عزاداری پابندیوں و پاراچنار بدامنی پر مکتب تشیع کی تشویش؛ تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے نمائندہ وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات

ولایت نیوز شیئر کریں

تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے نمائندہ وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات
پارا چنار کے تشویشناک حالات اور عزاداری پر پابندیوں، مکتبِ تشیُع میں پائی جانیوالی بے چینی کی طرف متوجہ کِیا گیا
چار دیواری کے اندر مجالس پر پابندیوں کا نوٹس لِیا جائے، خطِ موسویؒ پر قائم رہتے ہوئے اپنے آئینی حقوق کی سلبی قبول نہیں کریں گے۔ علامہ بشارت امامی
پارا چنار کے مسئلے پر وزیرِ اعظم کو آگاہ کر کے امن و امان کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔ راجہ پرویز اشرف
پیپلز پارٹی مذہبی آزادیوں پر یقین رکھتی ہے، عزاداروں کے مسائل کے حوالے سے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایات جاری کریں گے
پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، اسپیکر قومی اسمبلی نے ٹی این ایف جے کے مطالبات پر مثبت عملدرآمد کا وعدہ کیا

اسلام آباد (ولایت نیوز ) تحریکِ نفاذِ فقہئ جعفریہ پاکستان کے نمائندہ وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کی جبکہ سیکرٹری محرم کمیٹی عزاداری سیل حسن کاظمی، علامہ سید قمر حیدر زیدی، شوکت عباس جعفری، ارشاد علی نقوی، مولانا ملک اجلال حیدری شامل تھے۔

اس موقع پر ٹی این ایف جے کے سیکرٹری جنرل علامہ بشارت حسین امامی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو پارا چنار کے تشویشناک حالات اور عزاداری پر پابندیوں پر تشویش سے آگاہ کِیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے وفد کی معروضات کو بغور سُن کر ان پر مثبت عملدامد کا وعدہ کِیا اور کہا کہ حکومت تمام مکاتبِ فکر کے حقوق کی یکساں ادائیگی پر یقین رکھتی ہے، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارا چنار کے مسئلے پر وزیرِ اعظم کو آگاہ کر کے امن و امان کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر مسلمان نواسہئ رسولؐ کا عزادار ہے ہم خود جلوسوں میں سبیل لگاتے ہیں، پیپلز پارٹی مذہبی آزادیوں پر یقین رکھتی ہے، عزاداروں کے مسائل کے حوالے سے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایات جاری کریں گے۔ سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ چار دیواری کے اندر مجالس پر پابندیوں کا نوٹس لِیا جائے، خطِ موسویؒ پر قائم رہتے ہوئے اپنے آئینی حقوق کی سلبی قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے شیعہ مطالبات اور مکتبِ تشیُع میں پائی جانیوالی بے چینی و اضطراب کی طرف متوجہ کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کی جانب سے پیش کردہ مطالبات پر فوری عملدامد کرے۔ انہوں نے باور کرایا کہ یکساں نصابِ تعلیم ہر شہری کا خواب ہے لیکن مسلمہ مکاتب کے لیے قابلِ قبول نصاب کے بجائے جو کورس یکساں نصاب کے نام پر جاری کِیا گیا ہے اس میں قرآن و سُنت سے متصادم نظریات شامل ہیں لہٰذا اہلِ تشیع طلباء کے لیے جداگانہ شیعہ دینیات کا دوبارہ اجراء کِیا جائے بصورتِ دیگر نصاب میں موجود اسلامی مضامین میں صرف مشترکات کو شامل کِیا جائے۔ ٹی این ایف جے کے وفد نے ملک میں بیگناہوں کی شیڈول فور میں شمولیت کو ظلم و زیادتی قرار دیتے ہوئے اسے انتہاء پسندوں کو ریلیف دینے کا باعث قرار دیا۔

آخر میں وفد نے ملک میں قیامِ امن کو یقینی بنانے، پاکستان کی خوشحالی و استحکام کیلئے قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے خط پر قائم رہتے ہوئے سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی کی سربراہی میں عملی جد و جہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کِیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب ہم آہنگی ہمارے منشور کا حصہ ہے جسکے لیے ہم تمام مکاتبِ فکر کو ساتھ لیکر چلیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.