتے تو کفار کو بھی جرات نہ ہوتی نبیؐ کی بیٹیوں کو بازاروں میں پھرایا گیا دوش مصطفی ؐ کے سوار امام حسین ؑ کو کربلا میں بیدردی سے شہید کیا گیاخانوادہ رسالتؐ کو زہر کے جام پلائے گئے اور ان کے پاکیزہ صحابہ کے خون کے گارے بنوائے گئے لیکن راہ ابوطالب ؑ پر چلنے والوں نے توہین کرنے والوں کے مقابل شان رسالت ؐ کا پرچم سربلند رکھا۔
آغا سیدحامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے سب سے پہلے فرمان رسالت ؐ کے مطابق قرآن و اہلبیتؐ سے حاصل ہونے والے حقیقی اسلام پر خود عمل پیرا ہونا ہوگا،کس قدر دکھ کا مقام ہے سعودیہ میں نعت پڑھنے، اذان سے قبل درود شریف یا قبرستان میں زیارت پڑھنے کی بھی اجازت نہیں ہے، مسلم ممالک کو وسعت نظر کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سنن ابی داؤد کے مطابق رسالتماب ؐ نے ایک صحابی کو کسی دوسرے کی جانب سے ستم ظریفی کا نشانہ بننے کے نتیجہ میں سامان گھر سے باہر نکال کرراستے پر رکھ کر احتجاج کرنے کا حکم دیا، جسکے بعد ہر گزرنے والا ظالم پر لعنت کرتا ہوا گزرتا، ظلم کے خلاف احتجاج ازروئے قرآن و سنت بنیادی حق ہے ہم فرمانِ مولا علی ابن ابی طالبؑکے تحت ہر ظالم کے دشمن اور ہر مظلوم کے بے لوث حامی ہیں۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے مسلم ممالک سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو جائیں اتحاد ہی میں مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل پوشیدہ ہے۔

درایں اثنا ہیڈکوارٹر مکتب تشیع میں موصولہ اطلاعات کے مطابق ایام الحزن کے دوران توہین رسالت ؐ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ ہفتہ کو بھی جاری رہا، ٹی این ایف جے اور ذیلی تنظیموں کی جانب سے نیشنل پریس کلب سمیت ملک کے مختلف مقامات پر ماتمی احتجاج کیا گیا جن میں مسلم ممالک پر زور دیا گیا کہ توہین رسالت ؐ کے مسلسل واقعات کیخلاف مشترکہ اور موثر اقدامات کامطالبہ کیا گیا۔