ایران سعودیہ تعلقات خوش آئند ؛ مزارات مقدسہ کی بحالی کو ترجیح قراردیا جائے، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ
عرب و عجم میں تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے، مزارات مقدسہ کی بحالی کو ترجیح قراردیا جائے۔ٹی این ایف جے
ایران و سعودیہ کی قربت سے عالمی شیاطین کی سازشوں کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ علامہ آغاسیدحسین مقدسی
مادر ملت جعفریہ کے کردار کا فیضان ملت تشیع پر ہمیشہ سایہ فگن رہے گا، مادر ملت جعفریہ نے رہبر تشیع آقائے موسوی کی رفاقت کا حق ادا کیا۔
شعائر اسلام کی عزت وتوقیر اور جنت البقیع و جنت المعلیٰ کی تعمیر وعظمت رفتہ کی بحالی کے عالمی تحریک کے موسس آقائے موسوی ہیں
انہدام جنت البقیع کے سا نحے کے سو سال پورے ہونے پر اس سال آٹھ شوال یوم انہدام جنت البقیع زیادہ جوش ایمانی سے منایا جائے گا۔ قرارداد منظور
مادر ملت جعفریہ دختران ملت کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔ سربراہ ٹی این ایف جے کامجلس برسی سے خطاب، ماتمداری میں عزاداروں کی شرکت
راولپنڈی( )قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی اہلیہ مرحومہ مادر ملت جعفریہ کی 14ویں برسی پر ملک بھر میں بلندی درجات کی مجالس اور قرآن و فاتحہ خوانی کی محافل منعقد کی گئیں۔
اس مناسبت سے مرکزی مجلس و پرسہ داری ہیڈکوارٹر مکتب تشیع علی مسجد راولپنڈی میں منعقد کی گئی۔ مجلسِ برسی سے تحریک نفاذفقہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے مادر ملت جعفریہ کی گراں قدر دینی و قومی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مادر ملت جعفریہ کے کردار کا فیضان ملت تشیع پر ہمیشہ سایہ فگن رہے گا۔ آغا مقدسی نے کہا کہ مادر ملت جعفریہ نے رہبر تشیع آقائے موسوی کی رفاقت کا حق ادا کیا اور قومیات کے ہر کڑے مرحلے پر استقامت، عزم اور بے لوث ایثار کا مظاہرہ کیا۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ کردار مادر ملت جعفریہ دختران ملت کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ مادرملت کی قومی اہداف کے حصول کی عظیم جدوجہد حسینی محاذ ایجی ٹیشن کے دوران شبانہ روز خدمات جلیلہ ایثار و قربانی کا روشن با ب ہے۔ علامہ مقدسی کہا کہ مرحومہ زوجہ آقائے موسوی کی دینی درسگاہ جامعۃ المومنین کے طلاب دینیہ کے لیے مادرانہ و مشفقانہ کردار خدمت گزاری کی منفرد تمثیل ہے۔
آغا مقدسی نے کہا کہ مادرملت جعفریہ کی آغوش کے پالے آج دینی خدمات میں مصروف عمل ہیں۔ آقائے مقدسی نے باور کرایا کہ مادرملت فقط آقائے موسوی کی شریکہ حیات ہی نہیں بلکہ اہداف قدسیہ اور زہد وتقویٰ میں معاون خصوصی بھی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عرب و عجم میں تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے جس سے عالمی شیاطین کی مکروہ سازشوں کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی ضرورت اس امر کی ہے کہ مزارات مقدسہ جنت البقیع و جنت المعلی کی بحالی کو اولین ترجیح قراردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کے تعلقات کی بنیاد مفادات کے بجائے دین اسلام کی سربلندی ہونا چاہیے۔
آغا مقدسی نے کہا کہ شعائر اسلام کی عزت وتوقیر اور جنت البقیع و جنت المعلیٰ کی تعمیر وعظمت رفتہ کی بحالی کے عالمی تحریک کے موسس آقائے موسوی ہیں، جن کی جدوجہد سے یہ مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر ہوا۔ مجلس عزا میں بڑی تعداد میں عزاداروں،ماتمیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر منظور کردہ قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ رمضان کے مبارک مہینے میں منکرات سے اجتناب اور معروفات کی ترغیب دیکر شرعی ذمہ داری سے عہدہ براء ہو۔ قرارداد میں باور کرایا گیا کہ انہدام جنت البقیع کے سا نحے کے سو سال پورے ہونے پر اس مرتبہ آٹھ شوال یوم انہدام جنت البقیع زیادہ جوش ایمانی سے منایا جائے گا۔ قرارداد میں مادر ملت کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی خدمات کو فراموش نہ کرنے کا عہد کیا گیا۔ مجلس سے علامہ سید قمر حیدر زیدی نے خطاب جبکہ شیخ وسیم عباس اور شیخ عقیل عباس نے منقبت و مرثیہ خوانی کی۔ اختتام مجلس مرکزی حیدری دایرہ ماتمی سنگت نے نوحہ خوانی اور ماتمداری کی۔پرسہ داری میں شہر بھر سے عزاداروں نے شرکت کی اور مادر ملت جعفریہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی گئی ۔