استعماری ادارےغریبوں کا خون اور پسماندہ ممالک کے وسائل نچوڑ رہے ہیں، بڑھتاہوا ظلم مہدی موعودؑ کی آمد کی نوید سنا رہا ہے،آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

استعماری ادارے دنیا بھر کے غریبوں کا خون اور پسماندہ ممالک کے وسائل نچوڑ رہے ہیں،قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
عالمی بنکاری نظام، فارما سوٹیکل ادارے اور تیل و معدنیات نکالنے والی کمپنیاں شیطنت کو تقویت دے کر دجالی نظام کی راہ ہموار کررہی ہیں
این جی اوز کے نام پراستعمارنے جاسوسی نیٹ ورک پھیلا رکھے ہیں، اقوام متحدہ جیسے ادارے طاقتوروں کا ہراول دستہ بن چکے ہیں
عالمی منصف طاقت کے غلا م ہیں کشمیر و فلسطین کے مظلوموں کی آہ و بکا سننے والا کوئی نہیں ہر مظلوم مہدی موعود ؑکی آمد کیلئے فریادی ہے
پاکستان توڑنے کیلئے مودی کے اعترافات پر امن عالم کے ٹھیکیداروں کے لب کیوں سلے ہیں؟ بنگلہ دیشی عوام نے سقوط ڈھاکہ کی حقیقت کھول دی
مسلمان متحد ہو جائیں شیطانی قوتیں تفرقے کے بیج بو کر انہیں کمزور سے کمزور تر کررہی ہیں، عدل و انصاف کے بغیر کوئی تبدیلی کارگر نہیں ہو سکتی
امریکہ میں صرف صدر بدلا ہے پالیسیاں پرانی ہیں، ساری شیطنت مل کر بھی انقلاب مہدیؑ کا راستہ نہیں روک سکتی، یوم عدل کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد( ولایت نیوز)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپر ست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ استعماری ادارے دنیا بھر کے غریبوں کا خون اور پسماندہ ممالک کے وسائل کو نچوڑ رہے ہیں، آئی ایم ایف ورلڈ بنک غرضیکہ پوراعالمی بنکاری نظام، فارما سوٹیکل ادویہ ساز ادارے اور تیل و معدنیات نکالنے والی کمپنیاں شیطنت کو تقویت دے کر دجالی نظام کی راہ ہموار کررہی ہیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ولادت پرنور امام مہدی آخر الزماں علیہ السلام کی مناسبت سے ’یوم عدل‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ فلاحی اداروں اور این جی اوز کے نام پراستعماری طاقتوں نے اپنے جاسوسی نیٹ ورک پھیلا رکھے ہیں، امن کیلئے قائم اقوام متحدہ جیسے ادارے طاقتوروں کا ہراول دستہ بن چکے ہیں، عالمی منصف طاقت کے غلا م ہیں کشمیر و فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کی آہ و بکا سننے والا کوئی نہیں ہر مظلوم مہدی موعود ؑکی آمد کیلئے فریادی ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ پاکستان توڑنے کیلئے مودی کے مسلسل اعترافات پر امن عالم کے ٹھیکیداروں کے لب کیوں سلے ہیں ؟ بھارت نے مشرقی پاکستان میں کھلم کھلا مداخلت کرکے اقوام متحدہ کے چارٹر کی دھجیاں بکھیریں، بنگلہ دیش کے عوام کے مودی کے خلاف احتجاج نے سقوط ڈھاکہ کی حقیقت کھول دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی کانفرنس میں پاکستان کو نظر انداز کرناواضح کررہا ہے کہ امریکہ میں صرف صدر بدلا ہے پالیسیاں پرانی ہیں،دنیا بھر کے مظلوموں محروموں کی پناہ گاہ صرف اسلام ہے جسے بدنام کرنے کیلئے شیطانی طاقتیں ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں، ساری شیطانی طاقتیں مل کر بھی انقلاب مہدی کا راستہ نہیں روک سکتیں، ظہور مہدی سے پوری دنیا پر امن اور اسلام کا راج قائم ہو گا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ملک میں سستا اورفوری انصاف کا نظام قائم کئے بغیر کوئی تبدیلی کارگر نہیں ہو سکتی، کرپشن مہنگائی بیڈ گورننس سمیت ہر قومی بیماری کا علاج نظام عدل و انصاف قائم کرکے ہی کیا جا سکتا ہے پاکستان سمیت دنیا کے ہر بحران کے پیچھے عدل و انصاف کا فقدان کارفرما ہے پوری انسانیت کو چند طاقتور ممالک اور صیہونیت کے مکروہ ایجنڈے نے یر غمال بنا رکھا ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اہل اسلام شیعہ سنی کا متفقہ عقیدہ ہے کہ حضرت امام مہدی نبی کریم محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت علی و فاطمہ زہراعلیہ السلام کی نسل میں سے ہیں جو ظہور فرما کر ظلم و جور سے بھری زمین کو عدل و انصاف سے پر کردیں گے، قرآنی آیات بھی اس پر گواہ ہیں کہ اللہ نے وعدہ کیا ہے ان سے جو تم سے ایمان لائیں اور نیک عمل کریں کہ وہ ضرور زمین پر انہیں خلافت عطا کرے گا جیسا کہ ان سے پہلے لوگوں کو خلیفہ بناچکا ہے اور ان کے لیے اس دین کو مضبوط بنادے گا جسے ان کے لیے پسند کیا ہے اور ان کے خوف کے بعد انہیں امن عطا کرے گا، دنیا میں بڑھتاہوا ظلم انسانیت کے مسیحا کی آمد کی نوید سنا رہا ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ظلم و جبر کا مقدر فنا ہونا ہے لیکن ظلم کی نابودی کیلئے انسانیت کو پرچم توحید تلے جمع ہو کر اعمال خیر بجا لانے کو شرط قرار دیا گیا ہے لہذا امت مسلمہ کو بالخصوص اسلامی احکام پر کاربند رہنا ہوگا اور سب سے بڑھ کر اتحاد اور اتفاق کو ہتھیار بنانا ہوگا، شیطانی قوتیں مسلمانوں میں تفرقے کے بیج بو کر انہیں کمزور سے کمزور تر کررہی ہیں مسلمان ممالک اور مسالک کو دشمن کی سازش کوناکام بنا ناہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ تاریخ متواتر ثابت کرچکی ہے استعماری ممالک اور ا دارے کبھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہو سکتے، مسلمانوں کو شیطانی قوتوں کے حربوں اور چالوں سے خبردار رہنا ہوگا، کشمیر و فلسطین سمیت تمام اسلامی مسائل پر مشترکہ موقف اختیار کرنا ہوگا کسی بھی مسلم ملک میں مداخلت کو عالم اسلام میں مداخلت سمجھ کر متفقہ لائحہ عمل اپنانا ہوگااپنے وسائل غیروں کی نذر کرنے کے بجائے امت مسلمہ کی بہبود اور ترقی پر صرف کرنے ہوں گے۔ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ شیعہ سنی کتب احادیث میں یہ فرمان مصطفوی ؐ امت مسلمہ کیلئے خوشخبری ہے کہ ظہور مہدیؑ سے امت محمدی ؐایسی نعمات سے بہرہ مند ہوگی کہ ان نعمتوں کی نظیر و مثل پہلے انہیں حاصل نہ ہوگی، لہذا ہر مسلمان اور مظلوم ظہور امام مہدی کی دعا کو حرز جاں بنالے۔

استعماری ادارےغریبوں کا خون اور پسماندہ ممالک کے وسائل نچوڑ رہے ہیں، بڑھتاہوا ظلم مہدی موعودؑ کی آمد کی نوید سنا رہا ہے،آغا حامد موسوی
استعماری ادارےغریبوں کا خون اور پسماندہ ممالک کے وسائل نچوڑ رہے ہیں، بڑھتاہوا ظلم مہدی موعودؑ کی آمد کی نوید سنا رہا ہے،آغا حامد موسوی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.