نوائے مختار گولڈ میڈل کشمیری طالبعلم سبقت لے گئے ؛ اہلِ اسلام وقار کی بحالی کیلئے سیرتِ عکسِ مصطفیٰؐ کی پیروی کریں، مختار سٹوڈنٹس کی ملیکۃ المشیت کانفرنس کا اعلامیہ
مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام آل پاکستان نوائے مختار گولڈ میڈل تقریری مقابلہ کا انعقاد۔
اہلِ اسلام عظمتِ رفتہ اور ملی وقار کی بحالی کیلئے سیرتِ عکسِ مصطفیٰ کی پیروی کریں۔ علامہ آغا سید حسین مقدسی
فلسطین و غزہ کے بعد ملک شام میں شورش زدگی شیاطن ثلاثہ اور آستین کے سانپوں کا کیا دھرا ہے، عالم اسلام کو متحدہ ہوناہوگا
شام سمیت دیگر ممالک میں مقامات مقدسہ کی حفاظت کیلئے یونیسکو، اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے اپنا چارٹر نافذ کریں
حکومت پنجاب یادرکھے کہ عزاداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،معرفتِ تسبیحِ فاطمہ کا ادراک مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے الٰہی حصار ہے
طلباء میں ذوقِ خطابت کو فروغ قابلِ تحسین ہے، تقریری مقابلہ ذوقِ سلیم کی آبیاری کے لیے سنگِ میل ہوگا۔ علامہ بشارت حسین امامی
تعلیمی نصاب کو سیرتِ فاطمیہؑ سے مزین کر کے دخترانِ اسلام کو مغربیت وابلیسیت کی مکروہ سازشوں اور بے راہ روی سے بچایا جا سکتا ہے
کانفرنس کی پہلی نشست کی صدارت علامہ بشارت حسین امامی جبکہ سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے دوسری نشست کی صدارت کی۔
ریسرچ اسکالر چیئرمین ایم ایس او سید عباس کاظمی نے صدر نشین نوائے مختار تقریری مقابلہ اور سید علی نقی نقوی،سید حادر نقوی، سید حیدر بخاری سیکرٹری و نقیبِ مقابلہ تھے۔
طلباء نے دیے گئے تین موضوعات میں منتخب موضوع پر مباحثہ میں حصہ لیتے ہوئے بارگاہِ فاطمیہؑ میں عقیدت ومودت کی عطر پاشی کی
حسنِ کلام مہذب معاشروں کی زینت جبکہ اظہار رائے پر پابندی یزیدیت وڈکٹیٹر شپ کا ہتھکنڈہ رہی ہے، مرکزی نائب صدر ایم ایس او جروان محمد کاظمی
نوجوان نسل روشن فکری سے عصبیتوں کی بیخ کنی اور ملک کوامن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ آرگنائزر ملیکۃ المشیت کانفرنس عمار یاسر علوی کاخطاب
راولپنڈی (ولایت نیوز ) ہیڈکوارٹر مکتب تشیع تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے اعلان کے مطابق عالمی ایامِ حرمتِ نسواں بسلسلہ ولادت پُر نور خاتونِ جنت، بنتِ مصطفیٰ حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ملیکۃ المشیت کانفرنس اور آل پاکستان نوائے مختار گولڈ میڈل تقریری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کی پہلی نشست کی صدارت علامہ بشارت حسین امامی جبکہ سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے دوسری نشست کی صدارت کی۔ ریسرچ اسکالر چیرمین ایم ایس او نے صدر نشین نوائے مختار تقریری مقابلہ اور سید علی نقی نقوی، سید علی حادر نقوی، سید حیدر بخاری سیکرٹری و نقیبِ مقابلہ تھے۔ تقریری مقابلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر کی مختلف یونیورسٹیوں کے چوبیس طلباء نے حصہ لیا۔ طلباء نے دیے گئے تین موضوعات میں منتخب موضوع پر مباحثہ میں حصہ لیتے ہوئے بارگاہِ فاطمیہ میں عقیدت ومودت کی عطر پاشی کی۔۔ سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی نے صدارتی خطاب میں اہلِ اسلام پر زور دیا کہ عظمتِ رفتہ اور ملی وقار کی بحالی کے لیے سیرتِ عکسِ مصطفیٰ کی پیروی کریں۔ انہوں نے کہا کہ معرفتِ تسبیحِ فاطمہ کا ادراک مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے الٰہی حصار ہے۔

علامہ مقدسی نے کہا کہ فلسطین و غزہ کے بعد ملک شام میں شورش زدگی امریکا اسرائیل اور آستین کے سانپوں کا کیا دھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام سمیت دیگر ممالک میں مقامات مقدسہ کی حفاظت کے لیے یونیسکو اقوام متحدہ اپنا چارٹر نافذ کریں۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ حکومت پنجاب نوے دن کے نوٹس سے خائف ہے ہم نے ببانگ دہل اعلان کیا ہے کہ عزاداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔مختار ایس او کے مرکزی نائب صدر سید جروان محمد کاظمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حسنِ کلام مہذب معاشروں کی زینت جبکہ اظہار رائے پر پابندی یزیدیت وڈکٹیٹر شپ کا ہتھکنڈہ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ میثم مزاج اہلِ حق دنیا کو حریتِ فکر حمیتِ بیان سے آشکار کرتے ہیں۔
علامہ بشارت حسین امامی نے اپنے خطاب میں مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کو طلباء میں ذوقِ خطابت کو فروغ دینے کے جذبہ کو سراہا اور اسے ذوقِ سلیم کی آبیاری کے لیے سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا سیرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا طبقہ نسواں کے لیے نورانی کہکشاں ہے جس کے ذرے ذرے سے عصمت وعفت اور ہدایت واطاعت کی روشنی پھوٹ رہی ہے۔ علامہ امامی نے کہا کہ پاک وطن کے تعلیمی نصاب کو سیرتِ فاطمیہ سے مزین کر کے دخترانِ اسلام کو مغربیت وابلیسیت کی مکروہ سازشوں اور بے راہ روی سے بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے چیرمین ایم ایس او سید عباس کاظمی کو آل پاکستان تقریری مقابلے کا کامیاب انعقاد کرنے پر داد تحسین دی۔

تقریری مقابلے کے منصفین کے فرائض معروف مقرر ڈیبیٹر علامہ سید قمر حیدر زیدی، براڈکاسٹر سید طیب رضا اور نامور مقرر سید صبغت اللہ نے سرانجام دیے۔ نتائج کے مطابق رائل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کوٹلی آزاد کشمیر کے طالب علم مبارک علی نے نوائے مختار آل پاکستان گولڈ میڈل تقریری مقابلہ اپنے نام کیا۔ مبارک علی کو گولڈ میڈل، اعزازی شیلڈ اور بارہ ہزار روپے کیش پرائز سے نوازا گیا۔دوسرا انعام آزاد جموں کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے روشان آصف جبکہ تیسرا انعام ہمدرد یونیورسٹی کے محمد توقیر نے حاصل کیا۔
مقابلے کے اختتام پر کو آرگنائزر ملیکۃ المشیت کانفرنس عمار یاسر علوی نے سپاس تشکر پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت مند غیر تعلیمی سرگرمیوں کی سرپرستی جاری رکھیں گے تاکہ نوجوان نسل روشن فکری سے عصبیتوں کی بیخ کنی کر کے ملک و ملت کوامن کا گہوارہ بنا سکیں۔ اختتام پر صدر نشین مقابلہ و کانفرنس علامہ آغا حسین مقدسی، علامہ بشارت حسین امامی،اور باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی، چوہدری مشتاق حسین، علامہ کاظم رضا کاظمی، علامہ شبیہ الحسن کاظمی، علامہ حافظ کرار حسین، علامہ تحسین نقوی نے کامیاب مقررین میں انعامات، شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر ملک وقوم اور عالم اسلام کی سربلندی کے لیے دعائیں کی گئیں۔