یوم القدس حمایت مظلومین : تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ظلم کے خلاف سراپا احتجاج
جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس حمایتِ مظلومین کے موقع پر تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کی کال پر مُلک گیر مظاہرے، احتجاجی ریلیاں
صیہونی و استعماری سازشوں کی وجہ سے فلسطین و کشمیر کی آزادی القدس کی بازیابی سوالیہ نشان بن گئی ہے، علامہ آغا سید حسین مقدسی
قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کی جانب سے یوم القدس حمایتِ مظلومین منانے کی بنیاد رکھنے کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے
عالم اسلام بیت المقدس کی بازیابی، کشمیرکیآزادی چاہتاہے تو جنت البیقع اور جنت المعلیٰ کی تعمیر کویقینی بنائے مسلم امہ کے مسائل کی گارنٹی ہم دیتے ہیں
عالمی ادارے کشمیر و فلسطین کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے خوابِ غفلت سے بیدار ہو کر اپنا عملی کردار ادا کریں۔ سربراہ ٹی این ایف جے کا پیغام
عالمِ اسلام کے مسائل کا اصل سبب خود مسلم حکمران ہیں جو عالمی استعمار کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ علامہ بشارت امامی کا آبپارہ میں ریلی سے خطاب
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، گلگت، مظفر آباد، آزاد کشمیر میں سُنی شیعہ اتحاد کا مظاہرہ، قمر زیدی، شبیہ کاظمی، شوکت جعفری کا خطاب
اسلام آباد ( ولایت نیوز) تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی کی خصوصی ہدایت پر قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے قائم کردہ عالمی یوم القدس حمایتِ مظلومین جمعۃ الوداع کو دنیا بھر کی طرح وطنِ عزیز پاکستان میں مظلومینِ عالم سے اظہارِ یکجہتی کے جذبے کیساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول کی آزادی، مظلومینِ کشمیر و فلسطین کی حمایت، صیہونی و بھارتی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، علمائے کرام اور واعظین نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے واضح کِیا کہ القدس شریف نہ صرف اسلام بلکہ تمام انسانیت کے نزدیک قابلِ احترام ہے جو شعائر اللہ میں شامل ہے، اس کی عزت و حرمت کی بحالی کے لیے اسے صیہونی پنجوں سے بازیاب کرانا تمام عالمِ اسلام کا شرعی و ایمانی فریضہ ہے۔ اسلام آباد میں عالمی یوم القدس حمایتِ مظلومین کے موقع پر قبلہ اول کی آزادی، مظلومینِ کشمیر و فلسطین کی حمایت، صیہونی و بھارتی بربریت اور دہشت گردی کیخلاف دربار سخی محمودؒ بادشاہ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی نے آبپارہ چوک میں احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر لی جہاں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ بشارت حُسین امامی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کِیا کہ اس وقت صیہونی و استعماری سازشوں کی وجہ سے جو حالات پیدا ہوئے ہیں اس سے فلسطین کی آزادی القدس کی بازیابی سوالیہ نشان بن گئی ہے کیونکہ بعض عرب ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کر رکھا ہے اور ان کے دشمنِ اسلام اسرائیل سے خفیہ تعلقات ہیں۔ مسلم اُمہ کی یہ حالت ہے کہ ہر مسلم ملک دوسرے میں مداخلت کر رہا ہے، جب تک مسلمان خود اپنے اعمال درست نہیں کریں گے یہود و ہنود کے خلاف ان کی آواز پر کوئی کان نہیں دھرے گا نہ اس کا کوئی فائدہ ہو گا۔
علامہ امامی نے سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا حسین مقدسی کا خصوصی پیغام پیش کرتے ہوئے باور کرایا کہ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کی جانب سے عالمی یوم القدس حمایتِ مظلومین منانے کی بنیاد رکھنے کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا اور مسلم حکمرانوں کو خوابِ غفلت سے بیدار کرنا ہے تا کہ مسلمانوں کے سینے پر لگے گھاؤ کا علاج کِیا جا سکے اور دنیا بھر کے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کر کے ایمانی و دینی فریضے کو اجاگر کِیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آقائے حامد موسویؒ کے بقول مسلمانوں کا اتحادِ یکجہتی وہ واحد ہتھیار ہے جس کے ذریعے مسلمانانِ عالم قبلہ? اول کو یہود کے پنجے سے چھڑا سکتے ہیں اور کربلائے کشمیر میں ظالم ہنود کے پنجوں سے آزادی حاصل کر کے کشمیریوں کی آزادی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ ریلی کے آخر میں جنرل سیکرٹری ٹی این ایف جے فیڈرل کیپٹل علامہ فصاحت حسین گردیزی کی جانب سے منظور کرائی گئی قرارداد کے ذریعے عالمی اداروں، اقوامِ متحدہ، اور او آئی سی سے مطالبہ کِیا گیا کہ وہ کشمیر و فلسطین کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے خوابِ غفلت سے بیدار ہو کر اپنا عملی کردار ادا کریں۔ ریلی کے شرکاء نے قدس کی آزادی تک اور انڈیا کی بربادی تک جنگ رہے گی۔۔! جنگ رہے گی۔۔! کے فلک شگاف پُر جوش نعرے لگائے۔ اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری، مختار فورس کے رضاکار سیکیورٹی انتظامات کے لیے ریلی کے دوران موجود تھے۔ بعد ازاں احتجاجی مظاہرین پُر امن طور پر منتشر ہو گئے۔

راولپنڈی میں ٹی این ایف جے کی ضلعی یوم القدس حمایتِ مظلومین کمیٹی کے زیرِ اہتمام امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے حمایتِ مظلومین ریلی نکالی گئی جس کی قیادت تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے مرکزی کنوینر شوکت عباس جعفری، مرکزی نائب صدر باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی، علمائے کرام ٹی این ایف جے کے مرکزی عہدیداران اور دیگر رہنما کر رہے تھے۔
شرکائے ریلی نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر القدس کی آزادی تک جنگ رہے گی، امریکی ہندو سامراج مردہ باد، اسرائیل مردہ باد اور دیگر نعرے درج تھے۔ ریلی نے کمیٹی چوک میں جلسے کی شکل اختیار کر لی۔ ٹی این ایف جے کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے ٹی این ایف جے پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی کاخصوصی پیغام پڑھ کرسنایا۔
جس میں انہوں نے کہا کہعالم اسلام بیت المقدس کی بازیابی، کشمیرکی آزادی چاہتاہے تو جنت البیقع اور جنت المعلیٰ کی تعمیر کویقینی بنائے مسلم امہ کے مسائل کی گارنٹی ہم دیتے ہیں، انہوں نے کہاکہ عالمِ اسلام کے مسائل کا اصل سبب خود مسلم حکمران ہیں جو عالمی استعمار کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ القدس شریف و کشمیر کی بازیابی کیلئے مسلمانوں کو اپنے اپنے خول سے باہر نکل کر متحدہ عالمی اسلامی فورم قائم کر کے مشترکہ عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔ مرکزی کنوینیئر یوم القدس حمایتِ مظلومین کمیٹی ٹی این ایف جے شوکت جعفری نے کہا کہ مسلمان ملتِ واحدہ ہیں، ہمیں اصولی معاملات میں ایک ہو کر کفر کا مقابلہ کرنا پڑیگا، اس طرح نہ صرف بیتُ المقدس آزاد ہو گا بلکہ تمام مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کِیا کہ بے بہا نعمتوں سے مالا مال مسلمانوں کا عالمی استعمار نے ناک میں دم کر رکھا ہے، کشمیر و فلسطین ہنود و یہود کے قبضے میں ہیں، دینی شعار میں سے خدا کی ایک عظیم نشانی بیتُ المقدس پر یہودیوں نے غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے جس کی وہ آئے دن بے حرمتی کرتے رہتے ہیں، کشمیر و فلسطین کے عوام پر کونسا ظلم نہیں ہوا۔۔؟ مگر بدقسمتی سے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے باوجود نہ تو القدس کو بازیاب کرایا جا سکا اور نہ کشمیر و فلسطین میں اُن پر عملدرآمد ہوا اور نہ یہ دیرینہ مسائل وہاں کے عوام کی اُمنگوں کے مطابق حل ہوئے۔ چوہدری مشتاق حسین، علامہ سیدشبیہ الحسن کاظمی نے بھی خطاب کیا۔شرکائے جلوس نے اس عہد کا اعادہ کِیا کہ وہ سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی کے ہر لائحہ عمل پر بھرپور لبیک کہنے اور شعائر اللہ کے تحفظ، دین و وطن کیلئے ہر قربانی پیش کرنے کے عہد کا اظہار کِیا۔

فیصل آباد: درسِ آلِؑ محمدؐ سے ٹی این ایف جے کے زیرِ اہتمام یوم القدس حمایتِ مظلومین ریلی نکالی گئی ، ریلی کی قیادت ٹی این ایف جے فیصل آباد ریجن کے سربراہ آغا حاجت علی کر رہے تھے، درسِ آلِ محمدؐ مسجد خدیجۃ الکبریٰؑ کے پیش نماز مولانا صابر، علامہ علی رضا اور دیگر علمی شخصیات کے ساتھ مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی.
اس موقع پر عالمِ اسلام کے مصائب و آلام کے خاتمہ، مسائل کے حل اور وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام و ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی، عالمی یوم القدس حمایتِ مظلومین کے دفتر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق پشاور، کراچی، لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ، مظفر آباد، باغ، دادو، خیر پور میرس، بھکر، چکوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان، سرگودھا، سیالکوٹ، گلگت، کوہاٹ، شیخوپورہ، گوجرنوالہ، جہلم، دینہ، قصور، گوجرہ، خانیوال، بہاولپور، سکھر، نواب شاہ، سیہون شریف، نوشہرو فیروز اور دیگر شہروں میں بھی جمعۃ الوداع کو القدس شریف کی بازیابی، کشمیر کی آزادی اور پوری دنیا کے مظلومین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔