امریکہ ایران پر حملے کے بہانے تلاش کررہا ہے صیہونی مفادات کے نگران کے خلاف عرب و عجم متحد ہو جائیں ،آغا حامد موسوی
بھارت پابندیوں کے باوجود ایران کے ساتھ تعلقات باقی رکھ سکتا ہے تو ہمارے حکمران بھی جرات کا مظاہرہ کریں، گیس منصوبہ مکمل کریں
ازلی دشمن بھارت پاک چین تعلقات میں رخنہ ڈالنے کیلئے پوری قوت اور تما م ہتھکنڈے استعمال کررہاہے ارباب حکومت ہو شیا ررہیں
عالم اسلام تو حید کے قلعے میں یکجا ہو جائے، بلوچستان کے عہدیداران سے خطاب؛ شہادت امام علی الرضا کی مناسبت سے ’ ایام عزا ‘منانے کا اعلان
اسلام آباد(ولایت نیوز )سپریم شیعہ علما بورڈ کے سرپرست اعلیٰ اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ اسرائیل کو مشرق وسطی کا تھانیدار بنانے کیلئے امریکہ ایران پر حملے کے بہانے تلاش کررہا ہے ، صیہونی مفادات کا نگران امریکہ کسی مسلم ملک کا دوست نہیں ہو سکتا امریکی دوستی کے دعویدار مسلم ممالک غلط فہمی کا شکار ہیں،عرب و عجم ممالک استعماری سازشوں کے خلاف متحد ہو جائیں ،جب بھارت تمام تر پابندیوں کے باوجود ایران کے ساتھ تعلقات باقی رکھ سکتا ہے تو ہمارے حکمران بھی جرات کا مظاہرہ کریں،پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کریں اور سستا تیل حاصل کرکے اپنی معیشت کو مضبوط کریں ،ازلی دشمن بھارت پاک چین تعلقات میں رخنہ ڈالنے کیلئے پوری قوت اور تما م ہتھکنڈے استعمال کررہاہے ارباب حکومت ہو شیا ررہیں ،21تا 23ذیقعد امام علی ابن موسی الرضا کی شہادت کی مناسبت سے ایام عزا منائیں گے ،امام علی رضا ؑ کے فرمان کی روشنی میں پورا عالم اسلام کلمہ تو حید کے قلعے میں یکجا ہو جائے تو کوئی طاقت اور ٹیکنالوجی مسلمانوں کا بال بیاک نہیں کر سکتی۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے سردار طارق احمد جعفری کی سرکردگی میں ٹی این ایف جے بلوچستان کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ نئی حکومت کو درپیش پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی ہے جو ایٹمی قوت کے حامل اسلامی ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کررہی ہے ،دوسرا مسئلہ دگرگوں اقتصادی و معاشی حالات ہیں بین الاقوامی قرضہ 95ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے پاکستانی کرنسی بے حیثیت ہوچکی ہے ۔تیسرا مسئلہ مہنگائی ہے جو آسمانی کو چھو رہی ہے اور غریب کیلئے دال روٹی کا حصول مشکل ہوچکا ہے ۔چوتھا مسئلہ بے روزگاری ہے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔پانچواں مسئلہ ازلی دشمن بھارت کی کاروائیاں ہیں جو پاکستان کا وجود مٹانا چاہتا ہے ۔چھٹا مسئلہ پاکستان کی ناکام خارجہ پالیسی ہے جس کے نتیجے میں قرب و جوا ر کے مسلم ممالک سے بھی تعلقات سردمہری کا شکار ہوچکے ہیں۔2013ء میں ایران کے ساتھ کیا گیا گیس پائپ لائن معاہدہ امریکی دباؤ کے باعث مکمل نہیں کیا جارہا ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ حدیث کی رو سے جو اس حالت میں صبح و شام کرے اور مسلمانوں کے امور کا اہتمام نہ کرے اسے مسلمان نہیں کہا جاسکتا افغانستان،عراق ،لیبیا کے بعد آج عالمی شیطان امریکہ کا سب سے بڑا ٹارگٹ ایران ہے جسے وہ آئے روز دھمکیاں د ے رہاہے تمام مسلم ممالک یاد رکھیں اگر انہوں نے برادرممالک کے ساتھ ہونیوالے ظلم و زیادتی پر آواز نہ اٹھائی تو کل کوئی مسلم ملک محفوظ نہیں رہے گا۔دہشت گردی کے سانحات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسے ایسے حکمرانوں کا تسلط رہا ہے جنہوں نے قوم و ملک کے بجائے ذات ،جماعت کو ترجیح دی اور جمہوریت کے نام پر آمریت کا تسلط قائم کیے رکھا،چار عشرے پہلے ڈکٹیٹر نے بلا سوچے سمجھے افغانستان میں مداخلت کی جسکی سزا قوم آج بھی بھگت رہی ہے۔75ہزار سے زائد جانوں کے نذرانے ،اربوں کھربوں کے نقصانات اور ضرب عضب اور رد الفساد جیسے بیسیوں آپریشنز کے باوجود انتخابات کو سبوتاژ کرنے کیلئے پشاور ،بنوں ،مستونگ،کوئٹہ میں دہشتگردی کا گھناؤنا کھیل کھیلا گیا جس پر پوری قوم سوگوار ہے ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے واضح کیا کہ اگر ایکشن پلان پر عمل کیا جاتا تو یہ سانحات رونما نہ ہوتے اگر ارباب حل و عقد واقعا دہشتگردی کا قلع قمع چاہتے ہیں تو دہشتگردوں کے سرپرستوں پر بھی ہاتھ ڈالنا ہوگااور ایکشن پلان کی ہر شق پر عمل کرناہوگا۔