مرنا قبول ہے عزاداری پرسودا بازی نا منظور: عزائےعلیؑ شفا کی ضمانت ہے ، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سندھ

ولایت نیوز شیئر کریں

کراچی (ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ صوبائی کونسل سندھ کے صدر علامہ اصغر علی نقوی نے واضح کیا ہے کہ عزائے علی ابن ابی طالب ؑ شفا کی ضمانت ہے ہم کٹ سکتے ہیں مرسکتے ہیں لیکن عزاداری پر نہ کبھی سودے بازی کی اور نہ کسی کو کرنے دینگے کیونکہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات اور تمام عبادات کی روح ہے عزاداری سے غداری حقِ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا سے غداری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار 11 مئی کو ٹی این ایف جے کے صوبائی رہنماؤں عمار یاسر علوی ، مولانا علی عرفان حیدر عابدی ، علامہ فیروز رضوی ، سید بدر علی ترمذی ، سید عسکری زیدی ، ملک مظہر حسین کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پریس کانفرنس کے مندرجات حسب ذیل ہیں :

معزز ارباب صحافت!
سلامِ مسنون
ہم آپ کے مشکور و ممنون ہیں کہ آپ اپنا قیمتی وقت نکال کر ہماری معروضات سننے کیلئے تشریف فرما ہیں۔ سب سے پہلے ہم دعاگو ہیں کہ اللہ رب العزت بطفیل سرکار ختمی المرتبت حضرت محمد مصطفےٰ عالم انسانیت میں جاری وباءکا خاتمہ فرمائے تاکہ انسانیت کو اس خوف و کرب کے حالات سے نجات مل سکے۔
امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کو یہ شرف حاصل ہواکہ آپ کی آنکھ رسول خدا حضرت محمد کی گود میں کھلی اور حضور اکرم کی آنکھ حضرت علیؑ کی گود میں بند ہوئی۔ آپ کو یہ بھی شرف حاصل ہے کہ آپ کی ولادت باسعادت خانہ کعبہ میں ہوئی اور شہادت مسجد کوفہ میں۔

تمام عالم اسلام 21 رمضان المبارک کو حضرت علی شیرِ خدا کی شہادت اپنے اپنے انداز میں مناتے ہیں۔جب کہ آپ کے علم میں ہے کہ 19 رمضان المبارک نماز صبح کے دوران امیر المومنین حضرت علیؑ ابن ابی طالبؑ پر عبدالرحمان بن ملجم ملعون نے سجدے کی حالت میں ضرب لگائی اسی مناسبت سے شب 19 رمضان سے لیکر21 رمضان تک ایام شہادت امیر کائنات پر پوری دنیا میں جاتے ہیں مساجد اور امام بارگاہوں میں مجالس عزا برپا ہوتی ہیں اور جلوس و علم اور شبیہہ تابوت کی برآمدگی کی جاتی ہے اسی مناسبت سے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی النجفی نے ایام عزا منانے کااعلان کررکھا ہے ۔ہمارا ایمان ہے کہ یہ جلوس اور عزاداری شفا کی ضمانت ہیں ۔

عزاداری دین اسلام کی بقاءکی ضامن ہے جسے ہم سعادت‘ نجات اور تمام عبادات کی قبولیت کی سند سمجھتے ہیں لیکن ایام محرم الحرام ہوں یا ایام شہادت امیر المومنینؑ شرپسند عناصر ان قیام سے قبل متحرک ہوکر شکوک شبہات پھیلنا شروع کردیتے ہیں ۔

معزز صحافی حضرات
کورونا وائرس ایک عالمی وباءہے اور پاکستان میں بھی حالات اب بہتری کی طرف جارہے ہیں حکومت سندھ نے لاک ڈاﺅن میں نرمی کردی اور کاروباری سرگرمیاں بھی شروع ہوچکی ہیں ۔21 رمضان المبارک کا مرکزی جلوس اپنے مخصوص وقت اور روٹ پر برآمد ہوکرمقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر امام بارگاہ اختتام پذیر ہوگا۔

ہم حکومت سندھ سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیشہ کی طرح امسال بھی سخت سے سخت حفاظتی انتظامات کئے جائیں اور ارباب اقتدار کوئی گومگو پالیسی اختیار نہ کرے بلکہ جلوس کی برآمدگی اور عزاداروں کی حفاظت کیلئے عملی اقدامات کا اعلان کرے ۔

ملت تشیع کی نمائندہ جماعت TNFJ ہے جس کے پاس عزاداری و جلوسوں کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان کے ساتھ تحریر ی معاہدہ موجود ہے۔حکومت اسی جونیجو موسوی معاہدے کے تحت تمام جلوسوں کو برآمدگی کو یقینی بنائے۔

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ملت تشیع کی سب سے پرانی ملک گیر تنظیم ہے جس کے ہمیشہ آئین کی پاسداری کرتے ہوئے ہر کٹھن مرحلے میں اپنی قو م کو آبرو مندانہ پالیسی دی ہے۔ ہم Covid-19 کے اس مشکل گھڑی میں بھی وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہم نے اپنے تمام ذیلی شعبہ جات جن میں رضا کار مختار فورس‘ ابراہیم اسکاﺅنٹس ‘ایم او اور ام النبین ڈبلیو ایف شامل ہیں سب کو سختی سے پابند کردیا ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جائے اور اپنی قابلِ فخر پاک فوج‘ رینجرز اور پولیس کے ساتھ ملکر نشتر پارک سے کھارادر امام بارگاہ تک دوران جلوس تمام راستے میں مکمل تعاون کیا جائے۔

قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی النجفی مدظلحہ العالی کا عزاداری کے حوالے سے موقف روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ہم کٹ سکتے ہیں مرسکتے ہیں لیکن عزاداری پر نہ کبھی سودے بازی کی اور نہ کسی کو کرنے دینگے کیونکہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات اور تمام عبادات کی روح ہے عزاداری سے غداری حقِ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا سے غداری ہے۔

ہم دعاگو ہیں رب کائنات بحق اہلبیت اطہارؑ سب کو اس کورونا سے محفوظ رکھے اس آفت میں داعی اجل کو لبیک کہنے والوں کی مغفرت فرمائے اور اس سے لڑنے والوں کو مکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.