حکمران نیوزی لینڈ سے سبق سیکھیں،دہشتگردوں کی ٹوٹی کمر دوبارہ کس دی گئی ہے،آغاحامد موسوی
متاثرین کوئٹہ کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے پاکستانی حکمران نیوزی لینڈ سے سبق سیکھیں، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
سانحہ ہزار گنجی کوئٹہ بتا رہا ہے کہ دہشت گردوں کی ٹوٹی کمر دوبارہ کس دی گئی ہے جو ملک و قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے
کالی بھیڑیں ضرب عضب کو رائیگاں اور رد الفساد کے ساتھ دھوکہ کررہی ہیں، ایکشن پلان پرایک تہائی بھی عمل نہیں ہوسکا
قتل و غارت کی سنچریوں پر فخرو مباہات کرنے والوں کو کیوں رہا کیا گیا؟
عمران مودی سے خوش فہمی چھوڑ دیں ڈنگنے سے کبھی باز نہیں آئے گا
ہر مظلوم مہدی موعود ؑ کے ظہور کی دعائیں کررہا ہے،9تا 15 شعبان ایام عدل منائیں گے، ٹی این ایف جے عہدیداروں سے خطاب
اسلام آباد( ولایت نیوز)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ متاثرین کوئٹہ کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے پاکستانی حکمرانوں کو نیوزی لینڈ سے سبق سیکھیں،سانحہ ہزار گنجی کوئٹہ بتا رہا ہے کہ دہشت گردوں کی ٹوٹی کمر دوبارہ کس دی گئی ہے جو ملک و قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے ایکشن پلان کی 20شقو ں میں سے ایک تہائی پر بھی عمل نہیں ہوسکا، چند تنظیموں کے خلاف صرف بڑی طاقتوں کے کہنے پر کاروائی ہو رہی ہے اور وہ کالعدم تنظیمیں جنہوں نے اندرون ملک دہشت گردی کا بازار گرم کئے رکھا وہ دندناتی پھر رہی ہیں ،دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ کسی کے ساتھ رو رعایت نہ برتی جائے ، کوئٹہ میں قتل و غارت کی سنچریوں پر فخرو مباہات کرنے والوں کو کیوں رہا کیا گیا؟کچھ کالی بھیڑیں ضرب عضب کی قربانیوں کو رائیگاں اور رد الفساد کے ساتھ دھوکہ کررہی ہیں ،کائنات ظلم و جور سے بھرتی جارہی ہے ہر مظلوم مہدی موعود کے ظہور کی دعائیں کررہا ہے ، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ 9تا15شعبان امام مہدی آخر الزمان کی ولادت پر نور کی مناسبت سے ایام عدل کے طور پر منائے گی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے خیبر پختونخواہ کے سرپرست سردار عباس علی کیانی کی زیر سرکردگی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ بھارت اور اس کے پشت پناہ اسرائیل و امریکہ پوری قوت کے ساتھ پاکستان پر حملہ آور ہیں پاکستان نے تو خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ کو بھی رہا کردیا تعجب ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے انٹر ویو میں کہا کہ مودی جیت گئے تو امن کیلئے بہترین مو قع بن جائے گااسے خوش فہمی ہی کہا جا سکتا ہے حکومت یاد رکھے مودی وہ بچھو ہے جو ڈنگ مارنے سے کبھی باز نہیں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے اپنے پورے دور حکومت میں کوئی ایسا فورم نہیں جہاں اس نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی نہ کی ہو مودی کیا بھارت میں کوئی حکومت آئے اس نے پاکستان کو ڈز پہنچائی بھارت کی تمام جماعتوں کی رگ رگ میں پاکستان دشمنی بھری پڑی ہے مودی نے بابر ی مسجد پر رام مندر بنانے کا اعلان کردیا اوآئی یواین حقوق بشر کے ادارے کہاں ہیں ؟مسلم حکمران یاد رکھیں حقوق بھیک مانگنے سے کبھی نہیں ملیں گے بلکہ مزید غصب ہوتے رہیں گے مسلم حکمرانوں کو جرات کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ایٹمی قوت کا مروڑ ہی بھارت ، اسرائیل اور امریکہ کو ختم نہیں ہوا تھا کہ سی پیک نے ان کی نیندیں مزید حرام کردی ہیں جسے سبوتاژ کرنے کیلئے وہ تمام تر توانائیاں صرف کررہے ہیں حالیہ دہشت گردی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔
انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسلمانوں کی تنظیم اوآئی سی نے آج تک عالم اسلام کیلئے کوئی کارنامہ سر انجام نہیں دیاجس سے مسلمانوں میں اتحاد پیداہوتا،القدس اسرائیلی دارالحکومت بن گیا ، گولان کی پہاڑیوں پر صیہونی قبضہ مستحکم ہو گیالیکن اوآئی سی پر سکوت طاری ہے ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ دنیا ذہن نشین رکھے کہ جب تک کشمیر و فلسطین کے مسائل عوامی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتے جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی میں بدامنی ہی رہے گی اور بڑی طاقتیں اپنے بغل بچوں کو استعمال کرکے دنیا کو بدامنی کی آگ میں جھلساتی رہیں گی ۔