تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے رمضان الکریم کے پروگراموں کا اعلان کردیا؛ اکوڑہ خٹک میں دھماکہ دشمنان دین ووطن کی کارستانی ہے، علامہ آغاسیدحسین مقدسی
رمضان المبارک میں عبادتگاہوں کی سیکیورٹی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے۔ تحریک نفاذفقہ جعفریہ
ٹی این ایف جے کی جانب سے ماہ صیام میں خصوصی پروگراموں کا اعلان،حکومت حفاظتی انتظامات کرے، رمضان ایک مکمل درس ہدایت ہے
یوم خاتون جنت، یوم مادرشیرخدا،یوم الحزن، یوم مواخات،یوم مختار آل محمد،یوم امن،یوم بدر،عالمی ایام عزائے حضرت علی ؑ،جشن نزول قرآن کے پروگرام ہونگے
جمعۃ الوداع کویوم القدس حمایت مظلومین منایا جائیگا،رمضان بھوک پیاس کا نام نہیں بھوکے پیاسوں کا احساس کرنے کا نام ہے
ماہ صیام میں،بجلی اور گیس کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائی جائے تاکہ عوام امن و سکون کیساتھ عبادات بجالاسکیں، حکمران سیاستدان قوم وملک کے مفادات کو ترجیح دیں
شہداء کالہوایکشن پلان پر عمل درآمد اور کالعدم جماعتوں کے سرپرستوں پر ہاتھ ڈالنے کا متقاضی ہے۔ سربراہ ٹی این ایف جے کااجلاس سے خطاب
اسلام آباد ( ولایت نیوز)تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے کہاہے کہ رمضان کریم ایک مکمل درس ہدایت ہے رحمتوں کی برسات کے اس مہینے میں ہر کلمہ گو بارگاہ ایزدی میں مسلمانوں کی یکجہتی اور اتحاد کیلئے دست دعا بلند کرے،مسلمانان عالم ماہ رمضان میں اپنے قلب و نظر اور لسان و فکراور عمل و کردار کو کو خدا اور سول کی بتائی ہوئی راہوں پر گامزن کردیں تو دنیا و آخرت میں کامیابی ان کے قدم چومے گی، حکومت رمضان المبارک میں عبادتگاہوں،حساس قومی املاک اورپبلک مقامات پر سیکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنائے، ماہ رمضان اللہ کی رحمت مغفرت بخشش کا خزانہ ہے جو امت مسلمہ پر اللہ کا انعام عظیم ہے، آج امت مسلمہ جن مسائل و مصائب سے دوچار ہے اس کا بنیادی سبب قرآنی تعلیمات سے دوری ہے، مسلم امہ کے اتحاد و یکجہتی اور مکتب تشیع کے پاکیزہ اہداف ولاء و عزاء کے تحفظ و فروغ کے لیے عملی جدو جہدپوری امانت کیساتھ جاری رکھیں گے، شہداء کالہوایکشن پلان پر عمل درآمد اور کالعدم جماعتوں کے سرپرستوں پر ہاتھ ڈالنے کا متقاضی ہے،نوشہرہ اکوڑہ خٹک میں دھماکہ دشمنان دین ووطن کی کارستانی ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ٹی این ایف جے کے مرکزی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقدسی نے ب اورکرایاکہ اللہ کا مہینہ رمضان تقاضا کررہا ہے کہ مسلم حکمران کشمیر و فلسطین کے مظلوموں کی بھی پکار سنیں،جودرد دل کی دولت نہیں کما سکا وہ رمضان میں محروم رہارمضان کریم بخشش و مغفرت و رحمت کا مہینہ ہے جو اس مہینہ میں محروم رہا وہ فرمان مصطفوی ؐ کی رو سے شقی القلب اور بدنصیب ہے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان کریم ایثار و قربانی سکھاتا ہے حکمران سیاستدان عوام کو قربان کئے چلے جارہے ہیں،رمضان بھوک پیاس کا نام نہیں بھوکے اور پیاسوں کا احساس کرنے کا نام ہے جس سے بالادست طبقہ عاری ہے۔ علامہحسین مقدسی نے کہاکہ حکمران سیاستدان خدارا قوم وملک کے مفادات کو ترجیح دیں۔ انہوں نے ماہ صیام میں،بجلی اور گیس کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ عوام امن و سکون کیساتھ عبادات بجالاسکیں۔ اجلاس میں انہوں نے قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی ؒ کے قائم کردہ خصوصی پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ 3 رمضان کو بروایت شہادت سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا ”یوم خاتون جنت ؑ،7رمضان الکریم ”یوم مادرشیرخدا“بمناسبت وصال مادرشیرخداحضرت فاطمہ بنت اسد ؑ،10 رمضان”کو وفات حسرت آیات ا م المومنین ملیکتہ العرب،محسنہ اسلام حضرت خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کے موقع پر عالمی یوم الحزن“ منایاجائیگاجبکہ12رمضان کو یوم مواخات،13 رمضان کو حضرت مختار ابن ابو عبیدہ ثقفی کی شہادت کی مناسبت سے’’یوم مختار آل محمدؐ“ اور15 رمضانُ المبارک کونواسہ رسولؐ الثقلین شہزادہ صلح امن حضرت امام حسن مجتبیٰ ؑکا یوم ولادت باسعادت ”عالمی یوم امن“کے طور پر منایا جائیگا۔ 17رمضان المبارک کوحق و باطل کے پہلے معرکہ فتح بدرکی مناسبت سے ”یوم بدر“مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منایا جائیگا۔شہادت امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کے سلسلے 19 تا21 رمضان ’عالمی ایام عزاء“ کی مجالس عزاکااانعقاد اور ماتمی جلوس برآمدہونگے۔23ویں رمضان المبارک شب ہائے قدرکے موقع پر جشن نزول قرآن روایتی،مذہبی جذبے کیساتھ منایا جائیگا۔جمعۃ الوداع کوعالمی یوم القدس حمایت مظلومین منایا جائیگا۔ماہ صیام کے بعد 8شوال کو عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع روایتی،مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر ملک بھر میں پرامن ماتمی احتجاجی پروگرام اور جلسوں کا انعقاد ہوگا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملکی حالات کے تناظر میں ماہ صیام کے پروگراموں اور عید الفطر کے اجتماعات کی سیکورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کرے۔ تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے کہاکہ ”تعاونوا علی البر و التقویٰ“کے تحت مختار فورس والینٹرز و ابراہیم سکاؤٹس حکومتی اداروں کیساتھ معاونت کریں گے تاکہ مشترکہ دشمن کی ہر سازش و شرارت کو ناکام بنایا جاسکے۔