چانکیائی سیاست کے ذریعے پاک ایران دوستی میں خلیج ڈالی گئی، ایرانی سیلاب زدگان کی امداد لائق تحسین ہے، آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

چانکیائی سیاست کے ذریعے پاک ایران دوستی میں خلیج ڈالی گئی، ایرانی سیلاب زدگان کی امداد لائق تحسین ہے، آغا حامد موسوی

جن شیطانی قوتوں نے ایران کو پابندیوں میں جکڑاکل وہ سعودی عرب پاکستان سمیت کسی دوسرے مسلم ملک کو بھی نہیں چھوڑیں گے

وزیر اعظم آمدہ دورے میں پاک ایران گیس منصوبے کو حتمی شکل دینے کا اعلان کریں، اگر بھارت کیلئے پابندی نہیں تو پاکستان بھی پیچھے نہ ہٹے

بھارت عرب و عجم کے مسلم ممالک کے وسائل چاٹ رہا ہے،مسلم ممالک ایک جسد کی مانند متحد ہو جائیں کسی بھی تکلیف کے تدارک کیلئے مشترکہ تدابیر کریں

کربلا اسلام کے تحفظ کی دائمی تحریک ہے جس کے ہیروزنے تاابد اسلام کو حیات جاودانی بخشی ، محفل نوشہ کربلا حضرت شہزادہ قاسم ابن حسن ؑ سے خطاب

اسلام آباد (ولایت نیوز ) سپریم شیعہ علماء بورڈکے سرپرستِ اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ چانکیائی سیاست کو استعمال کرتے ہوئے پاک ایران دوستی میں خلیج ڈال دی گئی، حکومت کی جانب سے ایرانی سیلاب زدگان کی امداد لائق تحسین ہے تمام مسلم ممالک پاکستان کی تقلید کریں ، مسلم حکمران یاد رکھیں جن شیطانی قوتوں نے ایران کو پابندیوں میں جکڑا یا اسکے عسکری اداروں پر پابندی لگا ئی ہے وہ کل وہ سعودی عرب پاکستان سمیت کسی دوسرے مسلم ملک کو بھی نہیں چھوڑیں گے لہذا مسلم ممالک ہوش کے ناخن لیں،وزیر اعظم عمران آمدہ ایرانی دورے کے دوران پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو حتمی شکل دینے کا اعلان کریں بھارت عرب و عجم کے مسلم ممالک کے وسائل کو چاٹ رہا ہے اگر ہندوستان کو ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کی کھلی چھٹی ہے تو پاکستان اپنے اسلامی رشتے کے باوجود اقتصادی تعلقات سے کیوں گھبرا رہا ہے؟حکمران جرات کا مظاہرہ کریں ،کربلا اسلام کے تحفظ کی دائمی تحریک ہے جس کے ہیروزنے تاابد اسلام کو حیات جاودانی بخش دی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ ولائے محمدؐ و آل محمد ؐ کے اختتامی روزشہید کربلا شہزادہ قاسم ابن الحسن ؑ کے یوم ولادت پرنور کی مناسبت سے ’محفل نوشہ کربلاؑ ‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ بڑھاپے کے وقت اولاد ،غربت میں بیوی اور مشکل وقت میں دوست کا پتہ چلتا ہے ایران وہ ملک ہے جس نے پاکستان کی ہر مشکل میں تعاون کیا ،پاکستان کو سب سے پہلے تسلیم کیا اقوا م متحدہ کا ممبر بنوانے کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کیں ،65کی جنگ کے مشکل مرحلے میں پاکستانی جنگی جہازوں کو مفت تیل فراہم کیا ،اپنے اڈے دیے اور 71کی جنگ میں بھی ہر ممکن امداد کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے 25صوبوں کو شدید سیلاب کا سامنا ہے ایسے وقت میں پاکستان کا مدد کرنا صائب و درست اور انتہائی احسن اقدام ہے اور یہ دشمن کی سازش و شرارت کو ناکام کرنے کا بہترین موقع ہے کیونکہ یہ ہمیشہ سے دشمنوں کا حربہ ہے کہ جب بھی کسی ملک ،ادارے یا فرد کو گرانا ہوتو پہلے اسے دوستوں سے محروم کیا جائے۔پاکستان دشمنوں نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاک ایران دوستی میں دراڑیں ڈالیں استعماری قوتوں نے ہمیشہ یہ چاہا کہ مسلمانوں اور انکی ریاستوں میں خلیج پیدا کی جائے تاکہ مغرب کارخانے چلتے رہیں انکا اسلحہ بکتا رہے ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ فرمان ہے کہ جو ایسی حالت میں صبح و شام کرے اور مسلمین کے امور کا اہتمام نہ کر ے اسے مسلمان کہلانے کا کوئی حق نہیں۔ہر مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے۔حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے خواب کی طرح تمام مسلم ممالک ایک جسد کی مانند متحد ہو جائیں اورکسی بھی ایک عضو کے زخمی ہو جانے پر پورے جسم کو تکلیف میں مبتلا ہوجانا چاہیئے اور اسکے تدارک کی تدابیر کرنی چاہئیں ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ شہدائے کربلا کی جرات دلیری ، وحدت استقامت ،جذبۂ ایمانی اور عشق تو حید ورسالت ؐ ہردور میں مسلمانان عالم کیلئے مینارہ نور ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.