
حکمران مودی کی ’ نیک خواہشات ‘پر خوش فہمی کا شکار نہ ہوں رام رام کرنے والے کے بغل میں ایٹم بم ہے ، آغا حامد موسوی
حکمران مودی کی ’ نیک خواہشات ‘پر خوش فہمی کا شکار نہ ہوں رام رام کرنے والے کے بغل میں ایٹم بم ہے ، آغا حامد موسوی
چانکیائی پیروکارکا ایجنڈا پاکستان کی تباہی ہے پاکستان کو بوند بوند ترسانے کے عزائم رکھنے والا مودی ناقابل اعتبار ہے
مسلم حکمران اپنی حکمرانیوں کے بچاؤ کے بجائے عالم ا سلام کے بچاؤ کا سامان کرتے توامت مسلمہ کو سیاہ دن نہ دیکھنے پڑتے
گولان کی پہاڑیوں اورکشمیر و فلسطین کو علاقائی کے بجائے اسلامی مسائل سمجھ کر حل کیا جائے، سربراہی اجلاس بلا کر متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے
نیوزی لینڈکے اقدامات نے دنیا بھر کے امن دوستوں کے دل جیت لئے ہیں ، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سندھ کے رہنماؤں سے خطاب
اسلام آباد(ولایت نیوز ) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ حکمران یوم پاکستان پر مودی کی نیک خواہشات پر خوش فہمی کا شکار نہ ہوں رام رام کرنے والے مودی کے بغل میں ایٹم بم ہے ،پاکستان توڑنے کو فخر سمجھنے والے چانکیائی پیروکارکا ایجنڈا پاکستان کی تباہی ہے پاکستان کو بوند بوند ترسانے کے عزائم رکھنے والا مودی ناقابل اعتبار ہے، مسلم حکمران اگر استعمار کے پٹھو نہ بنتے اپنی حکمرانیوں کے بچاؤ کے بجائے عالم ا سلام کے بچاؤ کا سامان کرتے توامت مسلمہ کو سیاہ دن نہ دیکھنے پڑتے ،مسلم حکمران گولان کی پہاڑیوں یا کشمیر و فلسطین کو علاقائی مسائل کے بجائے اسلامی مسائل سمجھ کر حل کریں ،مسلم حکمران اوآئی سربراہی اجلاس بلا کر متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے ، نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کے اقدامات نے دنیا بھر کے امن دوستوں کے دل جیت لئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے سندھ کے قائم مقام صدر علامہ اصغر علی نقوی کے ہمراہ وفد سے خطاب کرتے ہوے کیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ جب خلافت عثمانیہ کا تختہ الٹ کر ایک نیا جغرافیہ وجود میں لایا گیا تو اس کا مقصد عربوں کو تقسیم کرکے ان کی پشت میں اسرائیل کی ناجائز ریاست کا خنجر گھونپنا تھابرطانوی سامراج صیہونی ریاست کی تخلیق کا باعث بنا تو آج امریکی استعمار صیہونیت کا نگہبان بنا ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے بر سر اقتدار آتے ہی صیہونی ایجنڈے پر تیزی سے کام کیا دہشت گردی کو اسلام سے نتھی کیا نصف درجن سے زیادہ مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکہ داخلے پر پابندی لگائی ، سعودیہ میں 39ملکی اتحاد کا مہمان خاص بن کر مسلمانوں کو مزید تقسیم کرنے کیلئے ایران کو دہشت گردی کا محور قرار دیااور علی الاعلان بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں ، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ اس حرکت پر عالم اسلام سراپا احتجاج ہو جاتااور اس مسئلے پر متحدہ موقف اختیار کرتالیکن عالم اسلام نے مکمل چپ سادھے رکھی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ امریکہ نے گولان کے متنازعہ علاقے پر بھی اسرائیلی قبضہ تسلیم کرلیا ہے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مودی ،نیتن یاہو اورٹرمپ کا شیطانی ثلاثہ انسانیت کو جہنم کی طرف دھکیل رہا ہے جن کا ایجنڈا عالم اسلام بالخصوص پاکستان کو دباؤ میں رکھنا ہے تاکہ صیہونی مفادات کو بڑھا وا ملتا رہے استعماری اسلحہ بکتا رہے ان کی بارودی بھٹیاں چلتی رہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے دشمنی کے ایجنڈے کے تحت بھارتی وزارت عظمی کے سنگھاسن پر بیٹھا اور آتے ہی پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنا شروع کیا اور تقریبا ہر فورم پر ہرزہ سرائی کررہا ہے اور سینے پر ہاتھ مار کر اقرار کرتا ہے کہ پاکستان کو دولخت کرنے میں اس نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا، آج بھی کھلم کھلم دھمکیاں دے رہا کہ پاکستان کو پانی کی بوند بوند سے ترسائیں گے ، گجرات کے وزیر اعلی کے طور پر بھی اس نے مسلمانوں کے قتل عام کے نئے ریکارڈ قائم کئے تھے اور آج بھی پاکستان دشمنی کو اپنے لئے اعزاز گردانتا ہے مودی کی موجودگی میں ہندو انتہا پسند ریاست کا سیاہ چہرہ کھل کر سامنے آگیا ہے اور انتخابی کامیابی کیلئے پاک بھارت دشمنی کو مزید بڑھاوا دے رہا ہے ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مسلما نوں کے تمام مسائل کے خاتمے کا راز اتحاد ویکجہتی میں پوشیدہ ہے ، عالم ا سلام کو متحد ہو نا ہو گا تاکہ عالم اسلام ہی نہیں پوری انسانیت ہر قسم کے خوف و ہراس سے محفوظ رہے اور شیطانی ہتھکنڈے ہمیشہ کیلئے ناکام ہوں ۔