یوم یکجہتی کشمیرپر مختارسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ملک گیر احتجاجی مظاہرے،بھارت کیخلاف زبردست نعرہ بازی

ولایت نیوز شیئر کریں

بڑی طاقتیں کشمیریوں کی آزادی میں رکاوٹ ہیں، درسِ کربلا کی عملی پیروی کرنی ہوگی۔سیدمحمدعباس کاظمی
اپنے حقوق کی بازیابی کیلئے قربانیاں دینا زندہ قوموں کا شیوہ ہے۔ چیئرمین مختارایس اوکا ریلی سے خطاب
نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے علامہ انوارکاظم ایڈووکیٹ، راجہ شبرعباس، عمارحیدرنقوی کا خطاب، کشمیریوں حریت پسندوں سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد( ولایت نیوز)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع تحریک نفاذفقہ جعفریہ کی کال پر5فروری کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں کربلائے کشمیر کے حریت پسندوں سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا گیا۔اس موقع پراحتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ بیرونی ممالک میں اقوام متحدہ کے دفاتر اور بھارتی سفارتخانوں میں احتجاجی یادداشتیں پیش کی گئیں،امن عالم کے ڈھنڈورچی ادارے کشمیریوں پر مظالم سے چشم پوشی کرکے مجرمانہ خیانت کا مظاہرہ کررہے ہیں راہ حسینیت ؑ پر گامزن کشمیریوں کی لہو رنگ تحریک کی پشت پناہی ہردم ہرآن جاری رکھیں گے۔ مظلوم کشمیریوں کی آواز امن و انصاف کے ہر فورم تک پہنچائیں گے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے مختارایس او کا کشمیریوں سے اظہارِیکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت تنظیم کے چیئرمین سید محمدعباس کاظمی، صدر ٹی این ایف جے اسلام آباد ذوالفقار علی راجہ، مرکزی صدر علی نقی، ضلعی صدر اسلام آباد عمارحیدر نقوی، سید حادر نقوی، سید حیدر بخاری، سید شفقت قمر، شاہ زیب نقوی، سید محمد عون کاظمی، راجہ ایقان علی، محمد علی جعفر، نذر کاظمی، راجہ شبرعباس نے کی۔

شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سیدمحمدعباس کاظمی نے مقبوضہ کشمیر میں طویل عرصہ سے جاری بھارتی سامراجی مظالم کی پرزورمذمت کی اور دیرینہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ادائیگی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی تمام بڑی طاقتیں کشمیریوں کی آزادی میں رکاوٹ ہیں جنہیں دور کرنے کا واحد راستہ درس کربلا کی پیروی ہے کیونکہ نواسہ رسول امام حسین ؑنے 72جانثاروں کے ساتھ جس عزم و ثبات کے ساتھ اپنے عہد کے سپر پاور حکمران کو شکست فاش دی وہ ہردور میں مظلومین اور پسے ہوئے طبقات کیلئے روشنی کامینار ہے۔

علامہ انوارکاظم ایڈووکیٹ نے کہاکہ حق خود ارادیت کیلئے بے قرار انسانی حقوق کے ٹھیکیداراوں کو کشمیر کے لاکھوں مظلوموں کی چیخ و پکار کیوں نہیں سنائی دیتی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کی بازیابی کیلئے قربانیاں دینا زندہ قوموں کا شیوہ ہے۔ریلی سے عمارحیدر اور راجہ شبرعباس نے بھی خطاب کیا۔پشاور، کراچی، لاہور کوئٹہ، مظفرآباد، باغ اور گلگت سمیت ملک تمام شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے جس میں مظاہرین نے ایک قرارداد متفقہ طور پرمنظورکی جس میں عالمی تنظیموں پر زوردیا گیا کہ وہ اپنی روایتی بے حسی ترک کرکے مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمدکو یقینی بنائیں۔اس موقع پر ایک قراردادکے ذریعے کشمیری حریت پسندوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس یقین کا اعادہ کیا گیا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور پاکستان کی شہ رگ کشمیر کی مقبوضہ وادی سے بھارتی جبرواستبداد کا خاتمہ ہوگا۔ملک گیر مظاہروں میں بھارت کیخلاف زبردست نعرہ بازی کی گئی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.