پنجاب کےتمام شہروں میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی یکجہتی کشمیر ریلیاں

ولایت نیوز شیئر کریں

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پر پنجاب کےتمام شہروں میں یکجہتی کشمیر ریلیاں، حمایت ِمظلومین جاری رکھنے کا عزم
مقبوضہ کشمیر کے غیرتمند عوام کربلا سے ملنے والے پیغام حریت پر عمل پیرا ہیں لہٰذا آزادی ان کا مقدر بن چکی ہے۔
آج اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تجاویز دینے والے کل مظلومینِ کشمیر کی حمایت ترک کر دینے کی وکالت کرتے نظر آئیں گے۔سید ذوالفقار نقوی و دیگر کا خطاب۔

لاہور( ولایت نیوز) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق جمعہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبہ پنجاب کے تمام شہروں میں بھی کشمیریوں کی تحریک حریت و آزادی کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پرامن احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

ٹی این ایف جے لاہور کے زیراہتمام پنجاب اسمبلی کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا گیا جسکی قیادت ریجنل صدر ٹی این ایف جے لاہور سید ذوالفقار حیدر نقوی،صوبائی رہنما حسن کاظمی ، سید عمران حیدر نقوی، عمار علی، غلام علی، سید ذیشان حیدر نقوی، عمار نقوی و دیگر عمائدین نے کی۔

اس موقع پر شرکائے مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے سید ذوالفقار حیدر نقوی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے غیرتمند عوام کربلا سے ملنے والے پیغام حریت پر عمل پیرا ہیں لہٰذا وہ دن دور نہیں کہ جب انہیں آزادی کی منزل نصیب ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کر تے ہوئے استصواب رائے کروانے میں مضمر ہے اسکے علاوہ کسی بھی اور فارمولے یا پلان کو منظور کرنا کشمیر ی و پاکستانی شہداء کے لہو سے غداری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر آج مسئلہ فلسطین کو چھوڑ کر اسرائیل کو تسلیم کرلینے کی تجاویز دے رہے ہیں وہ کل مظلوم کشمیریوں کے حوالے سے بھی ایسے ہی موقف پیش کرتے ہوئے انکی حمایت ترک کردینے کا مشورہ دیتے نظر آئیں گے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سید عمران نقوی کا کہنا تھا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ مولائے کائنات حضرت علی ؑابن ابی طالب ؑکے اس فرمان پر عمل پیرا ہے جس میں فرمایا کہ مظلوم کے حامی اور ظالم کے دشمن بن جاؤ۔ لہٰذا دنیا بھر میں جہاں بھی ظلم ہے ہم اسکے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، لہٰذا ہم کسی صورت اپنے کشمیر ی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اس موقع پر عالمی امن کے ٹھیکیدار بننے والے اداروں اور ممالک کی سرد مہری اور بھارتی مظالم سے چشم پوشی کی پر زور مذمت کرتے ہوئے عمران نقوی کا کہنا تھا کہ عالمی دہشتگرد نریندر مودی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے وہاں طویل مدت سے جاری لاک ڈاؤن، اور بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل پامالی، عالمی اداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ دنیا یاد رکھے کہ کشمیری حریت پسندوں کی قربانیوں کے باعث آج آزادی کشمیر کی منزل بہت قریب آن پہنچی ہے اورہندو بنیا کشمیر کو محکوم نہیں رکھ سکے گا۔

اس موقع پر قرارداد میں اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں پر زور دیا گیا کہ کشمیریوں سے کیئے گئے وعدے کا ایفا کرتے ہوئے استصواب رائے کے ذریعے انہیں انکا حق دلوایا جائے۔ بعدازاں مظاہرین کشمیر کی آزادی تک جنگ رہیگی،جنگ رہیگی، بھارت کا جو یار ہے وہ قوم کا غدار ہے، افواج پاکستان زندہ باد، دہشتگرد مردہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان اور دیگر نعرے لگاتے ہوئے پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.