نیمہ شعبان :طوفان بادوباراں کے باوجود راول جھیل پر ہزاروں افراد کا اجتماع، اعمال کی ادائیگی، محفل مقاصدہ، میلاد سے علماء و ذاکرین کا خطاب، حقوق تشیع کیلئے قراردادوں کی منظوری

ولایت نیوز شیئر کریں

اسلام آباد/راولپنڈی(ولایت نیوز )قائدملت ِجعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق حضرت حجت ابن الحسن العسکری علیہ السلام کا جشن وردو مسعود ہفتہ کو ”عالمگیر یوم عدل“ کے طورپرمنایا جارہا ہے۔

شب نیمہ شعبان کو تحریک نفاذفقہ جعفریہ ضلع اسلام آباد کی ایام عدل کمیٹی، مختارسٹوڈنٹس آرگنائزیشن،ایم او، کے زیر اہتمام راول ڈیم کے سبزہ زار میں مرکزی اجتماع منعقد ہوا جو صبح تک جاری رہاجس کی صدارت تنظیم کے چیئر مین سیدمحمد عباس کاظمی نے کی۔

اعمال نیمہ شعبان علامہ زاہد عباس کاظمی کی اقتدا میں ادا کئے گئے۔

علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے جشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے مصائب و آلام سے نجات کا واحد راستہ محمد و آل محمدؐ کے پاکیزہ اصولوں کی عملی پیروی ہے۔انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ مشکلاتِ زمانہ سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے امام زمانہ ؑ کا دامن تھامنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ یہ وقت دہشت گردی کیخلاف عساکرپاکستان کی پشت مضبوط کرنے کاہے کیونکہ آپریشن ردالفساد دہشت گردوں کی موت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا ایک عظیم مسیحا کی منتظر ہے جو ظلم و جور سے بھری دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دے گا۔انہوں نے کہا کہ مہدی موعود ظہور فرما کر پوری دنیا پر پرچم عدل و انصاف لہرائیں گے۔

جشن سے عادل فیاض رائے، سیدوسیم بخاری،، ذاکرواصف مشہدی،سید فرحت عباس کاظمی،سید فواد نقوی اوردیگر ثناء خوانوں نے بارگاہِ امام العصر ؑ میں منقبت و قصیدہ خوانی کی۔عالمگیر ایام عدل کے مرکزی جلسے میں ٹی این ایف جے فیڈرل کپیٹل کی یوم عدل کمیٹی کی جانب سے اعلامیہ جاری کیے گئے اعلامیے میں حکومت پر زوردیا گیا کہ وہ شیعہ مطالبات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائے بصورت دیگر قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی قوم و ملک کے وسیع پر مفاد میں جو بھی لائحہ عمل دیں گے اس پر لبیک کہتے ہوئے کسی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائیگا۔

اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ سنی شیعہ کی مشترکہ قربانیوں اور متحدہ عملی جدوجہد سے معرض وجود میں آنیوالے وطن عزیز پاکستان کو مخصوص مکتب کی اسٹیٹ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی جائیگی۔اعلامیہ میں کالعدم گروپوں کی نئے ناموں سے سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نیشنل ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنے کے مترادف قراردیا گیا۔

اس موقع پرمحفل مقاصدہ منعقد ہوئی جس میں جڑواں شہروں کے معروف شعراء محسن جعفری، نعیم عباس نعیم، شامیرزیدی، احسن مجتبیٰ، سعیدصادق، محب علی رضوی، نثارعباس سائل نے بارگاہ امام زمانہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔شدیدطوفان اوربارش کے باوجودہزاروں حاجتمندوں کے قافلوں نے مرکزی جلسے میں شرکت کرکے اپنی عقیدت کااظہارکیا۔ مرکزی جشن میں شریک حاجتمندوں نے آغا سید محمد مرتضیٰ موسوی ایڈووکیٹ اور آغا سید علی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ،ذوالفقار علی راجہ،مرکزی صدر مختار ایس ایس سید علی نقی نقوی،نائب صدر سید جروان محمد کاظمی،سیکرٹری جنرل حادر نصرت نقوی اوردیگر رہنماؤں کی سرکردگی میں راول ڈیم میں اپنی حاجات کے عریضے سپرد آب کیے۔

آغاسیدمحمدمرتضیٰ موسوی ایڈووکیٹ، آغاسیدعلی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ، چوہدری مشتاق حسین، شوکت جعفری، علی اجودنقوی،علی ابو ذر چوہان،جون علی مشہدی،سید مصیب عباس شاہ،اسد ہمدانی اور دیگر عمائدین نے جشن امام زمان ؑ کا کیک کاٹا۔نظامت کے فرائض ملک اجلال حیدر الحیدری اور قاضی وفا عباس نے سرانجام دیئے۔ مختارسٹوڈنٹس آرگنائزیشن،ابراہیم اسکاؤٹس (اوپن گروپ)مختار آرگنائزیشن کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگایاگیاتھا، ضلعی انتظامیہ کے افسران اورپولیس بھی جلسہ گاہ کے اطراف میں موجودتھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.