یوم مختار آل محمدؐ : شان رسالت ؐ و ختم نبوتؐ پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کے حسینی ؑعزم کی تجدید؛ مظلومین کشمیر و فلسطین سے اظہار یکجہتی

ولایت نیوز شیئر کریں

 جادہ مختارؒآل محمد ؐ پر چلتے ہوئے وطن عزیز کیخلاف ہر سازش کو باہمی اتحاد سے ناکام بنادیا جائیگا۔ علامہ آغاسیدحسین مقدسی
 حضرت مختار ثقفی نے توہین رسالت ؐکے مرتکب یزید نابکار کے مقابلے میں قیام کیا۔ سربراہ ٹی این ایف جے کایوم مختارآل محمدؐ کی تقریب سے خطاب
 یوم مختار آل ؑ محمدؐ مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا، مختارؒ کی للکار آج بھی استعماری اور صیہونی ایوانوں کو لرزہ بر اندام کر سکتی ہے
شعائر اللہ اورمشن ولاء و عزاکے تحفظ کیلئے مختار فورس کے کارکن  سربراہ تحریک علامہ ااغاسیدحسین مقدسی کے ہر لائحہ عمل پر بھرپور لبیک کہیں گے
 مشن مختارآل محمدؐ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔تقریبات سے علامہ قمر زیدی،چوہدری مشتاق حسین اور دیگر کا خطاب

راولپنڈی( ولایت نیوز) قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے قائم کردہ عیدِ زہر ا ؐ اور یوم مختار ؒ آل محمد ؐ مذہبی جوش و جذبے اورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر مذہبی تنظیموں اور دینی اداروں کی جانب سے محافل‘جلسے اور تہنیتی تقریبات منعقد ہوئیں۔علمائے کرام‘ذاکرین و واعظین نے تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے عیدِ زہرا ؐ کی فضیلت و اہمیت اور حضرت مختار ثقفی کے گراں قدر کارناموں پر تفصیلی روشنی ڈالی اوراس موقع پرشان رسالت ؐ و ختم نبوتؐ پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کے حسینی ؑعزم کی تجدید کرتے ہوئے،ولولہ مختار سے سرشار ہو کر رحمت بھری ساعتوں میں کربلائے کشمیر و فلسطین کی آزادی سمیت مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی کیا گیا اور دین اور وطن سے لازوال محبت و عقیدت کے عہد کی تجدید کی گئی ۔

یکم محرم سے 8 ربیع الاول تک ملک کے طول و عرض میں برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں اور مجالس عزاکے تحفظ کیلئے سیکیورٹی فورسز اور ان کے دوش بدوش ایم ایف وی کے بے لوث جوانوں،ابراہیم سکاوٹس، ایم او، مختار سٹوڈنٹس، مختار جنریشن اور خواتین پروگراموں میں ام البنین ڈبلیو ایف کی رضاکارانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عہدکااعادہ کیاگیا مشن مختارآل محمدؐ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ مختار فورس والنٹیئرضلع راولپنڈی کے زیراہتمام عزاخانہ معصومہ قم راولپنڈی مختار ؒ آل محمد ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے اس عزم کااعادہ کیا ہے کہ جادہ مختارؒآل محمد ؐ پر چلتے ہوئے دین و وطن کیخلاف ہر سازش کو باہمی اتحاد و یگانگت کیساتھ ناکام کر دیا جائے گااور دہشت گردی کے قلع قمع، کشمیر و فلسطین کی آزادی، القدس کی بازیابی کیلئے تمام عالمِ اسلام کو اپنے اندر جذبہ مختارؒ پیدا کرنا ہو گا، مسلمانوں کی ذلت و رسوائی اورکمزوری کا سبب تعلیمات محمد و آل محمد ؐ سے انحراف اور انکے پاکیزہ ورثہ سے بیگانگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت مختار نے کتاب اللہ،سنتِ رسول اللہ،امام حسین ؑ اور آپ ؑ کے اصحاب ؓ و انصار کے خون کا انتقام (عدل و انصاف کا قیام)،مظلومین و محرومین اور کمزوروں کی حمایت و دفاع کیلئے جدوجہد کی اوراہداف قدسیہ پر عمل کرکے یزیدیت،آمریت اور ظلم و بربریت کے پرخچے اڑا کررکھ دیئے،گویامختار عدل و انصاف کے قیام کیلئے غیبی تلوار بن کر ابھرے۔انہوں نے کہا کہ رسول خدا نے اپنی امت کو یہ پیشینگوئی بطورِ بشارت دی تھی کہ خدا ظالمین سے فسق و فجور کا انتقام ظالموں پر مختار کو مقر ر کرکے لے گا۔انہوں نے کہاکہ مختار ثقفی کی سیرت عالمی استعمار سے بچاؤ کیلئے دنیائے مظلومین کا محکم ترین ہتھیار ہے اور خدا وندِ عالم نے دشمنانِ دین و شریعت کی ہلاکت کا جو وعدہ کیا اسکی تکمیل کیلئے حضرت مختار ؒ میدانِ عمل میں کود پڑے،اسی بناء پر حضرت امام زین العابدین ؑ نے مختار ؒ کو جزائے خیر کی دعا دی۔

تقریب سے علامہ سید قمرحیدرزیدی،چوہدی مشتاق حسین،سیدقاصدحسین شاہ، مولانا شجاعت گردیزی، اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔مختارفورس راولپنڈی کینٹ کے زیراہتمام مرکزی امام بارگاہ قصر ابو طالب ؑ مغل آباد راولپنڈی میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔اس موقع پر مختارفور س کی نگران کونسل کے چیئرمین چوہدری مشتاق حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مختار ؒ کے درجات کی بلندی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مسجدِ کوفہ میں آپ کی قبرِ اطہر آج بھی مرجع خلائق ہے۔ڈھوک سیداں میں مختارفورس راولپنڈی کینٹ کے زیراہتمام حضرت مختارثقفی کاسہراجعفری ہاؤس سے برآمدہو۔ اس موقع پرجشن مختارسے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدقمرزیدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شعائر اللہ کے تحفظ اورمشن ولاء و عزاء کے پاکیزہ اہداف کے تحفظ و فروغ کیلئے مختار فورس کے کارکن  سربراہ تحریک نفاذفقہ جعفریہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی کے ہر لائحہ عمل پر بھرپور لبیک کہیں گے۔راولپنڈی شہر اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف مذہبی و ماتمی تنظیموں کے زیراہتمام یوم مختار آل محمد کی محافل منعقد کی گئیں جن میں قصیدہ خوانی کے ذریعے حضرت مختار ؒ کے ساتھ عقیدت و محبت کا اظہار کیا گیا۔درایں اثناء جشن عیدِ زہر ا ؐ اور یوم مختار ؒ آل محمد ؐ  کے موقع پر راولپنڈی سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں مذہبی تنظیموں اور دینی اداروں کی جانب سے محافل‘جلسے اور تہنیتی تقریبات منعقد ہوئیں۔علمائے کرام‘ذاکرین و واعظین نے تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے عیدِ زہرا ؐ کی فضیلت و اہمیت اور حضرت مختار ثقفی کے گراں قدر کارناموں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.