استعماری و صیہونی قوتوں نے دنیاکو جہنم بنا دیا ہر مظلوم ظہورِ مہدیؑ کا منتظر؛ مسلم حکمران بڑی طاقتوں کے خوف کا طوق اتارپھینکیں، یوم عدل پر قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی کا خطاب

ولایت نیوز شیئر کریں

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پر ملک گیر ’یوم عدل‘؛ ظہور مہدی ؑمیں تعجیل اور ظلم کے خاتمہ کیلئے دعائیں،طوفان باد و باراں کے باوجودراول جھیل پر ہزاروں افراد کا اجتماع
استعماری و صیہونی قوتوں نے دنیاکو جہنم بنا دیا،ہر مظلوم اسلام کے عالمگیر عادلانہ نظام کیلئے ظہور مہدی ؑ کا منتظر ہے، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
حکومت اپوزیشن’کرسی بچاؤ اور گراؤ‘ کے کھیل میں حدود سے اتنا تجاوز نہ کریں کہ سارا کھیل ختم ہو جائے،اہل سیاست ملک و قوم کے مفادات کو ترجیح دیں
مسلم ممالک میں انسانی حقوق کی ناگفتہ بہ صورتحال اوربھارت و اسرائیل کی جانب بڑھتی ہوئی رغبت تشویشناک ہے، معاشی مفادات کیلئے ظلم پر خاموشی افسوسناک
مسلم حکمران بڑی طاقتوں کے خوف کا طوق اتارپھینکیں، ایک دوسرے کو گرانے کیلئے اغیار کا دامن نہ تھامیں، او آئی سی کا پلیٹ فارم مضبوط کریں، محفل عدل سے خطاب
نیمہ شعبان کو تمام شیعہ مساجد امام بارگاہوں میں شب بیداری، سورہ ہائے قرآنی پر مشتمل خصوصی اعمال و عبادات و زیارت امام حسین ؑ کی ادائیگی،محافل میلاد کا انعقاد
دریاؤں جھیلوں سمندر میں عریضہ ہائے حاجت کی سپردگی، انسانیت کے مصائب و آلام کے خاتمہ کیلئے دعائیں،کشمیر و فلسطین برما یمن قطیف سمیت مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد( ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پر 15شعبان المعظم کو ملک بھر میں امام مہدی آخر الزمان علیہ السلام کے ظہور کی مناسبت سے ’یوم عدل‘ منایاگیا۔

اس موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں محافل میلاد کا انعقاد کیا گیاشب برات نیمہ شعبان کو تمام شیعہ مساجد امام بارگاہوں میں شب بیداری کی گئی سورہ ہائے قرآنی پر مشتمل خصوصی اعمال و عبادات بجا لائی گئیں زیارت امام حسینؑ ادا کی گئی اور بوقت سحر دریاؤں جھیلوں سمندر میں عریضہ ہائے حاجت سپرد آب کئے گئے، خصوصی محافل میلادسے خطاب کرتے ہوئے علماء و ذاکرین نے فلسفہ ظہور مہدی پر روشنی ڈالی اس موقع پر حضرت امام مہدی کے ظہور میں تعجیل اور عالم اسلام پاکستان سمیت پوری انسانیت کے مصائب و آلام کے خاتمہ کیلئے دعائیں کی گئیں اور کشمیر و فلسطین برما یمن قطیف سمیت مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔

یوم عدل نیمہ شعبان کا مرکزی اجتماع تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی عدل کمیٹی اور مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام راول جھیل کے کنارے اسلام آباد میں منعقد ہواجس میں ہزاروں افراد نے طوفان بادوباراں کے باوجود شرکت کی، علماء و ذاکرین و شعراء نے فرزند رسولؐ و بتول ؑ امام مہدی علیہ السلام سے عقیدت و محبت کا اظہا ر کیا۔

ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں محفل یوم عدل سے خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ استعماری و صیہونی قوتوں نے دنیاکو جہنم بنا دیا ہے ہر مظلوم اسلام کے عالمگیر عادلانہ نظام کیلئے ظہور مہدی ؑ کا منتظر ہے، مظلوموں کی فریادیں عرش کو ہلارہی ہیں ہر مظلوم ظہور مہدی کی صورت عدل کی سرفرازی اور ظلم کی تاراجی کا منظر دیکھنے کیلئے فریادی ہے،حکومت اپوزیشن کرسی بچاؤ اور کرسی گراؤ کے کھیل میں حدود سے اتنا تجاوز نہ کریں کہ سارا کھیل ختم ہو جائے، ازلی دشمن بھارت آزمائشی میزائیل گرا کر قومی سلامتی سے چھیڑ خانی کر رہا ہے اور اندرونی ایجنٹوں کو دوبارہ متحرک کر چکا ہے،اہل سیاست ذات جماعت کے مفاد کے بجائے ملک و قوم کے مفادات کو ترجیح دیں۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ طاقتوروں کا ظلم حد سے بڑھتا چلا جا رہا ہے ایک طرف شیطنت کے پیروکار دنیا کے ہر ملک کے وسائل کو لوٹنے کیلئے عدل و نصاف کو پامال کررہے ہیں تو دوسری جانب اکثر مسلم ممالک میں بھی انسانی حقوق کی صورتحال ناگفتہ بہ ہو چکی ہے، مسلم حکمرانوں میں نفسا نفسی کا رجحان اور بھارت و اسرائیل کی جانب بڑحتی ہوئی رغبت تشویشناک ہے معاشی مفادات کیلئے کشمیر و فلسطین کے مظالم پر خاموشی ظالموں کی ہاتھ مضبوط کے مترادف ہے، حق کی سرفرازی اور ظلم کی نابودی کا وعدہ خداوندی پورا ہو کر رہنا ہے مسلم حکمران بڑی طاقتوں کے خوف کا طوق اتارپھینکیں، ایک دوسرے کو گرانے کیلئے اغیار کا دامن نہ تھامیں باہمی تنازعات کے حل کیلئے او آئی سی کا پلیٹ فارم استعمال کریں اور اسے مضبوط بنائیں۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ہر مذہب نے امام مہدی کے ظہور کی پیش گوئی کی ہے شیعہ سنی احادیث و روایات کا اتفاق ہے کہ امام مہدی علیہ السلام تشریف لا کر ظلم و جبر سے بھری دنیا کو عدل و انصاف سے بھردیں گے، یہ خداوند عالم کا وعدہ ہے کہ وہ حضرت امام مہدی علیہ السلام کے ذریعہ امت کو وسعت دے گا، بندوں کے دلوں کو عبادت سے بھر دے گا، جھوٹ فنا ہو جائے گا سچائی کا بول بالا ہو گا، فتنہ و فساد ختم ہو گا اور اشرف المخلوقات انسانوں کی گردن سے غلامی و ذلت کی طوق کو نکال کر پھینک دیا جائے گا۔

درایں اثنا ٹی این ایف جے کی ایام عدل کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق تمام شہروں میں یوم عدل کے بڑے جلسے کا انعقاد کیا گیا اور نیمہ شعبان کو روح پرور دعائیہ اجتماعات منعقد ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.