
فروغ عزاداری کنونشن : مکتب تشیع کے تاریخی آثار اور عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اسلام آباد
وطنِ عزیز کی ترقی و استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ٹی این ایف جے
اپنے آئینی حقوق، عبادات کی آزادی، تمام ریاستی اداروں میں برابری کی سطح پر نظریاتی نمائندگی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے
محرم میں امن و امان کیلئے قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد موسویؒ کی تاسی میں علامہ آغا سید حسین مقدسی کے ضابطہ عزاداری پر عمل کِیا جائیگا
تمام ماتمی جلوسوں کو موسوی جونیجو معاہدے کے مطابق برآمد کرایا جائے، میلادالنبیؐ اور عزاداری عالمِ اسلام کی وحدت و اخوت کے مظہر ہیں
عزاداری بنیادی حق ہے جس پر کوئی سودا بازی نہیں کریں گے، پُرامن ذاکرین و خطباء اور بانیانِ مجالس پر پابندیوں سے گریز کِیا جائے
سلطان الفقراء حضرت بری امام سرکارؒ کے سالانہ عرس، پرسہ داری اور مزار شریف کی عظمتِ رفتہ کو بحال کِیا جائے
ایف الیون بھیکہ سیداں میں دربارِ عالیہ سخی شاہ مزمل شاہ بادشاہ کاظمیؒ، تاریخی آثار اور عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے
کالعدم تنظیموں کو اجلاسوں، امن کمیٹیوں اور ریاستی اداروں میں عہدے دینا ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہے
حکومت کالعدم جماعتوں پر شکنجہ سخت کر لے۔ بھیکہ سیداں میں ”فروغِ عزاداری کنونشن“ کا اعلامیہ، بانیانِ مجالس، ماتمی سالاروں کی شرکت
پاکستان ہم نے بنایا تھا اسکا دفاع بھی ہمیشہ ہم ہی نے کِیا۔ سیکرٹری جنرل علامہ بشارت امامی، ذوالفقار علی راجہ، علامہ شبیہ کاظمی، علامہ فصاحت گردیزی کا خطاب
اسلام آباد (ولایت نیوز ) اپنے عقیدہ و نظریہ پر ثابت قدم رہتے ہوئے وطنِ عزیز کی ترقی و استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اپنے آئینی حقوق، عبادات کی آزادی، ترقی کے یکساں مواقع، تمام ریاستی اداروں میں برابری کی سطح پر نظریاتی نمائندگی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، محرم الحرام میں امن و ہم آہنگی کے فروغ کیلئے قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے تاسی میں تحریکِ نفاذِ فقہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی کے ضابطہ عزاداری پر عمل کِیا جائیگا، تمام ماتمی جلوسوں کو موسویؒ جونیجو معاہدے کے مطابق برآمد کرایا جائے، میلادالنبیؐ اور عزاداریِ امام حسینؑ عالمِ اسلام کی وحدت و اخوت کے مظہر ہیں، پاکستان میں کوئی شیعہ سُنی لڑائی نہیں، ہمیشہ متحد رہیں گے، عزادادری بنیادی حق ہے، پُر امن ذاکرین و خطباء اور بانیانِ مجالس پر پابندیوں سے گریز کِیا جائے، سلطان الفقراء حضرت بری امام سرکارؒ پر سالانہ پرسہ داری اور مزار شریف کی عظمتِ رفتہ کو بحال کِیاجائے، حضرت سخی محمود شاہ بادشاہؒ کی واقف اراضی سی ڈی اے واگزار کرے، علیحدہ شیعہ اوقاف تشکیل دیا جائے، دربارِ عالیہ سخی شاہ مزمل شاہ بادشاہ کاظمیؒ اور بھیکہ سیداں تاریخی آثار اور عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے کی جانب سے دیگر مسالک کو عبادت گاہوں کیلئے پلاٹ آلاٹ صائب عمل ہے جبکہ ملتِ جعفریہ کو یکسر نظر انداز کرنا غیر اخلاقی اور لمحہ فکریہ ہے، کالعدم تنظیموں کو اجلاسوں، امن کمیٹیوں اور ریاستی اداروں میں عہدے دینا ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہے، دہشت گردی ہمیں وطن کی محبت اور امن کی راہ سے کبھی نہیں ہٹا سکتی، حکومت ایکشن پلان کی تمام شِقوں پر عمل کرتے ہوئے کالعدم جماعتوں پر شکنجہ سخت کریں۔
اس امر کا اظہار تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ فیڈرل کیپٹیل اسلام آباد کے زیرِ اہتمام امام بارگاہ ام البنینؑ ایف الیون بھیکہ سیداں میں منعقدہ ”فروغِ عزاداری کنونشن“ کے اختتام پر اعلامیہ میں کِیا گیا۔

کنونشن کی صدارت ٹی این ایف جے فیڈرل کیپٹیل اسلام آباد کے صدر ذوالفقار علی راجہ نے کی۔ سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ بشارت حسین امامی، علامہ شبیہ سید الحسن کاظمی، آغا سید محمد علی شاہ کاظمی اس موقع پر مہمانانِ خصوصی تھے۔ کنونشن میں عہدیداران کے علاوہ دونوں اضلاع، دیہاتوں اور گرد و نواح سے نمائندگان، عزاداروں، ماتمی سالاروں نے شرکت کی۔ اعلامیہ میں باور کرایا کہ وطنِ عزیز پاکستان ہم نے بنایا تھا اسکا دفاع بھی ہر محاذ پر ہر اول دستے کو طور پر ہم نے کِیا۔
سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ بشارت حسین امامی نے اس عہد کا اعادہ کِیا کہ بانیانِ پاکستان کے فرامین کی روشنی میں اپنے حقوق، عبادات کی آزادی، ترقی کے یکساں مواقع، تمام ریاستی شعبوں میں برابری کی سطح پر نمائندگی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، اپنے حقوق کیلئے ہم بڑے سے بڑے ڈکٹیٹروں فرعونوں سے ٹکرانے سے نہ پہلے گھبرائے نہ آئندہ گھبرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دینی و قومی اہداف کیلئے کنونشن کا انعقاد لائقِ تحسین اور خوش آئند ہے نیک و پاکیزہ جذبوں سے سرشار فرزندانِ قوم یہ جان لیں وطن کی مضبوطی اور دنیا و آخرت میں کامیابی کیلئے دین کے اصولوں اور مرکز کے اہداف کی شناسائی، فہم و ادراک اشد ضروری ہے، مکتبِ تشیُع توحید، عدل، نبوت، امامت و قیامت کی پانچ بنیادوں پر استوار ہے، ان تمام عقائد کا تعلق دل سے ہے جن کے اظہار کیلئے فروعاتِ دین نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ، خمس، جہاد، امر بالمعروف، نہی عن المنکر، تولا اور تبرا پر عمل واجب ہے۔ لہٰذا اصولہائے دین اور فروعات کے تحفظ کیلئے قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے دیے گئے پانچ رہنما اصول ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے واضح کِیا کہ مرکزِ مکتبِ تشیُع سے منسلک و مربوط رہنے میں ہی قوم کی بھلائی اور فلاح کا راز مضمر ہے۔
ذوالفقار علی راجہ نے صدارتی خطاب میں اس عزم کا اظہار کِیا مادرِ وطن کے تحفظ اور دین کی سربلندی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ مندوبینِ کنونشن نے سربراہِ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی کے پیغام پر لبیک کہنے کیلئے بلند نعروں کی گونج میں ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کے عہد کا اظہار کِیا۔ ٹی این ایف جے فیڈرل کیپٹیل کے جنرل سیکرٹری علامہ فصاحت گردیزی نے ٹی این ایف جے کے عہدیداران، ذیلی شعبہ جات، ماتمی عزاداران، سیکیورٹی فرائض سرانجام دینے والے جوانانِ مختار فورس (رضا کار)، ابراہیم اسکاؤٹس (اوپن گروپ) مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، مختار آرگنائزیشن، مختار جنریشن، مقامی پولیس انتظامیہ سمیت معاونت کرنیوالے تمام احباب کا شکریہ ادا کِیا جن کے بھرپور تعاون سے کنونشن نہایت کامیابی سے ہمکنار ہوا۔