حضرت معصومہ قم کا یوم ولادت یوم عظمت نسواں عقیدت واحترام کیساتھ منایاگیا

ولایت نیوز شیئر کریں

حضرت معصومہ قم کا یوم ولادت یوم عظمت نسواں عقیدت واحترام کیساتھ منایاگیا،محافل انوار کا انعقاد
 دہشت گردی سے نجات کیلئے خانوادہ عصمت کی پاکیزہ سیرت کی پیروی ضروری ہے۔ علامہ سیدقمرزیدی
 کریمہ اہلبیت ؑکی شرافت و کرامت کے اپنے تو کجا غیر بھی معترف ہیں، قم میں روضہ مرجع خلائق، سالکان ِحق و صداقت کیلئے مشعل راہ ہے
امام بارگاہ زین العابدین میں محفل میلاد سے علمائے کرام،ذاکرین کا خطاب،نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت ؐ میں گلہائے عقیدت پیش کیے

راولپنڈی(ولایت نیوز )قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا قائم کردہ یوم عظمت نسواں مذہبی جذبے اورعقیدت واحترام کیساتھ منایاگیا۔اس موقع پردخترامام موسیٰ کاظم ؑ اورہمشیرہ امام علی رضا ؑ  حضرت فاطمہ معصومہ قم بنت حضرت امام موسیٰ کاظم ؑ کی ولادت پرنور کی مناسبت سے  مذہبی تنظیموں اور دینی اداروں کے زیر اہتمام محافل میلاد کاانعقادکیاگیا۔

امام بارگاہ زین العابدین ؑ سٹیلائٹ ٹاؤن میں مولاناملک اجلال حیدرالحیدری، تفضل عباس ملک کے زیراہتمام مرکزی جشن کریمہ اہلبیتؑ کاانعقادکیاگیا۔جس میں ٹی این ایف جے پاکستان کے مرکزی نائب صدر مخدوم سیدفرزندعلی کاظمی، عماریاسرعلوی،ایم ایچ جعفری، سیدابوذیشان نقوی،ملک شعیب حسن، سید مسیب عباس کاظمی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ   خانوادہ عصمت و طہارت کی پاکیزہ سیرت و کردار کی عملی پیروی کر کے دنیا بھر کو درپیش دہشت گردی کے خطرات اور گوں ناگوں مسائل و مصائب سے نجات دلائی جا سکتی ہے،حضرت معصومہ ؐ قم کا حرم مقدسہ دنیا کے تمام حاجتمندوں اور ہر دیندار و غیر جانبدار اہل فکر و نظر کیلئے مرجع خاص و عام ہے جہاں روزانہ ہزاروں زائرین فرط عقیدت سے اپنی پیشانیوں کو خم کرکے اس در کی جبیں سائی کے عوض اپنا دامن مراد بھر کر واپس جاتے ہیں۔

انہو ں نے کہاکہ معصومہ قم کے مزارِ مبارک پر ہر مذہب و ملت کا انسان سکون و اطمینان کی دولت سمیٹ رہا ہے۔انہوں نے  باورکرایا کہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی جانب سے قائم کردہ  پاکیزہ ہستیوں کی یاد پاکستان کے نظریہ اساسی کے ابلاغ کا تسلسل ہے کیونکہ یہ وطن پاکیزہ ہستیوں کا فیضان ہے جن کے دامن سے وابستہ ہوکر مشکلات سے نجات اور دشمنان دین و وطن کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہا کہ حضرت معصومہ قمؑ کا مزار آج بھی رشد و ہدایت کا مرکزہے جہاں دنیا بھر سے تشنگان علم و حکمت و روحانیت قم کے حوزہ علمیہ سے فیض پاتے ہیں وہاں ہر روز لاکھوں حاجت مند نبی کریم ؐ کی کریمہ بیٹی کے آستانے پر اپنے من کی مرادیں پاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت معصومہ قم کے مزار سمیت انبیاء اہلبیت صحابہ و اولیاٗ کے مزارات اسلام کی امن پسندی کی روشن دلیلیں ہیں جہاں سے بلا رنگ و نسل مذہب ملت ملک مسلک ہر کوئی فیض پاتا ہے۔ ذاکر سیدشبیہ الحسن شاہ شمسی  نے اپنے خطاب میں بارگاہ معصومہ قم میں سپاس عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خانوادہ رسالت ؐ کی اس عظیم خاتون نے مدینہ منورہ اور سرزمین قم المقدسہ پر دین اسلام کی تبلیغ و ترویج فرمائی۔انہوں نے کہا کہ آج بھی معصومہ قم ؑ کے مزار اقدس سے بے پناہ معجزات صادر ہوتے ہیں۔۔جشن سے ذاکر سیدمطیع الحسنین کاظمی، راجہ ایقان عباس، عادل فیاض رائے،ملک قاسم اوردیگر نے نعت و قصیدہ خوانی کی۔

اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے سربراہ تحریک نفاذفقہ جعفریہ علامہ آگاسیدحسین مقدسی کی سربراہی پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مشن ولا و عزا کے فروغ‘دینی حقوق کے حصول اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے ان کے حکم پر ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کے عہد کا اظہار بھی کیا گیا۔ اختتام جشن پر خصوصی کیک کاٹا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.