ملیکۃ العرب کانفرنس کا حیرت و استعجاب میں ڈوبا سکوت سسکیوں اور ہچکیوں سے کیسے لبریز ہوا

ولایت نیوز شیئر کریں

آنکھوں دیکھا حال : علا حیدر

زوجہ رسول ؐ مادر بتول ؐ  ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبری سلام اللہ علیھا کے وصال کی مناسبت سے عالمی یوم الحزن  کے موقع پر مختار آرگنائزیشن کے زیر اہتمام 10 رمضان المبارک کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ملیکۃ العرب کا نفرنس کئی پہلو سے ہمیشہ یادگار رہے گی لیکن اس کانفرنس کا سب سے اہم حصہ مختار آرگنائزینشن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ونگ کی جانب سے تیار کردہ خصوصی پریذنٹیشن تھی ۔

پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے زعماٗ ، تمام مسالک کے علما ، بڑے میڈیا ہاؤوسز سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے سامنے جب برادر ذوالقرنین حیدر نے عظمت جناب خدیجہ کے موتی  قرآن و حدیث اور تاریخ  سے چن چن کر پیش کئے تو کانفرنس کے تما م شرکائ کی دلچسپی دیدنی تھی  عظمت خدیجہ کے حقائق سن کر ہر شریک کانفرنس مبہوت نظر آیا۔ اوراسی پریذنٹیشن کے دوسرے مرحلے میںذوالقرنین حیدر  عرب کی ملکہ اسلام کی خاتون اول  حضرت خدیجہ ؑ کے شعب ابی طالب سے لیکر جنت المعلی میں مزار کی مسماری تک مصائب کا  قصہ  درد چھیڑ دیا۔

ذوالقرنین حیدر نے تمام مذاہب کی تعلیمات کے مطابق مزارات اور  قبور کی اہمیت بتائی امام شافعی امام ابو حنیفہ امام احمد بن حنبل کے مزارات کے مناظر دکھائے  ، فاطمہ جناح  کی زنگ آلود گاڑیوں کی بحالی کے مناظر دکھانے کے بعد جب اسلام پر درہم و دینار کے پہاڑ لٹا دینے والی بی بی مادر زہرا ؑ  حضرت خدیجہ  کی مسمار شدہ  قبر کے مناظر دکھائے  حضرت فاطمہ زہرا ؑ کی دنیا میں آمد کے مقام کی بے توقیری دکھائی تو وہی ہال جہاں پن ڈراپ سائلنس تھی وہیں صسکیوں کی آوازیں حیرت و استعجاب میں ڈوبی فضا کا سکوت توڑنے لگیں  ،  درد میں ڈوبے انتہائی موثر و مدلل انداز میں  قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی قائم کردہ جنت البقیع و جنت المعلی بحالی تحریک کا پس منظر اور اہمیت  سننے کے بعد  اکثر شرکائے کانفرنس  کی آنکھوں سے اشکوں کی جھڑی نہ رک سکی ۔

سابق وزیر اعظم سپکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جہاں اس پریذنٹیشن کے بعد جنت البقیع کی بحالی کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی وہیں تمام شرکا پریذنٹیشن کی تعریف میں رطب اللساں نظر آئے ۔

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل علامہ بشارت حسین امامی نے اس مو قع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حسین مقدسی کا یہ عزم دہرایا کہ جنت البقیع کی مسماری کے سو سال مکمل ہونے پر فقید المثال احتجاج کی آواز دنیا کے ہر گوشے میں بلند کی جائے گی ۔

اگر اس موقع پر انجمن تاجران پاکستان کے مرکزی رہنما اور خطہ پوٹھوار کی مرکزی میلاد کمیٹی کے روح روان شیخ ندیم کے تاثرات کا ذذکر نہ کیا جائے تو بات ادھوری رہے گی ۔انہوں نے اپنے تاثرات میں یہ قلم بند کیا کہ  ڈاکومینٹری و پریذنٹیشن انتہائی معلوماتی تھی اور یہ معلومات  تعلیمی اداروں کے  نصاب میں شامل ہونی چاہئیں تاکہ ہمارے بچوں اور آئندہ نسلوں  کو ان حقائق کے بارے معلوم ہو سکے ۔ (ندیم شیخ صاحب کو دیکھ کر مرحوم برادر عدیل سرور بہت یاد آئے جو ہمیشہ ندیم شیخ صاحب کو اپنے ہمراہ لایا کرتے تھے۔ خداوند عدیل سرور سمیت کاروان مختار کے وہ تمام ساتھی جو آج ہم میں نہیں کے درجات بلند فرمائے آمین )

خداوند عالم کانفرنس کے روح رواں صدر ایم او ثمر الحسن نقوی ، برادر جواد اعوان ، علی رضا جعفری ، رجب کاظمی ، قاسم الحسینی سمیت جوانان مختار آرگنائزیشن کی توفیقات میں اضافہ فرمائے جو اپنے قائد  آقای سید حامد علی شاہ موسوی کی تعلیمات کے مطابق آج بھی پوری تندہی سے خانوادہ رسالت کے اجڑے مزارات اور تباہ شدہ نشانیوں کی بحالی کیلئے سرگرم عمل ہیں ۔

احادیث و روایات سے یہ ثابت ہے کہ پیروان محمدؐ و آل محمدؐ کا یہی وہ قبیل ہے جس کیلئے بقیع والی بی بی  ہی نہیں  اور شام و قم کی مخدرات بھی  دعائیں کرتی ہیں ۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.