حکومت کے سامنے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا دوٹوک موقف: عزاداری پر کوئی قدغن قبول نہیں، شہادت علیؑ کے جلوسوں کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کا مطالبہ
شہادت امیرالمومینن حضرت علی ؑکے ملک گیر ماتمی جلوسوں، مجالس میں خصوصی انتظامات کیے جائیں۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ
ایس او پیزپرمکمل عملدرآمدکویقینی بناکر باہمی اتحادویکجہتی کیساتھ مناکردشمنان دین ووطن کی ہرسازش کوناکام بنایا جائیگا
معاہدہ21مئی85ء کے تحت مذہبی جلوسوں کو قانونی تحفظ حاصل ہے،میلادالنبیؐ،عزاداری کے جلوس سنی شیعہ اتحاد کے عملی مظاہرے ہیں
عزاداری کے بارے میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامدعلی شاہ موسوی کا موقف واضح ہے، حکومت مسلمہ مکاتب کے بنیادی حقوق کی ادائیگی یقینی بنائے
وفاقی وزیر مذہبی امورکی دعوت پر مشاورتی اجلاس میں ٹی این ایف جے کے نمائندہ وفد کی شرکت،19تا21رمضان ایام عزائے حضرت علی ؑ کیلئے سفارشات پیش کیں
اسلام آباد(ولایت نیوز) تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان نے حکومت پرزوردیاہے کہ وہ شہادت امیرالمومینن حضرت علی المرتضیٰ علیہ السلام کی مجالس وماتمی جلوسوں کے دوران ملک بھرمیں خصوصی انتظامات کرے، اس ضمن میں ایس او پیزپرمکمل عملدرآمدکویقینی بناکر تمام مکاتب فکر امیرالمومنین شیر خدا حضرت علی المرتضی ؑ کی شہادت باہمی اتحادویکجہتی کیساتھ مناکردشمنان دین ووطن کی ہرسازش کوناکام بنا دیں گے، مجالس اورجلوسوں میں کروناکی وباسے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
جمعہ کوفاقی وزیرمذہبی امورپیرنورالحق قادری کی دعوت پروزارت داخلہ میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں ٹی این ایف جے کی نمائندگی علامہ بشارت حسین امامی اورعلامہ سیدقمرحیدرزیدی نے کی۔انہوں نے کہا کہ عزاداری کے بارے میں قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کا موقف سب پر واضح ہے جن کی خصوصی ہدایت پرماہ صیام کے تمام پروگرام احتیاطی تدابیرپرعملدرآمدکرتے ہوئے جاری ہیں، شہادت مولائے کائنات کی مجالس اورجلوس21مئی85ء کے معاہدے کے تحت حسب سابق برآمد ہوں گے جن پر کسی قسم کی قدغن قبو ل نہیں کی جائیگی۔
ٹی این ایف جے کے نمائندوں نے باورکرایاکہ قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق19تا21 رمضان ایام عزائے علی ؑ شیرخدااور بعد ازاں شب ہائے قدرجشن نزول قرآن، جمعۃ الوداع کویوم القدس حمایت مظلومین کے پروگراموں میں عالم اسلام کی سربلندی، مصائب وآلام کے خاتمے اور کروناسے نجات کیلئے دعائیں کی جائیں گی۔
ٹی این ایف جے کے نمائندوں نے تمام شرکائے اجلاس کی جانب سے شہادت حضرت علی ؑ کے جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کے بارے میں ہم آہنگی کو خوش آئند اور لائق تحسین قراردیتے ہوئے حکومت پر زوردیا کہ وہ تمام مکاتب فکر کے عقائد و نظریات کا احترام کرتے ہوئے آئینی و بنیادی حقوق کی ادائیگی کو یقینی بنائے تاکہ تمام اہل وطن ملکی ترقی و استحکام،ازلی دشمن بھارت کی سازشوں کو ناکام کرسکیں اور پاکیزہ ہستیوں سے توسل کرکے ماہِ صیام کی عبادات کے ذریعے کرونا کی وبا سمیت ہر قسم کی آفات و بلیات سے نجات حاصل کی جاسکے۔
