پارا چنار کو امن دو!!! تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پریومِ شہدائے حسینی محاذ منایا گیا، مظلومین سے اظہارِ یکجہتی

ولایت نیوز شیئر کریں

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پر جمعہ کو ملک گیر یومِ شہداء منایا گیا، پارا چنار کے مظلومین سے اظہارِ یکجہتی
کرم ایجنسی میں ظلم کی چکی میں پِسنے والے شہریوں کی دادرسی کی جائے، امن کو یقینی بنانے کے لیے کالعدم گروپوں کو شکنجے میں جکڑا جائے۔ علامہ بشارت حسین امامی
ملک بھر میں یومِ شہداء کے موقع پر احتجاجی ریلیاں، راولپنڈی میں مری روڑ پر علماء کی قیادت میں عزاداروں کا احتجاجی مارچ
پاراچنار کو گولان کی پہاڑی نہیں بننے دیا جائیگا، سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے کا ریلی سے خطاب

اسلام آباد ( ولایت نیوز) سربراہ تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی کے اعلان کے مطابق آمریت کے دور میں عزاداری اور دیگر شیعہ مطالبات کے لیے حسینیؑ محاذ پر جامِ شہادت نوش کرنے والے شہیدِ میدان صفدر علی نقوی اور شہیدِ زندان اشرف علی رضوی کی برسی کے موقع پر جملہ شہدائے دین و وطن کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور پارا چنار (کرم ایجنسی) کے مظلوموں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پورے ملک میں یومِ شہدا و مظلومین قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

اس موقع پر نمازِ جمعہ کے بعد جامع مساجد میں احتجاجی جلسے ہوئے جن سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے پارا چنار کی مخدوش اور سنگین ترین صورتحال کی مذمّت کرتے ہوئے بیگناہ شہریوں کی بڑی تعداد میں شہادتوں اور شدید سرد موسم میں روزمرہ غذائی ضروریات اور ادویات کی عدم فراہمی کے باعث جانوں سے ہاتھ دھونے کے مسلسل واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس صورتحال کو صوبائی اور وفاقی حکومت کی ناکامی قرار دیا۔

راولپنڈی میں ٹی این ایف جے ریجنل کونسل کے زیرِ اہتمام لیاقت باغ چوک مری روڈ سے کمیٹی چوک تک عظمتِ شہدا احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ پاکستان کے مرکزی نائب صدر باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی، سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی، ریجنل صدر علامہ شبیہہ الحسنین کاظمی، جنرل سیکرٹری شوکت عباس جعفری، علمائے کرام ، مذہبی، سیاسی، سماجی شخصیات اور ماتمی سالار کر رہے تھے۔

ہزاروں مظاہرین مری روڈ پر مارچ کرتے ہوئے براستہ کمیٹی چوک دربار سخی شاہ دی ٹاہلیاں پہنچے جہاں سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ نے ضیاء آمریت کے دور میں عزاداری کے خلاف ناروا پابندیوں کو مسترد کر کے آٹھ ماہ پر مشتمل پُرامن ایجی ٹیشن کے ذریعے قوم کو موسوی جونیجو معاہدہ لے کر دیا تھا جو آج بھی عزاداری اور میلاد النبیؐ کے جلوسوں کی برآمدگی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومتِ پنجاب نے ایک مرتبہ پھر عزاداری کے خلاف غیر آئینی اور غیر منصفانہ ایس او پیز نافذ کر کے عزاداری کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں جو سراسر ظلم اور حق تلفی ہے جسے ٹی این ایف جے نے مسترد کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو 90 دن کا نوٹس دے رکھا ہے۔ انہوں نے ہزاروں شرکائے ریلی سے عہد و پیمان لیا کہ اگر 90 دن کے اندر عزاداری کے خلاف ایس او پیز ختم نہ کی گئیں تو سربراہ ٹی این ایف جے جو بھی لائحہ عمل دینگے اس پر عزادارانِ امامِؑ عالی مقام بھرپور لبیک کہنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ بشارت امامی نے واضح کیا کہ ہم پاکستان کے درجہ اول کے پُرامن شہری ہیں اور یہ ملک ہم تمام سنی شیعہ بھائیوں نے مل جل کر بنایا تھا اور اس پر ہرگز کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے لیکن اربابِ اقتدار ذین نشین رکھیں کہ عزاداری ہمیں اپنی جان سے زیادہ پیاری ہے جس کے بارے میں ہم ہرگز کوئی پابندی قبول نہیں کر سکتے اور کسی کو سودہ بازی نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے پارا چنار کرم ایجنسی میں عرصہ دراز سے جاری دہشتگردی اور بدامنی کی مخدوش صورتحال کو بیرونی امداد کے بل بوتے پر کام کرنے والے کالعدم گروپوں کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ علاقے میں مستقل قیامِ امن کے لیے ممنوعہ گروپوں کو آہنی شکنجے میں جکڑے، شرپسندوں اور دہشتگردوں کے گرد گھیرہ تنگ کرے، کرم اینجسی کے راستوں کو عوام کے لیے کھولا جائے، اور پورے علاقے کو فوج کے حوالے کیا جائے۔ علامہ امامی نے کہا مکتبِ تشیُع مجموعی طور پر حقوق سے محروم ہے اور شیعیانِ حیدرِ کرارؑ پر عرصۂ حیات تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے تصور کو عملی جامہ علی والوں نے پہنایا اور فرنگی و بنیے کو چاروں شانے چِت کیا۔

علامہ بشارت امامی نے کہا کہ پاراچنار میں ایک سازش کے تحت ملک سے کاٹا جا رہا ہے جو دہشت گردوں کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار کو گولان کی پہاڑی نہیں بننے دیا جائیگا، حکومت کے پی ایمرجنسی ہیلی سروس شروع کر کے ادویات و راشن کرم ایجنسی بھجوائے۔

علامہ امامی نے کہا کہ پاک فوج مظلوموں کی مدد کی روایات کو زندہ کریں اور پاراچنار میں معصوم شہریوں کو تحفظ فراہم کرے۔ بعد ازاں دربار شاہ دی ٹاہلیاں کے عقب میں واقع حسینیؑ محاذ کے شہید سید صفدر علی نقوی کے مزار پر دعائیہ تقریب ہوئی۔

اس موقع پر علامہ بشارت امامی نے شہید کے مزار پر علمائے کرام کے ہمراہ پھولوں کی چادر چڑھائی اور ٹی این ایف جے کے ریجنل صدر علامہ سید شبیہہ الحسنین کاظمی نے اجتماعی دعا کی۔ ٹی این ایف جے کے ہیڈکوارٹر میں موسولہ اطلاعات کے مطابق حسینیؑ محاذ ایجی ٹیشن کے دوسرے شہیدِ زندان سید اشرف علی رضوی کے مزار میلسی میں بھی چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں یومِ شہداء کے موقع پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مجالسِ تراحیم کا انعقاد ہوا جن میں پارا چنار کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.