بلاول بھٹو کو علیؑ مسجد سے کیا تحفہ ملا جسے دیکھ کر وہ اشکبار ہوگئے
راولپنڈی (ولایت نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پیر 29جنوری کو جب مرکز مکتب تشیع علی ؑ مسجد تشریف لائے تو اس موقع پر ان کی والدہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی علیؑ مسجد آمد کی یاد تازہ ہوگئی ۔
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل علامہ بشارت امامی ، نائب صدرباوا سید فرزند علی شاہ،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سندھ کے عقیل احمد اعوان، شوکت عباس جعفری اور دیگر عمائدین نے بلاول بھٹو کا علی مسجد کے تاریخی مچ پر استقبال کیا جو میلاد النبیؐ اور عزاداری کے جلوسوں کے تحفظ کیلئے ضیاٗئی آمریت کے خلاف تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے تاریخی حسینیؑ محاذ ایجی ٹیشن کی یادگار ہے جس میں چودہ ہزار گرفتاریاں پیش کی گئیں۔
ابراہیم سکاؤٹس کی جانب سے بلاول بھٹو کو گلدستہ پیش کیا گیا۔
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حسین مقدسی اور ٹی این ایف جے پولیٹیکل سیل سے ملاقات کے دوران انہیں جب عمائدین تحریک نے علیؑ مسجد میں مقیم خانوادہ موسوی کی جانب سے عالم ربانی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کی طرف سے تسبیح حضرت زہراؑ اور امام ضامن ؑ کا تحفہ پیش کیا گیا تو ان کی آنکھوں میں اشک تیرنے لگے بلاول بھٹو نے انتہائی عقیدت سے ان پاکیزہ تحائف کو آنکھوں سے لگا لیا۔ اور استدعا کی کہ انہیں دعاؤں میں ضرور یاد رکھا جائے ۔
جب تحریک کے عمائدین نے قائد ملت جعفریہ آقای موسوی ؒ کے اس موقف کو دہرایا کہ پاکستان میں کوئی شیعہ سنی لڑائی نہیں پیٹ اور ایڈ کی لڑائیوں نے پاکستان کو مسائل سے دوچار کیا ۔۔۔۔ فرقہ مسلک زبان کی بنیاد پر ووٹ مانگنا ملک کیلئے زہر قاتل ہے ۔۔۔۔ پاکستان میں مذہبی سیاسی جماعتوں کو ملنے والی امداد دہشت گردی اور فتنہ گری کا سب سے بڑا سبب ہے ۔۔۔۔۔۔ مذہبی جماعتوں کے آمدن خرچ کا بھی آڈٹ ہونا چاہئے اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سب سے پہلے اپنے آپ کو اس آڈٹ کیلئے پیش کرتی ہے تو بلاول بھٹو حیران ہوگئے اور کہا کہ کہ ایسا متاثر کن عالی موقف پاکستان میں کہیں سننے کو نہیں ملا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو ہمیشہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی رہنمائی درکار رہے گی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی نئی سوچ کا منشور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے محبت ، بین المسالک یکجہتی، دین و وطن دوستی کے موقف سے مطابقت رکھتا ہے ۔







بلاول بھٹو زرداری کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری اطلاعات علامہ قمر حیدر زیدی نے دسمبر 1996 میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے دورہ علی مسجد کی تصویر بھی پیش کی جس پر انہوں نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔
