گوادر میں محنت کشوں کا قتل عام قہر الہی کو دعوت ہے، بلوچ اور پنجابی شیرو شکر ہیں، سیرت ابو طالبؑ کو شعار بنانا ہوگا، علامہ حسین مقدسی
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے گوادر میں محنت کش مزدوروں کے قتل عام کی شدید مذمت
بلوچستان میں بے گناہ محنت کشوں کا خون ناحق دہشت گردوں کیلئے قہر الہی کی نوید ہے، علامہ حسین مقدسی
ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے پاکستان میں کوئی صوبائی لڑائی نہیں بلوچ اور پنجابی شیرو شکر ہیں
بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم چھپانے کیلئے بلوچستان کو میدان جنگ بنارکھا ہے،دہشتگردی کو نابود کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان عمل کرنا ہو گا
یکم ذیقعد یوم عظمت نسواں کے پروگراموں میں دہشت گردی کیخلاف پرامن آواز احتجاج بلند کی جائے، عساکرپاکستان سے اظہاریکجہتی کیاجائے
دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پوری قوم کو پاک فوج و سیکیورٹی اداروں کا ساتھ دینا ہو گا،حضرت معصومہ قم ؑ نے ظلم کے سامنے سر نہ جھکانے کا درس دیا
دفاع دین ووطن کیلئے حضرت ابو طالب ؑ کی جرات بصیرت اور عشق رسالتؐ کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔ سربراہ ٹی این ایف جے کامحفل نگہبان رسالت ؐسے خطاب
راولپنڈی (ولایت نیوز )تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے گوادر میں محنت کش مزدوروں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بے گناہ محنت کشوں کا خون ناحق دہشت گردوں کیلئے قہر الہی کی نوید ہے،بلوچستان سمیت ملک بھرمیں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے، دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پوری قوم کو افواج پاکستان و سیکیورٹی اداروں کا ساتھ دینا ہو گا،پاکستان میں کوئی صوبائی لڑائی نہیں بلوچ اور پنجابی شیرو شکر ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم چھپانے کیلئے بلوچستان کو میدان جنگ بنارکھا ہے، دہشت گردی کو نابود کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عمل کرنا ہو گا، یکم ذیقعد یوم عظمت نسواں کے پروگراموں میں دہشت گردی کے خلاف پرامن آواز احتجاج بلند کی جائے، حضرت معصومہ قم ؑ نے ظلم کے سامنے سر نہ جھکانے کا درس دیا، دفاع دین ووطن کیلئے حضرت ابو طالب ؑ کی جرات بصیرت اور عشق رسالتؐ کو مشعل راہ بنانا ہوگا، پابندیوں کے خوف کے بجائے شعب ابی طالب ؑ کے جذبہ کو شعاربنایا جائے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعرات کو ہیدکوارٹرمکتب تشیع علیؑ مسجدمیں ولادت باسعادت مربی رسول ؐحضرت ابوطالب ؑ کے موقع پرمحفل نگہبان رسالت ؐ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقدسی نے باورکرایاکہ اسلام کے محسنوں کو فراموش کرنے کے سبب امت مسلمہ مسائل کے گرداب میں پھنس چکی ہے جد رسول ؐحضرت عبد المطلب ؑحضرت ابوطالب ؑاہلبیت اطہار و پاکیزہ صحابہ کبار ؓ کی سیرت اپناکر ہی عالم اسلام کی ناؤ کو دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت ابو طالب علیہ السلام رسول اللہ کے وہ عظیم حامی و طرفدار تھے جن کا چیلنج تھا کہ میری زندگی میں کوئی محمد مصطفیؐ کا بال بیکا نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہاکہجب تک نیک نیتی اور خلوص کے ساتھ قوم وملک کے مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان کی ہر ہر شق پر عمل نہیں ہوگادہشت گردی کا خاتمہ محال ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمنانِ اسلام سے نبرد آزما ہونے کیلئے سیرت ِ ابوطالب ؑ پر گامزن ہوکر مشکلات کا مقابلہ اور مصائب وآلام کیلئے تیار رہنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ عالم اسلام گونا گوں مصائب وآلام و مسائل سے اگر وہ نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو سیرتِ ابوطالب ؑ کو اپناتے ہوئے دنیا کو بتائیں کہ جس طرح شعب ابی طالب میں محصور ہونے کے باوجودہمارے رسول ؐ کو راہِ حق سے نہ ہٹایا جاسکا اسی طرح آج بھی طاغوت کا سرغنہ اور یہود و ہنود امت ِ مسلمہ کو راہِ حق سے نہیں ہٹاسکتے