صحابہ کرامؓ نے اربعین کی زیارت کی بنیاد رکھی مکتب تشیع کے ساتھ سوتیلا رویہ ترک کیا جائے زائرین کے معاملات نااہل ہاتھوں میں دے دیئے گئے، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

کالعدم تنظیمیں معتبر بن گئیں حکومت پریشر گروپوں کو خوش کرنے میں مصروف ہے ،قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی

 ایک لاکھ زائرین مشکلات سے دوچار ہیں معاملات نااہل ہاتھوں میں دے کر حکومت لا تعلق ہوچکی ہے

پلاٹ پرمٹ نہیں مانگتے آئینی حقوق کے طلبگار ہیں جن سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے

مادر وطن کو اپنے خون سے سینچا دوسرے درجے کا سلوک قبول نہیں کریں گے

امام کاظم ؑ حق کے علمبردار اور مظلوموں کے طرفدار رہے شہادت قبول کر لی حق پر سمجھوتہ نہیں کیا

مشاہیر اسلام کی راہ پر سداگامزن رہیں گے،7صفر’ یوم نور‘ منایا جائے گا

فلسطینیوں کو بھون دیا گیا لیکن کو ئی مسلم حکمران ٹس سے مس نہیں ہوا

امت مسلمہ عزت بحال کرانا چاہتی ہے تو اخوت کو فروغ دے ، شعبہ حج و زیارات سے خطاب

اسلام آباد(ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بور ڈ کے سرپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ حکومت محض پریشر گروپوں کو خوش کرنے میں مصروف ہے ایک لاکھ زائرین اربعین مشکلات سے دوچار ہیں زائرین کی آمدورفت اور معاملات نااہل ہاتھوں میں دے کر حکومت لا تعلق ہوچکی ہے ، کالعدم تنظیموں کو معتبر بنادیا گیا ہے حکومتیں مکتب تشیع کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک چھوڑ دیں، کوئٹہ میں زائرین کی تعداد بڑھتی چلی جارہی ہے حکومت کوووٹ دینے والے بھی سراپا احتجاج ہیں کوئی شنوائی کو تیار نہیں ضمنی انتخابات کے نتائج سے سبق سیکھے ، حکومت کو متواتر زائرین کے مسائل سے آگا ہ کرتے چلے آرہے ہیں لیکن وعدوں پر عملدرآمد کا فقدا ن ہے ،مادر وطن کو اپنے خون سے سینچا ہے دوسرے درجے کا سلوک قبول نہیں کریں گے ۔

پلاٹ پرمٹ نہیں مانگتے اپنے آئینی حقوق کے طلبگار ہیں جن سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے ، بغداد کو عرفان کا مرکز امام موسی کاظم ؑ نے بنایا ، حضرت امام موسی کاظم ؑ حکمرانوں اور بالادستوں کی جانب سے شریعت مصطفوی ؑ میں من مانی تبدیلیاں کرنے کی راہ میں ہمیشہ حائل رہے حق کے علمبردار اور مظلوموں کے طرفدار رہے قید و بند کی صعوبتوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا جام شہادت نوش کرلیا حق پر سمجھوتہ نہیں کیا ہم بھی اپنے اجداد اورمشاہیر اسلام کی راہ پر گامزن رہیں گے ،بدھ 7صفر کو ملک بھر میں یوم نور منایا جائے گا امام موسی کاظم کی یاد میں مجالس نور کا انعقاد کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے شعبہ حج و زیارات کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شعبہ حج و زیارات سے قائد ملت جعفریہ خطاب کررہے ہیں 

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ جابر ابن عبد اللہ انصاریؓ جیسے عالی مرتبت صحابہ کرام نے اربعین کی زیارت کی بنیاد رکھی آج یہ زیارت دنیا کے سب سے بڑے اجتماع کی شکل اختیار کرچکی ہے ، بلاتفریق مسلک مکتب کروڑوں شیعہ سنی زوار ہی نہیں دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے بھی اربعین کی زیارت میں شریک ہو کر لبیک یا حسین ؑ کے نعرے بلند کرتے نظر آتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستانی زائرین کو یہ احساس دے کہ وہ اپنے شہریوں کے پیچھے کھڑی ہے، حکومتی وزراء اوربیوروکریٹ خوشنما وعدے کرتے ہیں اور بعد میں فرار اختیار کرلیتے ہیں ، وزارت داخلہ میں زائرین اور عزاداروں کے مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسن کا تعین کیا گیا لیکن آج تک کسی وعدے پر عمل نہیں کیا گیااگر بیرونی ممالک پاکستانی شہریوں کو ویزہ نہ دیں تو بھی پاکستانی حکومت اپنے شہریوں کی ترجمانی نہیں کرتی ، اگر زائرین دوسرے ملک میں جاکر مشکل میں گرفتار ہوجائیں تو وہاں کے پاکستانی سفارتکانہ گونگا بہرا ہو جاتا ہے حکومت اگر تبدیلی لانا چاہتی ہے تو ڈکٹیٹر ضیاء الحق کی قائم کردہ روایت کو توڑے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ حضرت امام جعفر صادق ؑ کے فرزند ارجمند حضرت امام موسی کاظم ؑ کے مزار اقدس کو بلاتفریق تمام مورخین محققین اور تمام مسالک کے آئمہ و علماء کی جانب سے حاجات کی قبولیت کی سند مانا گیا ہے اسی لئے انہیں باب الحوائج کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے امام موسی کاظم زندگی بھردینی علوم کی ترویج ، لوگوں کی ہدایت ، شاگردوں اور راویان حدیث کی تعلیم و تربیت کی جدوجہد میں مصروف رہے لیکن اس کے باوجود آپ کے زمانے کے حکمران آپ کی علمی شخصیت اور سماج میں آپ کے عزت و احترام سے خوفزدہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ امام موسی کاظم ؑ کوکئی مرتبہ آپ کو مدینہ سے بغداد بلایا گیا اور کئی مرتبہ آپ کے قتل کی کوشش کی گئی ایک طویل مدت تک بصرہ اور بغداد کے قید خانہ میں قید رکھا گیا امام موسیٰ کاظم ؑ نے قید خانوں کو عبادت گاہوں میں بدل دیا حضرت امام موسی کاظم اس قدر زیادہ عبادت کرتے تھے گریہ کی کثرت کی وجہ سے آپ کی ریش تر ہو جاتی کہ زندانوں کے نگہبان بھی اس کے تحت تاثیر آجاتے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ فرزند رسول امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کا فرمان ہے عرش الہی پرایک سایہ ہے جہاں ایسے لوگوں کو جگہ ملے گی جنہوں نے اپنے بھائیوں کے حق میں نیکی اور بھلائی کی ہوگی، یا مشکلات میں ان کی مدد کی ہوگی۔بدقسمتی سے آج مسلم حکمرانوں کی استعمار پرستی کے سبب عالم اسلام کے وسائل اغیار کے مقاصد کیلئے استعمال ہورہے ہیں کشمیریوں کی منظم نسل کشی جاری ہے بحرین یمن قطیف العوامیہ کے عوام بحرانوں سے دوچار ہیں غزہ میں گذشتہ روز فلسطینیوں کو بھون دیا گیا لیکن کو ئی مسلم حکمران ٹس سے مس نہیں ہواامت مسلمہ اگر کھوئی عزت بحال کرانا چاہتی ہے تو اسے اخوت و بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا خدا کی رحمت ان پر سایہ فگن ہو جائے گی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.